ن لیگ کا قصور جلسہ: مریم نواز کے عمران خان پر تابڑ توڑ حملے
مسلم لیگ (ن) کی سینئر نائب صدر کا کہنا ہے کہ مینار پاکستان کے سٹیج کو بنکر میں تبدیل کر دیا، بلٹ پروف بنکر سے قوم کو کہتا ہے خوف کے بت کو توڑ دو، اتنا ڈرپوک شخص تاریخ میں نہیں دیکھا۔
پاکستان مسلم لیگ (ن) کی سینئر نائب صدر اور چیف آرگنائزر مریم نواز نے کہا ہے کہ جتنے مرضی "پامبڑ” مچ جان ، سچ بولنے سے باز نہیں آؤں گی، 5 سال ان "پامبڑوں” سے گزر کر آئی ہوں نہیں ڈروں گی، قصور والوں کے شعور سلام پیش کرتی ہوں۔ جب 2018 میں الیکشن چوری کیا گیا قصورسے پوری سیٹیں ن لیگ نے جیتی تھیں، کھڈیاں والوں نے سب سے پہلے گھڑی چور کو پہچانا تھا۔
ان خیالات کا اظہار ن لیگ کی سینئر نائب صدر کا قصور میں پاکستان مسلم لیگ (ن) کے جلسے خطاب کرتے ہوئے کیا۔
عمران خان پر تنقید کے نشتر چلاتے ہوئے مریم نواز کا کہنا تھا کہ پوری دنیا جان گئی ہے یہ فتنہ حکومت میں ہو تو تباہی اور باہر ہو تو بربادی ہے، گیدڑ کو لیڈر کا ماسک پہنانے کی پوری کوشش کی گئی، سہولت کار جب اللہ کو پیارے ہو گئے تو ماسک اترا تو گھڑی چور نکلا۔
یہ بھی پڑھیے
ن لیگ کی چیف آگنائرز کا کہنا تھا جب لیدر کے منہ سے ماسک اترا تو بیچ میں سے توشہ خانہ چور نکلا، جب لیڈر کا ماسک اترا ہیروں کے سیٹ لینے والا نکلا، گزشتہ 6 سے 7 سال گدھے پر لکیریں ڈال کر زیبرا بنانے کی کوشش کی گئی، گدھا تو گدھا ہی ہوتا ہے، سہولت کار ہٹے تو گدھے کی لکیریں مٹ گئیں، اب وہ گدھا ریاست کو لاتیں مار رہا ہے۔
مریم نواز نے کہا کہ جس طرح اس کی درگت بنی ہے سہولت کاروں نے بھی کانوں کو ہاتھ لگا لیے ہیں۔ کہتا تھا قانون سب کے لیے برابر ہے، آج قانون کا یہ سب سے بڑا مفرور ہے، جب عدالتوں نے کہا پیش ہو تو پلاسٹر اترنے کا نام نہیں لے رہا، چھتوں کے لینٹر کھل جاتے ہیں لیکن 5 ماہ سے پلاسٹر نہیں اتر رہا، کبھی کہتا ہے ٹانگ ٹوٹی اور کبھی کہتا ہے 72 سال کا بزرگ ہوں۔
مریم نواز کا کہنا تھا کہ عدالت پیش نہیں ہوتا چارپائی کے نیچے چھپ جاتا ہے، جب پولیس زمان پارک جاتی ہے تو ان پر پٹرول بم پھینکتا ہے، تم دہشت گرد ہو، ہمارے جلسے میں لاکھوں لوگ ہوتے ہیں کسی کو پٹرول بم اورغلیل چلانی نہیں آتی۔
عمران خان کی اہلیہ کا ذکر کرتے ہوئے مریم نواز کا کہنا تھا کہ معصوم سا چہرہ بنا کر کہتا ہے گھر میں اہلیہ اکیلی تھی، اگر تمہاری اہلیہ اکیلی تھی تو اندر سے کیا جنات پٹرول بم پھینک رہے تھے، کیا پولیس کے سر تمہارے موکلات پھاڑ رہے تھے۔
مریم نواز نے کہا کہ انہوں نے زمان پارک میں دہشت گرد چھپائے ہوئے تھے، گلگت بلتستان کی پولیس کو بلا کر پنجاب پولیس پر حملہ کرایا گیا، اس آدمی کو شرم نہیں آتی، دنیا کی تاریخ میں اس سے زیادہ بزدل انسان نہیں دیکھا، پہلے کئی ماہ چارپائی کے نیچے سے نہیں نکلا تھا، اب نکلتا ہے تو جنگلا نما گاڑی میں بیٹھ جاتا ہے، جب گاڑی سے نکلتا ہے تو کالا ڈبہ سر پر رکھ لیتا ہے، کالا سا گھونگٹ نکال کر دلہن بن جاتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ مینار پاکستان کے سٹیج کو بنکر میں تبدیل کر دیا، بلٹ پروف بنکر سے قوم کو کہتا ہے خوف کے بت کو توڑ دو، اتنا ڈرپوک شخص تاریخ میں نہیں دیکھا، تمہاری جان اگر قیمتی ہے تو جلسے میں آنے والوں کی بھی قیمتی ہے، اس کے اپنے بچے لندن میں محفوظ ہیں، قوم کے بچوں کو سڑکوں پر مار کھانے کے لیے چھوڑا ہے۔
انہوں نے کہا کہ پہلا شخص ہے جو روز قتل کی کہانی گھڑ کر سناتا ہے، کبھی رانا ثنا اللہ، کبھی کہتا ہے آئی جی پنجاب قتل کرنا چاہتا ہے، ایسے بندے کو چڑیا گھر میں رکھنا چاہیے اور ٹکٹ لگنی چاہیے، آج اس ذہنی مریض کے کہنے پرعدالتیں سوموٹو لے رہی ہیں، عمر عطا بندیال صاحب اس بندے کے پیچھے نہ لگیں، اس نے ہر سہولت کار کو استعمال کیا پھر مٹی پلیت کرتا ہے۔