اگر کرپٹ کے ساتھ کھڑے رہو گے تو تم بھی کرپٹ کہلاؤ گے ، عمران خان کا اسٹیبلشمنٹ پر ایک اور وار

چیئرمین تحریک انصاف کا کہنا ہے سکندر سلطان راجہ سے بڑا دو نمبر آدمی کبھی الیکشن کمیشن میں نہیں دیکھا ، اس کے خلاف تو 10 ارب روپے کے ہرجانے کا دعویٰ کروں گا۔

سابق وزیراعظم اور چیئرمین تحریک انصاف عمران خان نے کہا ہے کہ میری دعا ہے کہ اللہ مجھے ارشد شریف جیسی موت دے ، گیڈروں والی موت نہ دے۔ میں اسی ملک میں رہوں گا ، ملکی طاقت مضبوط اداروں میں ہے۔ ادارے تک مضبوط ہوتے ہیں جب قوم ان کے ساتھ کھڑی ہوتی ہے۔

ان خیالات کا اظہار چیئرمین تحریک انصاف نے پی  ٹی آئی کے حقیقی آزادی مارچ کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ ان کا کہنا تھا صابر شاکر پہلے ہی ملک چھوڑ کر باہر بیٹھے ہیں ، معید پیرزادہ اور ارشاد بھٹی بھی ملک چھوڑ کر چلے گئے ہیں۔

یہ بھی پڑھیے

این اے 157 پر پیپلز پارٹی کی جیت حکومتی مشینری کی مرہون منت ہے، شاہ زین قریشی

آرمی چیف اعظم سواتی پر تشدد کرنے والے میجر اور بریگیڈیئر کے خلاف ایکشن لیں، عمران خان کا مطالبہ

انہوں نے کہا کہ میری چیف جسٹس سے درخواست ہے کہ شہباز گل کا کیس سنیں ، چیف جسٹس صاحب آپ کو شکریہ کہ آپ نے اعظم سواتی کا کیس سنا۔ عدلیہ سے کہتا ہوں کہ ساری قوم آپ کی جانب دیکھ رہی ہے۔ انسانوں کے معاشرے میں انصاف جبکہ جانوروں کے معاشرے میں میں جنگل کا قانون ہوتا ہے۔

اداروں کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ جو بھی ان چوروں کے ساتھ کھڑا ہو گا وہ انہیں میں سے گنا جائے گا۔ پہلے کہتے تھے یہ سب چور ہیں اب ان سب کو این آر او دے کر پاک کردیا گیا ہے۔ پھر ان سب کو ڈرائی کلین کرکے ہم پر مسلط کردیا گیا ، اب ہمیں کہتے ہیں کہ ہم بھی ان کے ساتھ بیٹھ جائیں۔ ہم بھیڑ بکریاں اور گائیں بھینسیں نہیں انسان ہیں۔

چیئرمین تحریک انصاف کا کہنا تھا کہ پہلے پرویز مشرف نے بند کمرے میں فیصلہ کیا ان چوروں کو این آر او دیا ، مشرف نے جب ان کو کرپشن پر ہٹایا تو ساری قوم فوج کے ساتھ کھڑی تھی۔ جب تک ڈاکوؤں کو قانون کے نیچے نہیں لائیں گے ملک آگے نہیں بڑھے گا۔ جب پاکستان بنا تھا تو لاکھوں لوگوں نے قربانیاں دی تھیں۔ یہ بھی آزادی کی جنگ ہے اس میں بھی قربانیاں دینا پڑیں گی۔ جب اسلام آباد پہنچوں تو آپ سب نے میرا ساتھ دینا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ آصف زرداری کا بیٹا اردو ایسے بولتا ہے جیسے انگریز اردو بولتے ہیں ، بلاول دیسی ولایتی ہے جسے اردو تک بولنا نہیں آتی۔ جب سے یہ باپ بیٹا آئے ہیں باپ دنیا کا سب سے بڑا ڈاکو بن گیا ہے۔ پیپلز پارٹی دھاندلی اور ریاستی مشینری کے بغیر ایک الیکشن جیت نہیں سکتی ۔ میں 8 میں سے 7 حلقوں میں الیکشن جیتا یہ ورلڈ ریکارڈ بن گیا ہے۔ کبھی کسی نے سنا ہے کہ ایک شخص 8 حلقوں سے کھڑا ہوا ہو اور 7 حلقوں سے جیت گیا ہو۔

کرم ایجنسی کے حالیہ ضمنی انتخاب کی جیت پر گفتگو کرتے ہوئے عمران خان کا کہنا تھا کرم کے لوگوں نے دگنی لیڈ سے پھینٹا لگایا ہے۔ کرم میں چوروں کا ٹولا میرے خلاف الیکشن لڑرہا تھا ، ہم نے کرم میں الیکشن مہم بھی نہیں چلائی تھی۔

چیف الیکشن کمشنر کو مخاطب کرتے ہوئے چیئرمین تحریک انصاف کا کہنا تھا الیکشن کمیشن نے مجھے نااہل قرار دیا تھا۔ چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ کے خلاف 10 ارب روپے کے ہرجانے کا دعویٰ کرنے جارہا ہوں۔ سکندر سلطان کو عدالت میں کھڑا کرکے ہرجانہ لوں گا اور وہ سارا پیسہ شوکت خانم میں دوں گا۔

میری دیانتداری پر سوال اٹھایا ہے اس لیے سکندر سلطان پر ہرجانے کا دعویٰ کروں گا۔ اس بدنیت کو پیچھے سے بھی ہدایات آرہی ہیں ، یہ بدنیت شخص ہے یہ ن لیگ اور شریفوں کا نوکر ہے۔ سکندر سلطان راجہ سے بڑا دو نمبر آدمی کبھی الیکشن کمیشن میں نہیں آیا۔

سابق وزیراعظم کا کہنا تھا ایک بھی غیرقانونی کام کیا ہو تو عدالتی فیصلے کا انتظار نہیں کروں گا خود چھوڑ کر چلا جاؤں گا۔ چوروں کو خوش  کرنے کے لیے توشہ خانہ اور ممنوعہ فنڈنگ کیس میں میرا نام لیا گیا۔ سب کو سوشل میڈیا پر نظر آرہا ہے کہ انقلاب کتنی تیزی سے اسلام آباد کی طرف آرہا ہے ۔ تحریک انصاف کے انقلاب کو اسلام آباد کی جانب بڑھتے ہوئے دیکھ کر کوریج سے روکا جارہا ہے ۔ مجھے پتا ہے امپورٹڈ حکومت ہماری کوریج بند کروا رہی ہے۔

چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کا کہنا تھا میں اللہ کا واسطہ دے کر کہتا ہوں کہ قوم کی آواز سن لو ، جن کے پاس پاور ہے ان سے کہتا ہوں چوروں کے ساتھ نہ کھڑے ہوں ، ایک مرتبہ مشرف نے ان کو این آر او دیا تھا اب آپ نے ان کو ڈرائی کلین کرکے ہمارے سامنے کھڑا کردیا ہے ، آپ ان چوروں کو تسلیم کرتے ہیں کوئی پاکستانی ان کو تسلیم نہیں کرتا۔ خدا کے لے پاکستانی قوم کو جانور نہ سمجھو۔

متعلقہ تحاریر