کوئی مجھے بائی پاس نہ کرے، عمران خان کا پارٹی رہنماؤں کو معنی خیز انتباہ

ذرائع نے نیوز 360 کو بتایا ہے کہ پی ٹی آئی رہنما پرویز خٹک اسٹیبلشمنٹ کے سرکردہ افراد سے ملاقاتیں کررہے ہیں جس کا علم عمران خان کو ہوگیا ہے۔

سابق وزیراعظم اور چیئرمین تحریک انصاف عمران خان نے کہا ہے کہ میں اپنی پارٹی کے تمام ممبران اور رہنماؤں کو متنبہ کرنا چاہتا ہوں کہ کوئی لیڈر مجھے بائی پاس کرنے کی کوشش  نہ کرے۔ ذرائع نے نیوز 360 کو بتایا کہ پارٹی کے کچھ رہنما پشاور میں مقتدد قوتوں سے ملاقاتیں کررہے ہیں۔

گزشتہ روز چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کی زیر قیادت پی ٹی آئی کی کور کمیٹی کا اہم اجلاس ہوا۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے عمران خان کا کہنا تھا کہ میں احتجاج کی جلد کال دینے والا ہوں تمام پارٹی لیڈران پر پارٹی پالیسیز پر عمل کرنا لازم ہے۔

یہ بھی پڑھیے

میری مارچ کی ڈیڈ لائن قریب آرہی ہے ، عمران خان کا حکومت کو انتباہ

عمران خان کا فوری انتخابات کا مطالبہ ، احتجاجی مارچ سے پیچھے ہٹ گئے

عمران خان نے اپنے خطاب میں متنبہ کرتے ہوئے کہا کہ کوئی پارٹی لیڈر مجھے بائی پاس کرنے کی کوشش نہ کرے۔ انہوں نے حکومت کے کسی بھی غلط ایکشن پر بیک وقت میڈیا اور سوشل میڈیا پر آواز اٹھانے کی ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ جو رہنما پارٹی پالیسی پر عمل نہیں کرے گا وہ وہ کور کمیٹی کا حصہ نہیں رہے گا۔

ذرائع کے مطابق کور کمیٹی نے فیصلہ کیا کہ فوری انتخابات ہی ملک کے مفاد میں ہیں اس لیے فوری طور پر اتنخابات کی طرف جایا جائے، اگر حکومت نے الیکشن کی تاریخ نہ دی تو عوام کو احتجاج کی کال دی جائے گی۔

عمران خان کے بائی پاس کے بیان پر ذرائع نے نیوز 360 کو بتایا ہے کہ تحریک انصاف کے سینئر رہنما اور سابق وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا پرویز خٹک پشاور میں اسٹیبلشمنٹ کے کچھ سرکردہ لوگوں سے ملاقاتیں کررہے ہیں جس کا علم عمران خان کو ہو گیا تھا جس پر انہوں نے دوران اجلاس بائی پاس کا بیان دیا تھا۔

اجلاس کے بعد پی ٹی آئی رہنما فواد چوہدری نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اگر حکومت نے الیکشن کی تاریخ نہ دی تو احتجاج کی فائنل کال دیں گے، کارکنان فائنل کال کا انتظار کریں، انشااللہ ملک انتخابات کی طرف جائے گا، پاکستان تحریک انصاف اپنی جدوجہد جاری رکھے گی۔

متعلقہ تحاریر