کسی صورت قومی اسمبلی نہیں جائیں گے، پی ٹی آئی کا فیصلہ

عمران خان نے کہا ہے کہ بنی گالا میں بیٹھے ہیں جس نے انہیں گرفتار کرنا ہے کرلے مگر اپنے اصولی موقف سے دستبردار نہیں ہوں گے۔

پاکستان تحریک انصاف کی پارلیمانی پارٹی کے اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ کسی صورت قومی اسمبلی میں دوبارہ نہیں جائیں گے اور موجودہ حکومت سے مذاکرات صرف الیکشن  شیڈول کے اعلان کے بعد ہی ممکن ہیں، پارٹی رہنماؤں کے خلاف حکومتی اقدامات کا بھی ڈٹ کر مقابلہ کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔

پاکستان تحریک انصاف کی پارلیمانی پارٹی کا اجلاس چیئرمین عمران خان کی زیرصدارت اسلام آباد میں ہوا۔ جس میں ان کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی حقیقی آزادی کی تحریک سے پیچھے نہیں ہٹے گی۔

یہ بھی پڑھیے

راولپنڈی جلسے میں عمران خان کے نیوٹرلز سے کڑے سوالات

ریاست بچانے کیلئے سیاست کی قربانی دی ہے، جاوید لطیف

اجلاس میں ملک کی سیاسی صورتحال سمیت مختلف امور پر مشاورت کی گئی۔

پارٹی ذرائع کے مطابق اجلاس میں چئیرمین عمران خان نے پارلیمانی پارٹی کو ہدایت کی کہ وہ عام انتخابات کی تیاریوں کا آغاز کر دیں اور اس حوالے سے پارٹی رہنما اپنے حلقوں میں جاکر عوام  سے ان کے مسائل معلوم کریں تاکہ آئندہ انتخابات میں کامیابی حاصل کرکے ان مسائل کو حل کیا جا سکے۔

پارلیمانی پارٹی کے اجلاس میں رہنماؤں نے قومی اسمبلی میں واپس جانے کے ہر امکان کو ایک بار پھر مسترد کردیا۔

اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ فیصلہ کیاگیا کہ کسی صورت قومی اسمبلی میں واپس نہیں جائیں گے جبکہ موجودہ حکومت سے اسی صورت میں بات چیت ہوسکتی ہے کہ وہ پہلے عام انتخابات کی تاریخ کا اعلان کرے۔

پارٹی ذرائع کے مطابق اجلاس میں کہا گیا کہ نئے انتخابات کے سوا کوئی آپشن قابل قبول نہیں۔یہ حکومت انتقامی کارروائیاں کررہی ہے اور فاشزم دکھا سکتی ہے۔

عمران خان کا کہنا تھاکہ وہ بنی گالا میں موجود ہیں جس نے انہیں گرفتار کرنا ہے کرلے مگر وہ اپنے اصولی موقف سے دستبردار نہیں ہوں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ جس طرح عوام رات باہر نکلے یہ حکومت ان کا کچھ نہیں بگاڑ سکتی۔

متعلقہ تحاریر