عمران خان آئین کو لپیٹنے کی سازش کر رہے ہیں ،برداشت نہیں کرسکتے ،ٹی ایل پی
آئین پاکستان کو ختم کرنا دراصل قادیانیوں کا پرانا خواب ہے جس کے پیچھے اسلام اور پاکستان کی تمام دشمن قوتیں ہیں
تحریک لبیک پاکستان کا کہنا ہے کہ اگر آج اس روایت کو آج تسلیم کر لیا تو کل کسی بھی غیر مسلم کو آئین سے کھلم کھلا بغاوت کرتے ہوئے صدر مملکت اور وزیراعظم صرف اسپیکر کی ایک رولنگ پر لگایا جا سکے گا۔
تحریک لبیک پاکستان کے سربراہ حافظ سعد رضوی کی زیر صدارت شوریٰ اجلاس کے بعد اعلامیہ میں کہاگیا ہے کہ آئین پاکستان لازوال قربانیوں کا نتیجہ ہے آئین پاکستان کو منسوخ کرنے کی کسی سازش کو کامیاب نہیں ہونے دیں گے تحریک لبیک پاکستان آئینِ پاکستان کے ساتھ کھڑی ہے۔
یہ بھی پڑھیے
ٹی ایل پی کے سربراہ سعد حسین رضوی شادی کے بندھن میں بندھ گئے
اعلامیہ میں کہا گیا کہ ملک سنگین آئینی بحران سے گزر رہا ہے موجودہ صورتحال میں تحریک لبیک خاموش تماشائی نہیں رہ سکتی،خاص طور پر جب ہم آئین پاکستان کے خالق امام احمد شاہ نورانی اورمولانا عبدالستار خان نیازی کے فکری وارث بھی ہیں، آئین سے اس کھلواڑ کو کسی صورت برداشت نہیں کیا جائے گا۔
اعلامئے میں مزید کہا گیا کہ اگر اس روایت کو آج تسلیم کر لیا گیا تو کل کسی بھی غیر مسلم کو آئین سے کھلم کھلا بغاوت کرتے ہوئے صدر مملکت اور وزیراعظم صرف اسپیکر کی ایک رولنگ پر لگایا جا سکے گا،آئین میں موجود مسلمان کی تعریف اور قادیانیت کے عقائد کی روک تھام پرایک بڑا سوالیہ نشان لگ سکتا ہے، کیا ناموس رسالت کو جو ہمارے عقائد کا ریڈ زون ہے، 295 سی پر ہم ممکنہ سمجھوتہ برداشت کر لیں؟
اعلامیہ کے مطابق صدارتی نظام کے شوشے کے پیچھے بھی قادیانی اور اسلام دشمن لابی سرگرم عمل ہے،جو ہمارے آئین سے اسلام کو نکال پھینکنا چاہتے ہیں، ہمارا آئین ہمارے دینی اقدار کا محافظ ہے تحریک لبیک پاکستان آئین پاکستان کے ساتھ چھیڑچھاڑ پر ایسا ہی رد عمل دے گی جیسے الیکشن فارمز میں ترمیم پر ہم نے فیض آباد دھرنا دیا اور حکومت کو ناک رگڑنا پڑی تھی ۔
اعلامیہ میں کہا گیا کہ ہم پاکستان کی عدلیہ سے استدعا کرتے ہیں عمران خان آئین کو لپیٹنے کی سازش کررہے ہیں اسکی تحقیقات کی جائیں کیونکہ آئین پاکستان کو ختم کرنا دراصل قادیانیوں کا پرانا خواب ہے جس کے پیچھے اسلام اور پاکستان کی تمام دشمن قوتیں اپنے ناپاک عزائم کے ساتھ اکٹھی ہو چکی ہیں۔