ن لیگ کی سیاست ختم کرنے والی جماعت کرچی کرچی ہوگئی، مریم نواز

مسلم لیگ (ن) کی چیف آرگنائزر کا کہنا ہے کہ جو شہیدوں کی بے حرمتی کرے، ان کی یادگاروں کو آگ لگائے، وہ ہم میں سے نہیں ہوسکتا۔

پاکستان مسلم لیگ (ن) کی سینئر نائب صدر اور چیف آرگنائزر مریم نواز نے کہا ہے کہ نواز شریف کی سیاست کو ختم کرنے والی جماعت خود کرچی  کرچی ہو گئی ، آج کل ایک شخص صبح ، شام اور رات کو روتا ہوا دکھائی دیتا ہے ، یہ شخص ٹرمپ کے پہلو میں بیٹھ کر کشمیر کا سودا بھی کرکے آیا تھا ، جو کہتا تھا میں اکیلا ہی کافی ہوں آج وہ اکیلا ہی رہ گیا ہے۔

ان خیالات کا اظہار سابق وزیراعظم نواز شریف کی صاحب زادی نے مظفر آباد کی تحصیل باغ میں پاکستان مسلم لیگ (ن) کے جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

یہ بھی پڑھیے 

انتخابات کے حوالے سے وہی فیصلے کریں گے جو ملکی مفاد میں ہوں گے، مولانا فضل الرحمان

سابق وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے سیاست سے دستبرداری کا اعلان کردیا

چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کا نام لیے بغیر مریم نواز نے کھل کر تنقید کی۔ مسلم لیگ (ن) کی سینئر نائب صدر کا کہنا تھا کہ جس جماعت کو مسلط کیا گیا تھا آج وہ جماعت کہاں گئی؟ جو کہتا تھا اکیلا ہی کافی ہوں آج وہ اکیلا ہی رو رہا ہے۔

مسلم لیگ ن کی رہنما کا کہنا تھا کہ نواز شریف نے کبھی پاکستان پر آنچ نہیں آنے دی۔ 75 سالوں میں سے نواز شریف کے 9 سال نکال دو تو باقی کچھ نہیں رہتا۔ مسلم لیگ (ن) کے آزاد کشمیر کے وزیراعظم پر کبھی کرپشن کا الزام نہیں لگا۔ آج آزاد کشمیر کے سابق وزیراعظم تنویر الیاس اپنے ہی لیڈر کے خلاف گواہی دے رہا ہے۔

چیف آرگنائزر مسلم لیگ (ن) کا کہنا تھا کہ اگر آپ ہمارے امیدوار کو ووٹ دیں گے تو ہم باغ میں دل کا اسپتال تعمیر کریں گے۔ آزاد کشمیر میں اسکول ، یونیورسٹیز اور اسپتال دیکھتے ہیں تو کون یاد آتا ہے؟ جب موٹر وے پر سفر کریں تو کس کا نام یاد آتا ہے؟

جلسے سے خطاب کرتے ہوئے مریم نواز نے کہا کہ جو شہیدوں کی بے حرمتی کرے، ان کی یادگاروں کو آگ لگائے، دشمن کے جہازوں کو مارنے والے جہازوں کو آگ لگانے والا ہم میں سے نہیں ہوسکتا اور وہ پاکستانی بھی نہیں ہوسکتا۔

مریم نواز شریف کا کہنا تھا کہ جس نے 9 مئی کو شہداء اور ان کی یادگاروں کی بےحرمتی کی ، وہ شخص آج بنکر میں بھی چھپا بیٹھا ہے سن لے کہ پاکستانی قوم اور کشمیری اسے کبھی معاف نہیں کریں گے ، اسے عبرت کا نشان بنا کر چھوڑیں گے۔

متعلقہ تحاریر