سیاسی ، قانونی اور انتظامی معاملات کے لیے پی ٹی آئی کی خصوصی کمیٹی تشکیل
خصوصی کمیٹی میں اسدعمر، بابر اعوان ، محمود الرشید ، اسلم اقبال اور اعجاز چوہدری شامل ہیں۔
پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی کور کمیٹی کے اجلاس میں خصوصی کمیٹی تشکیل دے دی گئی جو سیاسی ، قانونی اور انتظامی معاملات پر حکمت عملی طے کرے گی۔
کور کمیٹی نے جارحانہ انداز میں پارٹی کا بیانیہ جاری رکھنے پر اتفاق کیا۔ اجلاس میں مٹھائی بھی تقسیم کی گئی۔
پاکستان تحریک انصاف کی کور کمیٹی کا اجلاس چیئرمین عمران خان کی زیر صدارت ہوا۔ اجلاس میں پنجاب کے ضمنی انتخاب کے نتائج اور آئندہ کے لائحہ عمل پر مشاورت کی گئی۔
یہ بھی پڑھیے
زرداری کی سمجھوتے کی سیاست نے ن لیگ کا بھی بیڑا غرق کردیا
ذرائع کے مطابق پی ٹی آئی کی کور کمیٹی کے اجلاس میں پارٹی کا جارحانہ بیانیہ جاری رکھنے کا فیصلہ کیا گیا۔
کور کمیٹی نے عمران خان کو سندھ میں متحرک ہونے کا مشورہ دیا جبکہ عمران خان جلد سندھ کا دورہ کریں گے۔اس موقع پر عمران خان نے پارٹی تنظیموں کو فعال بنانے کی ہدایت کی ہے۔
عمران خان نے پنجاب کے ضمنی انتخابات میں جیت پر کور کمیٹی اجلاس میں مٹھائی اور زردہ بھی تقسیم کرایا،کور کمیٹی کے شرکاء کو بتایا گیا کے یہ زردہ خصوصی طور پر بنوایا گیا ہے۔
عمران خان کا کور کمیٹی کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہنا تھا کہ پی ٹی آئی کی پوری ٹیم نے پنجاب الیکشن میں بھرپور محنت کی، جس کے لئے وہ مبارک باد کے مستحق ہیں۔ نوجوانوں نے دھاندلی کو روکنے میں اہم کردار ادا کیا۔
چئیرمین پی ٹی آئی نے کہا کہ عوام نے پہلے کی طرح اب بھی ان چوروں کو مسترد کردیا ہے۔ تحریک انصاف کی حکومت کے خلاف سازش کا جواب عوام نے اپنے ووٹوں سے دیا۔
ذرائع کے مطابق اجلاس میں سیاسی، قانونی اور انتظامی معاملات سے متعلق کمیٹی قائم کی گئی جس میں اسدعمر، بابر اعوان، محمودالرشید، اسلم اقبال اور اعجاز چوہدری شامل ہیں۔