عمران خان کے طلباء اور تاجروں سے دھواں دھار خطاب

چیئرمین تحریک انصاف کا کہنا ہے پہلے وکی لیکس ، پھر ڈان لیکس آئی اور اب آڈیو لیک آگئی ہے، جس میں مشینری درآمد کے علاوہ بھی بہت کچھ ہے۔

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین عمران خان نے کہا ہے آڈیو لیک کے بعد شہباز شریف میں تھوڑی سی شرم وحیا ہے تو استعفیٰ دے دیں ورنہ ہم استعفیٰ دلوائیں گے۔

تفصیلات کے مطابق پی ٹی آئی چیئرمین عمران خان نے لاہور میں گورنمنٹ کالج یونیورسٹی میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ موجودہ حکومت کی 60 فیصد کابینہ ضمانت پر ہے، اب لندن سے اسحٰق ڈار آرہا ہے، جو ہمارے دور میں نہیں بلکہ ن لیگ کے دور حکومت میں وزیراعظم کے جہاز میں بیٹھ کر بھاگا تھا، میں قوم سے پوچھتا ہوں کہ کیا ہم نے یہ تماشا بھیڑ بکریوں کی طرح دیکھنا ہے۔؟

یہ بھی پڑھیے

اکتوبر میں اسلام آباد آرہے ہیں رانا ثناء اللہ تیاری پکڑ لیں، عمران خان

ایم این اے نفیسہ شاہ کو سوشل میڈیا پر اپنے حلقے کی  ویڈیو شیئر کرنا مہنگی پڑ گئی

عمران خان کا کہنا تھا کہ پہلے وکی لیکس سے بات شروع ہوئی پھر ڈان لیکس آئی اور اب آڈیو لیک آگئی، جس میں سامنے آیا کہ ہندوستان سے مشینری امپورٹ کر رہے ہیں۔

پی ٹی آئی کے سربراہ کا کہنا تھا مقبوضہ کشمیر کے خلاف بھارتی اقدامات پر ہم نے ہندوستان سے تجارت ختم کی ، لیکن یہاں مریم نواز کا داماد ہندوستان سے مشینری منگوا رہا ہے اور پاکستان کا وزیراعظم شہباز شریف طریقہ بتا رہا ہے، مریم کے داماد کیلئے قوم کے ٹیکس کے پیسے سے گرڈ اسٹیشن بنایا جائے گا، مریم جس نے جھوٹ میں پی ایچ ڈی کر رکھا ہے وہ ابا جی سے کہہ رہی ہے کہ عمران خان کو توشہ خانہ میں نااہل کردیں گے، آڈیو لیک میں اور بھی بہت کچھ آرہا ہے۔

سابق وزیراعظم کا کہنا تھا کہ قربانیاں دے کر قائداعظم نے ہمیں انگریز کی غلامی سے نکالا تھا، ہندوستان ہمارے ساتھ آزاد ہوا تھا وہ 40 فیصد کم قیمت پر روس سے تیل لے رہا ہے، میں نے بھی روس سے جاکر بات چیت کی سستا تیل اور گندم لینے کےلیے ، لیکن سازش کے تحت ہم پر بڑے ڈاکوؤں کی حکومت مسلط کی گئی اور اب اس امپورٹڈ حکومت کو روس سے تیل نہ خریدنے کا حکم دیا جاتا ہے۔

پی ٹی آئی سربراہ نے کہا کہ شہباز شریف نے بلومبرگ میں انٹرویو لینے والی خاتون سے کہہ دیا کہ خدا کے واسطے ہمیں پیسے دے دو ورنہ ہمارا دیوالیہ نکل جائے گا، جب خاتون نے کہا کہ وہ صرف اینکر ہے تو اس نے کہا کہ اپنے چینل کے ذریعے دنیا کو بولو، ان کے لیڈر اربوں روپے کی پراپرٹی لے کر باہر بیٹھے ہیں اور یہ دنیا سے مانگ رہے ہیں، کوئی ایک ملک بتا دیں جس کا 3 بار وزیراعظم بننے والا شخص باہر بیٹھا ہو۔

عمران خان نے کہا کہ جب بھی دنیا میں انقلابی تحریک شروع ہوتی ہے اس میں نوجوانوں کا بڑا کردار ہوتا ہے، میں نے ان چوروں کیخلاف جہاد کا اعلان کیا ہے، آپ سب تیاری کرلیں اور حقیقی آزادی کی تحریک میں تمام طالبعلم اور نوجوان شامل ہوں، کیونکہ جو قوم حق اور سچ پر کھڑی نہیں ہوتی اس قوم کا کوئی مستقبل نہیں ہوتا۔

چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کا کہنا تھا جب تک میں زندہ ہوں ان کا مقابلہ کرونگا اور جیت کر دکھاؤں گا۔

متعلقہ تحاریر