پنجاب کے بعد تحریک انصاف خیبرپختونخوا کے رہنماؤں کے گرد گھیرا تنگ

چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کا کہنا ہے کہ پرویز خٹک اور اسد قیصر کو خفیہ ایجنسیوں نے ملاقات کے لیے بلایا اور اب ان کی رہائی کے لیے انہیں پی ٹی آئی چھوڑنے پر مجبور کیا جا رہا ہے۔

پاکستان تحریک انصاف خیبرپختونخوا کے صدر پرویز خٹک نے سابق اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر کی موجودگی میں پی ٹی آئی کی صوبائی صدارت اور سیاست چھوڑنے کا اعلان کیا ، تاہم مختصر پریس کانفرنس کے دوران  اسد قیصر خاموش بیٹھے رہے۔ دوسری جانب کےپی پولیس نے پی ٹی آئی کے سینئر رہنما مراد سعید کی گرفتاری کے لیے ان کے گھر پر چھاپہ مارا تاہم گھر میں موجود نہیں تھے جس کے بعد پولیس واپس روانہ ہوگئی۔ تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ ایسا لگتا ہے کہ مقتدر طاقتوں نے پنجاب کے بعد خیبرپختونخوا کی پی ٹی آئی کی قیادت کے خلاف گھیرا تنگ کرنا شروع کردیا ہے۔

تحریک انصاف خیبرپختونخوا کے صوبائی صدر پرویز خٹک نے سابق اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر کے ہمراہ اسلام آباد کے ایک گھر میں مختصر پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا ہے کہ میں 9 مئی کے واقعات کی بھرپور مذمت کرتا ہوں۔ میں سمجھتا ہوں کہ جو کچھ 9 مئی کو ہوا وہ نہیں ہونا چاہیے، اور اللہ  نہ کرے کہ ایسا واقعہ دوبارہ رونما ہو۔

یہ بھی پڑھیے 

اسٹیبلشمنٹ کا پلان بی آیا تو پی ڈی ایم والے وہاں ہوں گے جہاں آج پی ٹی آئی والے ہیں، عمران خان

میری جان کو تین لوگوں سے خطرہ ہے چیف جسٹس صاحب نوٹس لیں، شیخ رشید

پرویز خٹک کا کہنا تھا کہ ملک کا سیاسی ماحول بہت خراب ہوگیا ہے، اس لیے میں نے فیصلہ کیا ہے پارٹی کا عہدہ چھوڑ رہا ہوں، آئندہ کا فیصلہ دوستوں اور کارکنان کے ساتھ مشاورت کے بعد طے کروں گا۔

نیوز 360 کو ذرائع سے ملنے والی خبروں کے مطابق پرویز خٹک اور اسد قیصر کی یہ پریس کانفرنس پہلے نیشنل پریس کلب اسلام آباد میں ہونا تھی تاہم عین وقت پر مینیو تبدیل کردیا۔

پرویز خٹک کی پریس کانفرنس اور عمران خان کا ٹوئٹ

چیئرمین تحریک انصاف عمران خان نے پرویز خٹک کی پریس کانفرنس سے کچھ دیر قبل سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر پیغام شیئر کرتے ہوئے لکھا تھا کہ "میں نے جو مذاکراتی کمیٹی بنائی تھی اس کے دو سینئر ممبران پرویز خٹک اور اسد قیصر کو خفیہ ایجنسیوں نے ملاقات کے لیے بلایا تھا۔ انہیں اب غیر قانونی طور پر محفوظ گھر میں نظر بند کر دیا گیا ہے اور ان کی رہائی کے لیے انہیں پی ٹی آئی چھوڑنے پر مجبور کیا جا رہا ہے۔ جنگل کے قانون میں طاقتور کے حقوق ہیں اور کمزور کو کوئی تحفظ نہیں ہے۔”

مراد سعید کے گھر پر چھاپہ

دوسری جانب پاکستان تحریک انصاف کے سینئر رہنما اور سابق وفاقی وزیر مراد سعید کی گرفتاری کے لیے ان کے گھر پر چھاپہ مارا، تاہم وہ گھر پر موجود نہیں تھے ، جس کے بعد پولیس گھر کی تلاشی کے بعد واپس ہو گئی۔

مراد سعید کی گرفتاری کے لیے کےپی پولیس کو خصوصی ٹاسک سونپ دیا گیا ہے۔ پولیس حکام کا کہنا ہے کہ مراد سعید کی اسلام آباد اور پنجاب میں موجودگی کی کوئی اطلاع نہیں۔

خیبرپختونخوا پولیس حکام کا کہنا ہے کہ مراد سعید کی سوات اور بٹخیلہ میں موجودگی کی اطلاعات ہیں۔ واضح رہے کہ پاکستان تحریک انصاف کے رہنما مراد سعید کےپی ، اسلام آباد اور  پنجاب پولیس کو مطلوب ہیں۔

سابق صوبائی وزیر عارف احمد زئی کے گھر پر چھاپہ

ادھر کےپی پولیس نے چارسدہ میں پی ٹی آئی کے سابق صوبائی وزیر عارف احمد زئی کی گرفتاری کےلیے ان کے گھر پر چھاپہ مارا تاہم وہ گھر پر موجود نہیں تھے۔ پولیس حکام تلاشی کے بعد واپس روانہ ہو گئے۔

متعلقہ تحاریر