وزیراعلیٰ پرویز الہیٰ اعتماد کا ووٹ لے کر اسمبلی تحلیل کردیں گے، پی ٹی آئی

پاکستان تحریک انصاف کا کہنا ہے کہ وزیراعلیٰ پنجاب کو اسپیکر کا ووٹ نکال کر 187 ارکان کی حمایت حاصل ہے ، حکمرانوں نے عوام کو بری طرح سے مایوس کیا ہے۔

پاکستان تحریک انصاف کے رہنماؤں کا کہنا ہے جب ملک میں صاف و شفاف انتخابات نہیں ہوں گے ملک کے حالات بہتر نہیں ہوں سکتے۔ چوہدری پرویز الہیٰ اسمبلی توڑنے کو تیار ہیں۔

لاہور میں سابق وزیراعظم عمران خان کی رہائش گاہ زمان پارک کے باہر پاکستان تحریک انصاف کے رہنماؤں نے میڈیا سے گفتگو کی۔ رہنما تحریک انصاف فواد چوہدری کا کہنا تھا موجودہ حکومت نے معیشت کو تباہ کرکے رکھ دیا ہے ، ہمارے دورمیں پاکستان ترقی کررہا تھا۔

یہ بھی پڑھیے

اقتدار کی خاطر عوام کے اعتماد کو ٹھیس نہیں پہنچاؤں گا، عمران خان

مسلم لیگ ن کا لاہور ہائیکورٹ کے فیصلے پر عدالت عظمیٰ سے سوموٹو لینے کا مطالبہ

فواد چوہدری کا کہنا تھا قوم ان چوروں کو کبھی معاف نہیں کرے گی، موجودہ حکومت نے عوام کو بری طرح سے مایوس کیا ہے۔

رہنما تحریک انصاف فواد چوہدری کا کہنا تھا جب تک انتخابات نہیں ہونگے ملک کے حالات بہتر نہیں ہوسکتے، مریم نواز نے 2 لوگوں کو استعفے کا کہا تھا وہ استعفے کہاں گئے۔

سابق وفاقی وزیر فواد چوہدری کا کہنا تھا چوہدری پرویز الہٰی اسمبلی توڑنے کو تیار ہیں، چوہدری پرویز الہیٰ اعتماد کا ووٹ ضرور لیں گے ، جب وہ اعتماد کا ووٹ لے لیں گے تو اسمبلی تحلیل کردیں گے۔

انہوں نے کہا ہے کہ چوہدری پرویز الہیٰ کو پاکستان تحریک انصاف کے 177 اور ق لیگ کے 10 ارکان کی حمایت حاصل ہے ، اس طرح انہیں مجموعی طور پر 187 ارکان کی حمایت حاصل ہے۔ ہم لوگ اعتماد کے ووٹ میں تاخیر نہیں کریں گے۔ وزیراعلیٰ پرویز الہیٰ نے وعدہ کیا ہے وہ اسمبلی تحلیل کرنے کے لیے تیار ہیں۔

ان کا کہنا تھا وفاقی وزراء صرف بڑھکیں مار رہے ہیں ، جبکہ دہشت گرد اسلام آباد میں حملے کر رہے ہیں۔ افغانستان میں عدم استحکام بڑھ رہاہے، بلاول بھٹو نے خارجہ پالیسی کا بیڑا غرق کر دیا۔ افغانستان کے اثرات پاکستان پر پڑرہے ہیں۔

میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے رہنما مسرت جمشید چیمہ کا کہنا تھا کہ عوام گواہ ہیں اسمبلیاں تحلیل ہو چکی ہیں، ہم عوام کی عدالت میں سر خرو ہو چکے ہیں۔

پی ٹی آئی کے سینئر رہنما میاں اسلم اقبال کا کہنا تھا کہ تمام اشتہاری پاکستان واپس آ چکے ہیں، اب بھی پاکستان کے خلاف سازش ہو رہی ہے، پی ڈی ایم تمام لوگ اس سازش میں شامل ہیں۔

میاں اسلم اقبال کا کہنا تھا کہ اس حکومت سے نوجوانوں کا اعتبار اٹھ گیا ہے۔

متعلقہ تحاریر