مجھے اذیت دینے کے لیے میری بیٹی کو میرے سامنے گرفتار کیا گیا، نواز شریف

مسلم لیگ ن کے سربراہ کا کہنا ہے ایک جھوٹے کیس میں میری زندگی کے پانچ قیمتی سال ضائع کردیئے گئے۔

پاکستان مسلم لیگ (ن) کے تاحیات قائد اور سابق وزیراعظم میاں نواز شریف نے کہا ہے کہ میری زندگی کے 5 قیمتی ترین سال ضائع کردیئے گئے ، میری بیٹی کو میری آنکھوں کے سامنے گرفتار کیا گیا میری بیٹی روتی رہی۔ آپ اندازہ کرسکتے ہیں میرے دل پر کیا گزری ہوگی۔

لندن میں اپنی صاحبزادی مریم نواز کے ہمراہ میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو میاں نواز شریف کا کہنا تھا کہ نیب عدالت کی طرف سے ہمیں سزا ہوئی تو ہم تمام مشکلات کے باوجود بھی پاکستان آئے ۔ پاکستان پہنچنے پر ہمارے ساتھ جو سلوک ہوا وہ سب نے دیکھا۔ آج مریم نواز پاکستان کی عدالتوں سے سرخرو ہو کر واپس آئی ہے۔

یہ بھی پڑھیے

حقیقی آزادی مارچ کا اعلان 2روز میں متوقع، عمران خان کو نظربند کرنیکی تیاری

جیل بھرو تحریک شروع کرنے جارہا ہوں، عمران خان کا میانوالی میں اعلان

سابق وزیراعظم کا کہنا تھا جب ہمیں جیل لےجایا جارہا تھا تو میرے بچے ہمیں جاتے ہوئے دیکھ رہے تھے۔ میں پوچھتا ہوں کہ کیا ان لوگوں کے سینے میں دل نہیں ہے۔

لوگ میری اہلیہ کی بیماری کا مذاق اڑاتے تھے ، ایسی صورتحال میں بھی ہمیں ظلم کا نشانہ بنایا گیا ، کلثوم نواز فوت ہوگئیں اور ہمیں خبر جیل میں ملتی ہے ، مجھے سمجھ نہیں آرہا تھا کہ کیسے مریم نواز کو بتاؤں کہ اس کی والدہ فوت ہوگئیں ہیں ، جب مریم نواز کو بتایا گیا کہ ان کی والدہ فوت ہو گئی ہیں تو وہ زاروقطار رورنے لگیں۔ کسی کو توفیق نہیں ہوئی کہ ہمیں کلثوم نواز کا آخری دیدار کرنے دیتے۔

نواز شریف کا کہنا تھا کہ کون نہیں جانتا جو کیس ہم پر بنائے گئے وہ جعلی کیس تھے۔ کوشش کی گئی ہم الیکشن سے پہلے باہر نہ آسکیں ، جج شوکت صدیقی کی باتوں سے سب چیزیں واضح ہوچکی ہیں ، جسٹس ثاقب نثار کی آڈیو لیک سے ثابت ہوچکا یہ لوگ ہمیں ہر صورت میں سزا دینا چاہتے تھے ، انسان چال چلتا ہے مگر اللہ کی اپنی حکمت ہوتی ہے، ظلم کرنے والے ایک ایک کرکے سامنے آرہے ہیں۔ سوال یہ ہے کہ ایک جھوٹے کیس میں درجنوں پیشیاں کیوں بھگتنا پڑیں۔ سیاست اپنی جگہ مگر کسی پر اس طرح سے ظلم نہیں کرنا چاہیے۔

ن لیگ کے سربراہ کا کہنا تھا مجھے اذیت پہنچانے کے لیے مریم نواز کو میرے سامنے گرفتار کیا گیا۔ یہ وہ واقعات ہیں جنہیں زندگی بھر نہیں بھلایا جاسکتا۔

عمران خان پر تنقید کرتے ہوئے میاں نواز شریف کا کہنا تھا کہ قوم دیکھ رہی ہے کہ یہ کب خودکشی کریں گے ، کہتا تھا آئی ایم ایف نہیں جاؤں گا خود کشی کرلوں گا مگر نہیں ، ہر چیز پر یوٹرن لیا قوم دیکھ رہی ہے۔ ان کی حرکتیں ایک ایک کرکے عیاں ہورہی ہیں۔

سربراہ ن لیگ کا کہنا تھا مجھ سے انتقام لیتے لیتے پاکستان کی معیشت کو بٹھا دیا گیا ، ہم ملک میں بجلی لے کر آئے ، ہمارے دور میں موٹروے پر موٹروے بن رہی تھیں ، پاکستان ایٹمی قوت بن چکا تھا اور معاشی طاقت بننے جارہا تھا۔ پاکستان ترقی کی راہ پر گامزن تھا۔

نواز شریف کا کہنا تھا ایبسولوٹلی ناٹ تو ہم نے کہا تھا جب تھالی میں رکھ کر ہمیں 5 ارب ڈالر پیش کیے گئے۔ میں عمران خان سے پوچھتا ہوں کہ کس بات پر تم ایبسولوٹلی کہہ رہے ہو تم نے کیا ہی کیا ہے۔ میں کہا پاکستان کی قوم غیرت مند ہے۔ میں کہا پاکستان ایسی طاقت بنے گا کہ دشمن حملے کا تصور بھی نہیں کرسکے گا۔ ہماری خدمات ہر شعبے میں ہیں۔ پاکستان سے دہشتگردی کو ہم نے ختم کیا ، ملک کو پرامن بنایا۔

متعلقہ تحاریر