کال دینے والا ہوں قوم تیاری کرلے، عمران خان

چیئرمین تحریک انصاف کا کہنا ہے میں جب کال دوں گا تو آزاد کشمیر نے بھی میرے ساتھ آنا ہے۔ جویہ سمجھتے ہیں کہ ہم ان چوروں کو قبول کرلیں گے کسی غلط فہمی میں نہ رہیں۔

سابق وزیراعظم اور چیئرمین تحریک انصاف عمران خان نے کہا ہے کہ شہباز شریف میں تمہارا خصوصی شکریہ ادا کرنا چاہتا ہوں ، کیونکہ تم نے میری اعظم خان کے ساتھ آڈیو لیک کردی۔ شہباز شریف تم مجھے نقصان پہنچانا چاہتے تھے مگر اپنا ہی بیڑہ غرق کرلیا۔ اب ساری دنیا  کو پتا چلے گا کہ اصل حقیقت کیا ہے۔

مظفر آباد میں پاکستان تحریک انصاف کے جلسے سے خطاب کرتے ہوئے چیئرمین تحریک انصاف کا کہنا تھا ہندوستان بڑا ملک ہے اس سے تجارت بڑھا کر فائدہ ہونا تھا ، مگر میری حکومت نے فیصلہ کیا کہ ہم کبھی کشمیریوں کے لہو کا سودا نہیں کریں گے۔

یہ بھی پڑھیے

بہت اچھا ہوا میری آڈیو لیک ہوگئی میں چاہتا ہوں سائفر بھی لیک ہوجائے، عمران خان

آڈیو لیک سکینڈل: نواز و مریم کی سیاست کو شہباز و حمزہ سے خطرات کا سامنا

شہباز شریف پر تنقید کرتے ہوئے عمران خان کا کہنا تھا کہ ڈونلڈ لو کہتا ہے اگر شہباز شریف چیری بلاسم کو لے آئیں گے تو فائدہ ہوگا ۔ چیری بلاسم اس لیے کہتا ہوں کیونکہ جب بھی بوٹ دیکھتا ہے پالش شروع کردیتا ہے۔ ڈونلڈ لو کے کہنے کے اگلے ہی روز تحریک عدم اعتماد آجاتی ہے ، میری قوم سے اپیل ہے آپ نے کبھی ایسے لوگوں کو اسمبلیوں میں نہیں آنے دینا۔

چیئرمین تحریک انصاف کا کہنا تھا پاکستان سیلاب میں ڈوبا ہوا ہے ، مگر شہباز شریف امریکا میں مہنگے ترین ہوٹلوں میں ٹھہرا، سندھ کے حالات دیکھ کر دکھ ہوتا ہے گھر اور فیصلیں تباہ ہو چکی ہیں۔ بلاول بھٹو امریکا جا کر پتا نہیں کون کون سے کہانیاں سنارہا تھا۔ شہباز شریف خاتون کو انٹرویو دے رہا تھا اور خاتون اینکر ہی سے پیسے مانگنے لگ گیا ۔

مریم نواز کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے عمران خان کا کہنا تھا ہم بھارت کے ساتھ تجارت بند کی مگر مریم نواز نے اپنے داماد کے لیے پاور پلانٹ کے لیے بھارت مشینری منگوائی ہوئی ہے۔ کیونکہ مریم نواز کا داماد ہاؤسنگ سوسائٹی بنا رہا ہے۔

اسحاق ڈار پر تنقید کرتے ہوئے عمران خان کا کہنا تھا ایک شخص 5 سال بعد پرسوں واپس آیا ، اگر ایسے لوگوں کو ہم این آر او دیں گے تو میں پوچھتا ہوں کہ غریبوں کو کیوں بند کیا گیا۔ اس سے زیادہ ملک کی توہین کیا ہوسکتی ہے ، اب ہم نیوٹرل نہیں رہ سکتے ، اگر ملک کو تباہ کرنا ہے تو چوروں کو مسلط کردو ملک خودبخود تباہ ہو جائے گا۔

چیئرمین تحریک انصاف کا کہنا تھا میں تیاری مکمل کررہا ہوں قوم کو جلد کال دینے والا ہوں ، پاکستان کا چیف الیکشن کمشنر چیف الیکٹورل فراڈ ہے ، قوم چیف الیکشن کمشنر کو معاف نہیں کرے گی اس لیے فوری طور پر مستعفی ہو جاؤ۔

متعلقہ تحاریر