ایک شخص کی انا کی بھینٹ 2 صوبائی اسمبلیاں چڑھ گئیں، اعظم نذیر تارڑ

وفاقی وزیر قانون کا کہنا ہے الیکشن کمیشن کو اداروں نے تمام  تفصیلات سے آ گاہ کیا، آئین کہتا ہے کہ عام انتخابات ایک ساتھ ہوں گے۔

وفاقی وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ نے کہا ہے کہ 2 صوبوں میں اگر الیکشن کرائے گئے تو یہ مستقل بحران کی شکل اختیار کر لے گا ، آئین کے مطابق عام انتخابات 90 روز میں ایک ساتھ ہونا ضروری ہیں۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے الیکشن کمیشن کی جانب سے پنجاب میں عام انتخابات کا شیڈول معطل کیے جانے کے تناظر میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کیا۔ اعظم نذیر تارڑ کا کہنا تھا کہ ایک شخص کی انا کی بھینٹ 2 صوبائی اسمبلیاں چڑھ گئیں، اپنی ذات کی تسکین کیلئے اداروں پر فتوے لگائے جارہے ہیں، سوشل میڈیا بریگیڈ نے آ ئین شکنی کی خبریں پھیلانا شروع کر دی ہیں۔

یہ بھی پڑھیے 

پنجاب کے انتخابات ملتوی کرکے ای سی پی نے آئین سے کھلواڑ کیا ہے، عمران خان

پانچ کردار آج بھی عمران خان کی سہولت کاری کررہے ہیں، میاں جاوید لطیف

وزیر قانون کا کہنا تھا کہ دہشتگردی کے واقعات میں اضافہ ہوتا جارہا ہے، ملک کو معاشی مشکلات کا سامنا ہے، کفایت شعاری کی طرف جانا ہوگا۔

وفاقی وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ کا کہنا تھا کہ افواج پاکستان  نے دہشتگردوں کو ملک کی سرحدوں سے باہر دھکیل دیا تھا، گزشتہ مردم شماری پر مختلف سیاسی جما عتوں کو اختلافات تھے، ڈیجیٹل مردم شماری پر اتفاق ہوا، تمام صوبوں میں ایک ہی مردم شماری پر الیکشن ہو سکتے ہیں۔

اعظم نذیر تارڑ کا کہنا تھا کہ الیکشن کمیشن کو اداروں نے تمام  تفصیلات سے آ گاہ کیا، قومی اسمبلی تحلیل کرا کر عمران خان  نے آئین شکنی کی تھی، کیا ایک صفحہ لہرا کر اسمبلی کی تحلیل غیرآئینی کام نہیں تھا، آئین کہتا ہے کہ عام انتخابات ایک ساتھ ہوں گے۔

متعلقہ تحاریر