عمران خان کی پارٹی سے پی ٹی آئی حقیقی کا دھڑا نکل آیا

تحریک انصاف حقیقی کے چیئرمین نے دو دن میں پارٹی رجسٹر کرانے کے عزم کا اظہار کردیا۔

9 مئی کے پرتشدد واقعات کے بعد جہاں پاکستان تحریک انصاف کو چھوڑ کر جانے والوں کا سلسلہ جاری ہے وہیں ایم کیو ایم حقیقی کی طرح پاکستان تحریک انصاف حقیقی تشکیل دیئے جانے کی تیاری کرلی گئی ہے۔

پاکستان تحریک انصاف حقیقی کے چیئرمین راؤ یاسر نے پی ٹی آئی حقیقی کے نام سے رجسٹر کرانے کا عندیہ دے دیا ہے۔ 9 اور 10 مئی کے واقعات کی پرزور انداز میں مذمت کرتے ہوئے راؤ یاسر نے کہا ہے کہ ملک اس وقت ایک نازک مرحلے سے گزر رہا ہے۔

یہ بھی پڑھیے 

190 ملین پاؤنڈ کیس میں سب سے زیادہ پیسہ فیض حمید نے کھایا، فیصل واوڈا

تحریک انصاف کے رہنما پارٹی نہیں سیاست چھوڑ رہے ہیں

پی ٹی آئی حقیقی کے چیئرمین راؤ یاسر اس سے قبل پاکستان تحریک انصاف ملتان ڈسٹرکٹ کے یوتھ ونگ کے صدر تھے۔

راؤ یاسر کا کہنا ہے کہ پاک فوج سرحدوں کی محافظ ہے اور ہماری ریڈ لائن ہے۔ سیکورٹی اداروں نے عمران خان کو بشریٰ بی بی اور بزدار کی کرپشن کی کہانیاں بتائیں تھیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ نوجوانوں کو اس انداز میں ورغلایا گیا کہ انہوں نے حساس اداروں کی تنصیبات پر حملہ کردیا۔ انہوں نے 9 مئی کے واقعات کی مذمت کرتے ہوئے مطالبہ کیا کہ ملوث افراد کو سزا دی جائے۔

پی ٹی آئی حقیقی کے چیئرمین کا کہنا تھا کہ یوم تکریم شہدا کے موقع پر پی ٹی آئی حقیقی کے قیام کا اعلان کرتا ہوں۔

راؤ یاسر کا کہنا تھا "میں ان لوگوں کے لیے مہم چلاؤں گا جو اس سارے واقعے میں بے قصور تھے۔ پورے ملک سے نوجوانوں کو اکٹھا کروں گا۔ جب بھی انتخابات ہوں گے، ہماری پارٹی کے نوجوان رہنما پارلیمنٹ میں جائیں گے۔”

انہوں نے کہا کہ دو دن بعد وہ اپنی پارٹی کو رجسٹر کرائیں  گے اور انتخابی نشان حاصل کریں گے۔ انہوں نے اپیل کی کہ اگر نوجوان ملک میں تبدیلی لانا چاہتے ہیں تو وہ پی ٹی آئی حقیقی کا ساتھ دیں۔

متعلقہ تحاریر