ظالموں کے خلاف عوام کے صبر کا پیمانہ لبریز ہو رہا ہے، فواد چوہدری

پاکستان تحریک انصاف کے سینئر رہنما کا کہنا ہے کہ عمران خان یا تحریک انصاف پر پابندی لگانے کی کوشش ہوئی تو ایسا رد عمل آئے گا جو آپ سوچ نہیں سکتے۔

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے سینئر رہنما فواد چوہدری نے خبردار کیا ہے کہ اگر حکومت نے ان کی پارٹی پر پابندی عائد کی تو ’ناقابل تصور ردعمل‘ ہو گا۔

سابق وفاقی وزیر اور رہنما تحریک انصاف فواد چوہدری نے یہ بیان ان اطلاعات کے بعد دیا ہے کہ "پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ (PDM) کے حکمران اتحادیوں کے 6 گھنٹے طویل اجلاس میں اسلام آباد جوڈیشل کمپلیکس اور زمان پارک میں پارٹی کارکنوں اور پولیس کے درمیان حالیہ جھڑپوں کے بعد عمران خان کی قیادت والی پی ٹی آئی پر پابندی لگانے کی تجویز پر تبادلہ خیال کیا گیا۔”

یہ بھی پڑھیے

جھوٹوں کی شہزادی مجھے جیل میں دیکھنا چاہتی ہے، عمران خان

وزیر خزانہ اسحاق ڈار کی سپیچ پر سابق شاہ محمود قریشی نے کئی سوالات کھڑے کردیئے

میٹنگ کے بعد میڈیا کو جاری کردہ ایک بیان میں کہا گیا کہ حکمران اتحاد (پی ڈی ایم) نے "کالعدم تنظیموں کے تربیت یافتہ افراد کی جانب سے اداروں پر حملہ کرنے پر شدید تحفظات کا اظہار کیا ہے۔” یہ بیانیہ پی ٹی آئی پر پابندی لگانے کے لیے استعمال کیا جا سکتا ہے۔

منگل کے روز سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر پیغام شیئر کرتے ہوئے فواد چوہدری نے لکھا ہے کہ ” حکمران اتحاد کی میٹنگ کے نتیجے میں ایک مضحکہ خیز پریس ریلیز سامنے آئی ہے، ڈمی پارلیمان کا مشترکہ اجلاس بلا کرعوام کے حقوق کو پامال کرنے کی کوشش جاری ہے، ملک میں آئین کو ختم کر کے ایک ایسا گروپ مسلط کردیا گیا ہے جس کی عوام میں کوئی حیثیت نہیں، عوام سے خوفزدہ گروہ صرف جبر پر قائم ہے۔”

انہوں نے مزید لکھاہے کہ ” دو دنوں سے تحریک انصاف کے پانچ سو سے زائد ارکان حراست میں لئے گئے ہیں یا چھاپے مارے گئے ہیں، ان ظالموں کے خلاف عوام کے صبر کا پیمانہ لبریز ہو رہا ہے، آخری دھکے کیلئے تیاری کر لیں اگر عمران خان یا تحریک انصاف پر پابندی لگانے کی کوشش ہوئی تو ایسا رد عمل آئے گا جو آپ سوچ نہیں سکتے۔”

پی ٹی آئی کے سینئر رہنما نے عوام سے کہا کہ وہ ‘آخری دھکے’ کے لیے تیار ہو جائیں، عمران خان یا پی ٹی آئی پر پابندی لگانے کی کسی بھی کوشش کا نتیجہ ‘ناقابل تصور ردعمل’ ہوگا۔

متعلقہ تحاریر