مریم نواز کا فصل آباد جلسہ: حکومت اور اپوزیشن کا اظہار یکجہتی کا بےمثال مظاہرہ

تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ اس سے زیادہ قومی یکجہتی کا مظاہرہ ہو نہیں سکتا تھا جو فیصل آباد میں کیا گیا۔

ایک ہی صف میں کھڑے ہو گئے محمود و ایاز ۔۔۔ نہ کوئی بندہ رہا اور نہ کوئی بندہ نواز۔ کچھ ایسا ہی مظاہرہ مسلم لیگ (ن) کے فیصل آباد جلسے میں دیکھنے میں آیا ، جہاں قومی اسمبلی میں حزب اقتدار اور حزب اختلاف کے رہنماؤں کے مشترکہ تصویروں والے بینرز آویزاں کردیئے گئے۔ تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ پاکستان کی ترقی کے لیے اس سے زیادہ اظہار یکجہتی کا مظاہرہ ہو ہی نہیں سکتا تھا۔

فیصل آباد میں جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے پاکستان مسلم لیگ (ن) کی سینئر نائب صدر اور چیف آرگنائزر مریم نواز نے کہا ہے کہ انہوں نے صرف نواز شریف کو نہیں نکالا ، بلکہ ایک بدعنوان شخص ، ایک نالائق  شخص ، ایک نااہل شخص اور گھڑی چور کو لوگوں کے سروں پر مسلط کردیا۔ قوم تمہیں معاف نہیں کرے گی۔

یہ بھی پڑھیے

مریم نواز نے ثاقب نثار کے بعد توپوں کا رخ آصف سعید کھوسہ کی جانب موڑ دیا

لندن میں بیٹھا بھگوڑا شخص مجھے جیل میں دیکھنا چاہتا ہے، عمران خان

مریم نواز کا کہنا تھا کہ یہ لیڈر نہیں گیڈر ہے جس نے اپنی حفاظت کے لیے خواتین رکھی ہوئی ہیں ، جب تک مقدمات چلتے رہیں گے ، اس کی  ٹانگ سے پلستر نہیں اترے گا۔ عدالت کے لیے بیمار اور جلسے کے لیے تیار ہے ، اس سے بڑا منافق میں نے اپنی زندگی میں دیکھا نہیں ہے۔

پی ٹی آئی کے کارکنان کو مخاطب کرتے ہوئے مریم نواز کا کہنا تھا میں تحریک انصاف کے کارکنان سے پوچھتی ہوں ، آپ لوگ اس کی چوریاں چھپانے کے لیے کیوں اس کی حفاظت کے لیے آتے ہو ، اسے کہو اپنی  حفاظت خود کرے۔

عمران خان پر تنقید کے تیر چلاتے ہوئے مریم نواز کا کہنا تھا کہ یہ خود بھی چور ، اس کی جماعت بھی چور ، اس کی گھر والی بھی چور۔ پہلے ترازو کے دونوں پلڑے برابر ہوں گے پھر صبح ہی الیکشن کروا لو مجھے کوئی اعتراض نہیں۔

مریم نواز کا کہنا تھا کہ نواز شریف کو نکالنے اور عمران خان کو لانے والے سابق  چیف جسٹس ثاقب نثار ہے۔ پاناما بینچ والوں نے نواز شریف سے نہیں غریبوں سے انتقام لیا۔ انہوں نے کہا عمران خان ایک ایک کرکے تیرے سارے سہولت کار بے نقاب اور غائب ہو رہے ہیں۔

معاشی بدحالی پر گفتگو کرتے ہوئے مریم نواز نے کہا جو معاہدہ پی ٹی آئی حکومت نے آئی ایم ایف کے ساتھ کیا اس کی وجہ سے معاشی مشکلات میں اضافہ ہوا ہے۔

تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ پاکستان مسلم لیگ (ن) کا فیصل آباد جلسہ حزب اقتدار اور حزب اختلاف کی یکجہتی کا منہ بولتا ثبوت ہے ، جس میں حکومت اور اپوزیشن رہنماؤں کی تصویروں والے مشترکہ بینرز آویزاں ہیں۔

تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ جلسہ گاہ میں ہرسو مریم نواز ، رانا ثناء اللہ اور قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف راجہ ریاض کی تصویروں والے بینرز آویزاں تھے جس سے اندازہ لگانا قطعی مشکل نہیں کہ راجہ ریاض صاحب قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف کا کتنا زبردست کردار ادا کرتے ہوں گے۔ اب اس سے زیادہ قومی یکجہتی کا مظاہرہ ہو نہیں سکتا تھا جو فیصل آباد میں کیا گیا۔

متعلقہ تحاریر