ای و ی ایم ؛ الیکشن کمیشن نے حکومت کو فنڈز کے حصول کےلئے خط لکھ دیا

الیکشن کمیشن نے آئندہ  انتخابات میں الیکٹرونک ووٹنگ مشینز کی تیاری اور فراہمی کے سلسلے میں  فنڈز کے حصول کےلئے حکومت کو خط لکھ دیا

الیکشن کمیشن آف پاکستان نے آئندہ انتخابات کیلئے 8 لاکھ سے زائد الیکٹرونک ووٹنگ مشینز (ای وی ایم ) کی خریداری کے لئے فنڈز کے اجراء کے حوالے سے حکومت کو خط لکھ دیا ہے۔

نیوز360 کے ذرائع کے مطابق الیکشن کمیشن آف پاکستان نے آئندہ انتخابات کو جدید ٹیکنالوجی کے تحت کرانے کےلئے حکومت کو خط لکھ دیا ہے جس میں مطالبہ کیا گیا ہے کہ ادارے کو آئندہ انتخابات کرانے کےلئے  8 لاکھ سے زائد الیکٹرونک ووٹنگ مشینز (ای وی ایم ) کی خریداری  کی ضرورت ہے جبکہ  الیکشن کمیشن کو ای وی ایم کی اسٹوریج کیلئے 3 ایکڑ زمین درکار ہوگی۔

یہ بھی پڑھیے

شبلی فراز کا الیکٹرانک ووٹنگ مشین ہیک کرنے پر 10لاکھ روپے انعام کا چیلنج

حزب اختلاف کا الیکٹرانک ووٹنگ مشین کے خلاف سپریم کورٹ جانے کا اعلان

خط میں کہا گیا ہے کہ  الیکشن کمیشن نے ٹیکنالوجی کے استعمال سے متعلق اقدامات کےلئے  اور انتخابات کو شفاف بنانے کے لئے ادارے کو کنٹرول سینٹر،ڈیٹا سینٹر، جدید لیب، پرنٹنگ اور ٹریننگ سیشنز کیلئے عمارت کی ضرورت ہے ، خط میں مزید کہا گیا کہ وزارت پارلیمانی امور پلاننگ کمیشن نے عمارت کی تعمیر کیلئے فنڈز جاری نہیں کیے، ضروری انفراسٹرکچر کی تعمیر کے لئے فنڈز میں تاخیر سے پہلے ہی وقت کا ضیاع ہوچکا ہے۔

 ذرائع کے مطابق الیکشن کمیشن نے وزارت پارلیمانی امور سے معاملہ متعلقہ حکام تک پہنچانے کا مطالبہ کیا ہے، جبکہ الیکٹرونک ووٹنگ مشینز کی اسٹوریج کے لئے حکومت کو کوہسار بلاک میں 2 فلور مختص کرنے کی بھی تجویز دے دی ہے۔

الیکشن کمیشن کی جانب سے لکھے گے خط میں مطالبہ کیا گیا ہے   پلاننگ کمیشن سیکٹر ایچ 11 میں عمارت کی تعمیر کیلئے فنڈز جاری کرے، وزارت ہاؤسنگ اینڈ ورکس عمارت کی تعمیر کے لئے ترجیحی بنیادوں پر اقدامات کرے، ویئر ہاؤس بر وقت تعمیر نہ ہونے کے خدشہ کے پیش نظر حکومت کسی سرکاری عمارت میں جگہ مختص کرے۔

متعلقہ تحاریر