میں نے الیکشن کمیشن ، لوٹوں اور مسٹر ایکس کو 17 جولائی کو شکست دی تھی ، عمران خان

چیئرمین تحریک انصاف کا ملتان میں پی ٹی آئی کے جلسہ عام سے خطاب۔

سابق وزیراعظم اور چیئرمین تحریک انصاف عمران خان نے کہا ہے کہ جب تک ملک میں قانون کی بالادستی نہیں ہوگی ملک ترقی نہیں کرسکتا ۔ قوم نے وعدہ کرنا ہے کہ ہم نے ان چوروں سے چھٹکارا حاصل کرنا ہے ، ہم آئی ایم ایف کے پروگرام کے باوجود عوام کو ریلیف فراہم کیا۔

ملتان میں پاکستان تحریک انصاف کے جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے عمران خان کا کہنا تھا کہ احساس پروگرام کے ذریعے ہم نے عوام کو بڑا ریلیف فراہم کیا ۔ ہم نے ایکسپورٹ میں اضافہ کرکے ملکی دولت میں اضافہ کیا ، آج مہنگائی اپنے عروج ہے ، فیکٹریاں بند ہورہی ہیں بےروزگاری اپنے عروج پر ہے۔ آج جو قوم کھڑی ہوئی ہے اسے کسی کے آگے ہاتھ پھیلانے کی ضرورت نہیں رہے گی۔ ہمیں کسی اور ملک کے آگے ہاتھ پھیلانے کی ضرورت نہیں ہوگی۔ وعدہ کریں آئندہ انتخابات میں چوروں کو ووٹ نہیں دینا۔

یہ بھی پڑھیے

نواز شریف کا خوف ہے جو انہیں واپس نہیں آنے دیا جارہا، مریم نواز

حکومت پر تنقید کرتے ہوئے چیئرمین تحریک انصاف کا کہنا تھا کہ اس حکومت میں ہمت نہیں کہ وہ روس سے سستا تیل خرید سکے۔ روس ہمیں سستا تیل اور سستی گندم دے رہا تھا تو انہوں نے ہماری حکومت گرا دی۔ زرداری اور نواز شریف 30 سال سے ملک کا پیسہ چوری کررہے ہیں۔

عمران خان کا کہنا تھا اب کہا جارہا ہے کہ اسمبلی میں چلا جاؤں اور معاملات ٹھیک کروں۔ حکومت میں تھا تو کہتے تھے اپوزیشن کو ساتھ لے کر چلو۔ ہر کسی سے بات کرنے کو تیار ہوں مگر چوروں کے ساتھ بات کسی قیمت پر نہیں کروں گا۔

چیئرمین تحریک انصاف کا کہنا تھا ہمارا مقابلہ ایک مافیا سے ہے ، نواز شریف لندن میں بیٹھ این آر او ٹو مانگ رہا ہے ، کہتا ہے دوسرا این آر او دو پھر پاکستان آؤں گا ۔ اس وقت پاکستان میں انصاف کی جنگ ہورہی ہے ، جب تک طاقتور کو قانون کے نیچے نہیں لایا جائے گا قوم آزاد نہیں ہو گی ۔ چار ماہ میں ملک کو دلدل میں پھنسا دیا گیا۔

ان کا کہنا تھا اب امداد دینے والی ممالک امداد نہیں دیں گے، امداد دینے والے ممالک اگر امداد دیں گے تو ہماری آزادی چھین لیں گے۔ یہ لوگ میچ چھوڑ کر بھاگ گئے ہیں۔ یہ لوگ تحریک انصاف کے جلسے دیکھ کر پریشان ہو گئے ہیں۔ پنجاب میں ضمنی انتخابات میں دھاندلی کے باوجود یہ لوگ ہار گئے۔

سابق وزیراعظم اور چیئرمین تحریک انصاف عمران خان نے کہا کہ میں نے الیکشن کمیشن ، لوٹوں اور مسٹر ایکس کو 17 جولائی کو شکست دی تھی۔

متعلقہ تحاریر