اگلے چند روز میں پنجاب اور خیبر پختونخوا اسمبلیاں تحلیل کردی جائیں گی، شاہ محمود قریشی

تحریک انصاف کے وائس چیئرمین کا کہنا ہے عمران خان بحیثیت چیئرمین پی ٹی آئی مشاورت کے ساتھ بہت جلد خیبر پختونخوا اور پنجاب کی اسمبلیاں تحلیل کردیں گے تاکہ نئے انتخابات کی فضا ہموار کی جاسکے۔

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے وائس چیئرمین شاہ محمود قریشی نے رمضان تک نئی حکومت کے قیام کی خواہش ظاہر کرتے ہوئے کہا ہے کہ عمران خان چند روز میں خیبرپختونخوا اور پنجاب کی اسمبلی تحلیل کرنے کا ارادہ رکھتے ہیں۔

تفصیلات کے مطابق موجودہ سیاسی صورتحال اسمبلیوں کی تحلیل اور استعفوں کے معاملے پر پاکستان تحریک انصاف کی سینئر قیادت کا مشاورتی اجلاس عمران خان کی زیر صدارت میں ہوا۔ اجلاس کی صدارت سابق وزیراعظم عمران خان نے کی۔ اجلاس میں اسمبلیوں سے استعفوں اور تحلیل کے حوالے سے مشاورت ہوئی۔

یہ بھی پڑھیے

 ایاز صادق کا نوازشریف کی وطن واپسی اور الیکشن کے حوالے سے بڑا اعلان

پاکستان تیزی سے ڈیفالٹ کی جانب بڑھ رہا ہے، حماد اظہر

مشاورتی اجلاس میں ملکی سیاسی صورتحال اور عام انتخابات کی تیاریوں کا جائزہ لیا گیا، اجلاس میں حقیقی آزادی مارچ کی کامیابی کے بعد الیکشن کراو ملک بچاو تحریک کے حوالے سے تفصیلی مشاورت بھی ہوئی۔ الیکشن کراو ملک بچاؤ تحریک کے دائرہ کار وسیع کرنے پر بھی تبادلہ خیال ہوا۔

اجلاس میں پی ٹی آئی کے وائس چیئرمین شاہ محمود قریشی ، فواد چوہدری ، عمران اسماعیل ، تیعمور جھگڑا ، شفقت محمود، سپیکر پنجاب اسمبلی سبطین خان ، شہزاد وسیم، بابر اعوان، شریں مزاری، سیف اللہ نیازی، عامر کیانی ، فرخ حبیب، ڈاکٹر نوشین حامد، عثمان بزدار ، میاں محمودالرشید ، میاں اسلم اقبال، ڈاکٹر ارسلان ، بیرسٹر علی ظفر سمیت دیگر بھی شریک ہوئے ۔

اجلاس کے بعد لاہور کے زمان پارک میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے پی ٹی آئی کے وائس چیئرمین شاہ محمود قریشی نے کہا کہ عمران خان نے کہا ہے کہ آئین اور جمہوری راستہ اپناتے ہوئے سمجھانے کی کوشش کی اور مواقع دیئے، اپوزیشن سے بات کی ، ان کو مختلف انداز میں پیغامات دیے۔

شاہ محمود قریشی کے مطابق عمران خان کا کہنا تھا کہ ہمارے صدر عارف علوی نے اپنا کردار ادا کرنے کی کوشش کی کہ فاصلے کم ہوسکیں اور ہم کسی مثبت راستے پر آگے بڑھ سکیں لیکن پیش رفت نہ ہوسکی اور معاملہ جوں کا توں رہا۔

وائس چیئرمین تحریک انصاف کے مطابق عمران خان نے کہا ہے کہ بطور پارٹی سربراہ جو میرے اختیار میں ہے وہ قدم اٹھاؤں گا اور مشاورت کے ساتھ بہت جلد خیبر پختونخوا اور پنجاب کی اسمبلیاں تحلیل کردوں گا تاکہ نئے انتخابات کی فضا ہموار کی جاسکے۔

شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ ہمارے اراکین پہلے ہی قومی اسمبلی سے باہر آچکے ہیں، حکومت یا پارلیمان کا عملی طور پر حصہ نہیں ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ عمران خان نے لاہور میں پنجاب اور خیبر پختونخوا کی پارلیمانی پارٹی کے اراکین کے ساتھ دو اہم اجلاس منعقد کیے اور ڈویژن کی سطح پر اراکین سے بھی ملاقاتیں کر رہے ہیں۔

شاہ محمود قریشی نے کہا کہ آج کے اجلاس میں عمران خان نے ہم سب کو اعتماد میں لیا اور کہا کہ میں نے جتنی مشاورت اور ملاقاتیں کی ہیں، اس کے مطابق میں مزید قائل ہوگیا ہوں کہ واحد حل نئے انتخابات ہیں اور نئے انتخابات کی طرف بڑھنے کے لیے ہماری سنجیدگی کا مظاہرہ اسمبلیوں کی تحلیل ہوگی۔

رہنما تحریک انصاف کا کہنا تھا پارٹی نے عمران خان کو مکمل اختیار دیا ہے کہ اگر وہ اسمبلیاں تحلیل کرنا چاہتے ہیں تو پارٹی ان کے ساتھ ہے۔

انہوں نے کہا کہ اگر وفاقی حکومت اپنی مفادات کو ملکی مفادات پر ترجیح دینا چاہتے ہیں اور عام انتخابات کی طرف نہیں بڑھتے اور ملک کو مزید ڈبونا چاہتے ہیں تو یہ ان کا فیصلہ ہے۔

شاہ محمود قریشی نے کہا کہ ہماری خواہش ہے کہ پنجاب اور خیبر پختونخوا میں رمضان سے پہلے انتخابات کا عمل مکمل ہو جائے اور نئی حکومتیں وجود میں آجائیں۔ ان کا کہنا تھا کہ عمران خان کی خواہش ہے کہ اسمبلیوں کی تحلیل میں تاخیر نہ کی جائے اور آج پارٹی کی سینئر قیادت کو اس بات سے آگاہ کردیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ملک کی معاشی صورت حال تیزی سے بگڑرہی ہے اور حکومت کے پاس کوئی پالیسی نہیں ہے، ملک میں سرمایہ کاری نہیں ہو رہی ہے، جس سطح پر ہم معیشت چھوڑ کر گئے تھے وہ تیزی سے تنزلی کی طرف جا رہی ہے، ہر اشاریہ یہی کہہ رہا ہے کہ معیشت بگڑتی جا رہی ہے۔

متعلقہ تحاریر