عمران خان اور شاہ محمود قریشی ملاقات، ڈیڈلاک برقرار

ذرائع نیوز 360 کے مطابق وائس چیئرمین پی ٹی آئی نے چیئرمین پی ٹی آئی کو اسٹیبلشمنٹ کا پیغام پہنچایا ہے کہ عمران خان کچھ عرصے کے لیے اپنے آپ کو سائیڈ لائن کرلیں انہیں کچھ نہیں کہا جائے گا۔

چیئرمین تحریک انصاف عمران خان اور وائس چیئرمین تحریک انصاف شاہ محمود قریشی کے درمیان ہونے والی ملاقات کسی منطقی انجام تک پہنچے بغیر ختم ہو گئی۔ تاہم نیوز 360 کے انتہائی معتبر ذرائع کا کہنا ہے کہ شاہ محمود قریشی اسٹیبلشمنٹ کا جو فارمولا عمران خان کے پاس لے کر گئے تھے پی ٹی آئی کے سربراہ نے اسے مسترد کردیا ہے۔

گذشتہ روز اڈیالہ جیل سے رہا ہونے والے تحریک انصاف کے وائس چیئرمین شاہ محمود قریشی نے چیئرمین تحریک انصاف عمران خان سے ان کی رہائش گاہ زمان پارک لاہور میں ملاقات کی۔

یہ بھی پڑھیے 

چیئرمین پی ٹی آئی کو چارٹر آف اکانومی کا مشورہ دیا تھا، آصف علی زرداری

عمران خان پارٹی چھڑوانے کیلیے کارکنان پرڈالا جانے والا دباؤ سامنے  لے آئے

دونوں رہنماؤں کے درمیان تقریباً ڈیڑھ گھنٹہ ملاقات جاری رہی۔ تاہم شاہ محمود قریشی ملاقات کے بعد  میڈیا سے گفتگو کیے بغیر روانہ ہوگئے۔

نیوز 360 کے ذرائع کا کہنا ہے کہ شاہ محمود قریشی نے چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کو اسٹیبلشمنٹ کا پیغام پہنچایا کہ آپ اپنے آپ کو سائیڈ لائن کردیں اور جو کمیٹی آپ نے شاہ محمود قریشی کی سربراہی میں حکومتی ٹیم سے مذاکرات کے لیے بنائی تھی ، اس کو اپنا کام کرنے دیں۔ نہ تو آپ کو گرفتار کیا جائے گا اور نہ ہی آپ کی پارٹی کو ختم کیے جائے گا۔

ذرائع کے مطابق ملاقات کے دوران فارمیشن کمانڈرز کانفرنس کی آئی ایس پی آر کی جانب سے پریس ریلیز جاری کردی گئی۔ اس پر عمران خان کا شاہ محمود قریشی کو مخاطب کرتے ہوئے کہنا تھا کہ آپ میرے پاس تصفیہ کا پیغام لے کر آرہے ہیں ، جبکہ فارمیشن کمانڈرز کانفرنس کا اعلامیے میں مجھے اور میری پارٹی کو سیدھا سیدھا دھکایا جارہا ہے۔

نیوز 360 کے ذرائع کے مطابق عمران خان کا کہنا تھا اب جو ہوگا دیکھا جائے میں اپنے موقف سے پیچھے نہیں ہٹوں گا ، جمعرات کے روز مجھے اسلام آباد میں مختلف کیسز کے سلسلے میں عدالتوں میں پیش ہونا ہے ، اگر یہ مجھے گرفتار کرنا چاہتے کرلیں ، مجھے مارنا چاہتے ہیں مار لیں ، مگر اب میں اپنے موقف سے پیچھے نہیں ہٹوں گا۔ اگر مجھے گرفتار نہ کیا گیا اور میں واپس آگیا تو پھر ایک اور بیٹھک کرلیں گے اور آئندہ کا لائحہ عمل طے کرلیں گے۔ جس اس کے بعد شاہ محمود قریشی زمان پارک سے روانہ ہوگئے۔

بعدازاں رات کو ویڈیو لنک کے ذریعے اپنے خطاب میں عمران خان کا کہنا تھا کہ میں مر جاؤں گا مگر ان کے آگے ہتھیار نہیں ڈالوں گا ، میرا عوام کو بھی یہ پیغام ہے کہ آپ نے غلامی کو کبھی قبول نہیں کرنا۔

عمران خان کا کہنا تھا کہ میں کل اسلام آباد جارہا ہوں۔ یہ لوگ مجھے گرفتار کرلیں مجھے مار دیں ، میں اپنی بات پر ڈٹا رہوں گا۔

متعلقہ تحاریر