پانچ کردار آج بھی عمران خان کی سہولت کاری کررہے ہیں، میاں جاوید لطیف

وفاقی وزیر جاوید لطیف کا کہنا ہے اگر عمران خان کی سرپرستی نہ چھوڑی تو ملک کو ناقابل تلافی نقصان پہنچ سکتا ہے۔ یہ وہی کردار ہیں جو 2018ء میں اس کے ساتھ رہے۔

وفاقی وزیر میاں جاوید لطیف نے کہا ہے کہ عمران خان کو عدالتوں میں پیش ہوئے بغیر عبوری ضمانتیں منٹوں میں مل جاتی ہیں لیکن نواز شریف کو واپسی کی اجازت تک نہیں مل رہی، بتایا جائے کہ پاکستان کے اندر اور باہر سے کون سے قوتیں عمران خان کو تحفظ دینے کے لئے دباؤ ڈال رہی ہیں، اگر فسادی سے ملک نہ بچایا تو ادارے بھی اس ملک کے مجرم ہوں گے۔

ماڈل ٹاؤن میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے وفاقی وزیر میاں جاوید لطیف کا کہنا تھا کہ عمران خان کی خواہش پر پاکستان میں آٹھ ماہ سے سول نافرمانی جاری ہے ، انہیں اداروں سے ریلیف مل رہا ہے اور دوبارہ 2018ء والی فلم چل رہی ہے۔

یہ بھی پڑھیے

جوڈیشل کمپلیکس میں میرے قتل کی سازش تیار تھی وقت پر مجھے مطلع کردیا گیا، عمران خان

جھوٹوں کی شہزادی مجھے جیل میں دیکھنا چاہتی ہے، عمران خان

ان کا کہنا تھاکہ ظلمے خلیل زاد پاکستان کے ایٹمی پروگرام کو نقصان پہنچا رہا ہے ، ہمارے لیڈر نواز شریف کو تین بار کرسی سے ہٹایا اور زہر دیا گیا ، کتنی بار مسلح جدوجہد کی، عمران خان اقتدار سے علیحدہ ہوا تو اسے صبر نہیں ہو رہا ، پانچ کردار ابھی بھی اسے اکسا رہے ہیں کیونکہ یہ مہرہ پٹ گیا۔

پانچ کردار جن اداروں سے تعلق رکھتے انہیں مخاطب کررہا ہوں حکومت وقت قومی مفاد کے تحت آٹھ ماہ سے پردہ نہیں اٹھا رہی ، سہولت کاروں کے نام نہیں لے تو قوم کا غصہ بڑھ رہا ہے۔

جاوید لطیف کا کہناتھاکہ ملکی مفاد میں سچ پر پردہ آج تک ڈالا گیا ، عمران خان کہتے مقدمات کی سنچری کی کوشش کی جارہی ہے تو آپ سرکاری املاک کو نقصان نہ پہنچاؤ، اگر عمران خان کی سرپرستی نہ چھوڑی تو ملک کو ناقابل تلافی نقصان پہنچ سکتا ہے۔ یہ وہی کردار ہیں جو 2018ء میں اس کے ساتھ رہے۔

میاں جاوید لطیف کا کہنا تھا کہ حکومت عمران خان کو پکڑے یا حکومت وقت بتائے ہاتھ ڈالنے سے کون سی قوتیں روک رہی ہیں، بتایا جائے پاکستان کے اندر سے کون آج تک عمران خان کو تحفظ اور کون غیر ملکی قوتیں تحفظ دینے کےلئے دباؤ ڈالتی ہیں۔

جاوید لطیف نے سابق چیف جسٹس ثاقب نثار کی مبینہ آڈیو پر گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ سابق چیف جسٹس کی آڈیو سن کر پاکستانیوں کو شرم آتی ہے، جب کوئی ایسی گفتگو کرے تو انہیں گرفتار کرنا چاہیے۔

ان کا کہناتھاکہ ن لیگ پر الزام ہے کہ سپریم کورٹ پر حملہ کیا وہاں تو ایک گملہ ٹوٹا تھا اس پر بھی بے شمار لوگوں کو سزا دی گئی ، سپریم کورٹ پر عمران خان نے کئی بار جتھوں کے ساتھ حملہ کیا ، مگر کوئی ایکشن نہیں لیا گیا۔

متعلقہ تحاریر