عمران خان نے ہمیشہ انتشار کی سیاست کو فروغ دیا، مریم اورنگزیب

وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات کا کہنا ہے عمران خان نے اپنے دور حکومت میں اپنے سیاسی مخالفین  کو جیلوں میں ڈلوایا۔

وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ عمران خان نے ہمیشہ تشدد اور انتشار کی سیاست کو فروغ دیا ہے۔ پی ٹی آئی کارکنان نے ایک جھتے کی صورت میں جوڈیشل کمپلیکس پر حملہ کیا۔ زمان پارک میں تحریک انصاف کے کارکنانوں نے پولیس پر پیٹرول بم پھینکے اور پتھراؤ کیا۔

ان خیالات کا اظہار وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب نے بین الاقوامی نشریاتی ادارے الجزیرہ کو انٹرویو دیتے ہوئے کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ عمران خان کو گرفتار کرکے حکومت نے کوئی ہدف حاصل نہیں کرنا تھا ، عمران خان کو القادر ٹرسٹ کیس میں گرفتار کیا۔ انہیں ایف آئی اے اور نیب کو جواب دینا ہوگا۔ عمران خان نے سیاسی مخالفین کے خلاف ہمیشہ منفی زبان استعمال کی۔

یہ بھی پڑھیے 

فضل الرحمان دفعہ 144 کی موجودگی میں سپریم کورٹ کے باہر دھرنا کیسے دینگے؟

چیف جسٹس قومی سلامتی کے لیے خطرہ بن چکے ہیں، مریم نواز

مریم اورنگزیب کا کہنا تھا کہ عمران خان نے اپنے دور اقتدار میں پاکستان کی مقبول لیڈرشپ کو جیلوں میں ڈالا۔ عمران خان کو گرفتار کیا گیا تو پی ٹی آئی کارکنان کی جانب سے اسکولز ، اسپتالوں ، ایمبولینسز ، پولیس کی گاڑیوں اور مساجد پر حملے کیے گئے۔

ان کا کہنا تھا کہ جب آرمی چیف ڈی جی آئی ایس آئی تھے تو انہوں نے سابق وزیراعظم کو بتایا تھا کہ کرپشن کی جارہی ہے۔ اب عمران خان کرپشن  کیسز کا جواب دینے کو تیار نہیں ہیں۔ عمران خان نے اپنی حکومت جانے کے بعد مختلف موقف اختیار کیے۔ عمران خان نے سابق آرمی چیف پر بےبنیاد الزامات لگائے۔ بقول عمران خان انہوں نے جنرل باجوہ کے کہنے پر اپنی دو حکومتیں تحلیل کیں۔

ترجمان مسلم لیگ ن کا کہنا تھا کہ ملک کی بنیاد تین اہم ستونوں پر قائم ہوتی ہے۔

چیف جسٹس پر تنقید کرتے ہوئے مریم اورنگزیب کا کہنا تھا کہ عدالت نے الفاظ استعمال کیے آپ کو دیکھ کر خوشی ہوئی۔

ان کا کہنا تھا کہ شرپسندوں نے تاریخی عمارت جناح کو نشانہ بنایا۔ زمان پارک میں پولیس پر تشدد کیا گیا پیٹرول بم پھینکے گئے۔ حکومت نے اپنی عوام پر طاقت کا کوئی استعمال نہیں کیا۔

معیشت کی  زبوں حالی  پر بات کرتے ہوئے مریم اورنگزیب کا کہنا تھا کہ ملک کی بگڑتی ہوئی معاشی صورتحال کی ذمہ دار عمران خان حکومت ہے۔ پی ٹی آئی حکومت نے آئی ایم ایف سے معاہدہ کرکے اس کی مخالفت کی۔ پی ٹی آئی اور عمران خان نے معاشی طور پر ملک کو نقصان پہنچایا۔

متعلقہ تحاریر