استعفوں کا معاملہ: عمران خان نے پی ٹی آئی ایم این ایز کا اجلاس 28 دسمبر کو طلب کرلیا

رہنما تحریک انصاف فواد چوہدری کے مطابق چیئرمین تحریک انصاف نے ایم این ایز کو اسلام آباد کے خیبرپختون خوا ہاؤس طلب کیا ہے جہاں وہ رہنماؤں سے ویڈیو لنک خطاب بھی کریں گے۔

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین عمران خان نے اتوار کے روز اپنی پارٹی کے تمام ایم این ایز کو 28 دسمبر کو اسلام آباد میں طلب کرلیا ہے ۔ تمام اراکین کو اسلام آباد کے  خیبرپختونخوا (کے پی) ہاؤس طلب کیا گیا تاکہ قومی اسمبلی سے استعفوں کی حکمت عملی طے کی جاسکے۔

پی ٹی آئی کے سینئر نائب صدر فواد چوہدری نے اس بات کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا ہے کہ پارٹی چیئرمین نے 28 دسمبر کو اسلام آباد میں اجلاس طلب کیا ہے۔

یہ بھی پڑھیے

وزیراعلیٰ پنجاب نے صوبائی وزیر حسنین بہادر دریشک کا استعفیٰ نامنظور کردیا

وزیراعلیٰ پرویز الہیٰ اعتماد کا ووٹ لے کر اسمبلی تحلیل کردیں گے، پی ٹی آئی

فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ عمران خان تحریک انصاف کے ممبران قومی اسمبلی سے زمان پارک لاہور سے ویڈیو لنک کے ذریعے خطاب بھی کریں گے۔

ذرائع نے بتایا کہ سابق وزیراعظم اور ایم این ایز اسمبلی سے استعفوں کے حوالے سے اپنی حکمت عملی پر تبادلہ خیال کریں گے۔

یاد رہے کہ پاکستان تحریک انصاف کی اعلیٰ قیادت نے 22 دسمبر کو قومی اسمبلی کے اسپیکر راجہ پرویز اشرف سے رابطہ کرنے اور ان کے سامنے استعفوں کی تصدیق کرنے کا اعلان کیا تھا۔ تاہم گورنر پنجاب کی جانب سے وزیر اعلیٰ پنجاب کی ڈی نوٹیفیکیشن کے بعد انہوں نے اپنا یہ اقدام موخر کر دیا تھا۔

جمعرات کے روز قومی اسمبلی سیکرٹریٹ نے اپنے جاری ہونے والے بیان میں کہا تھا کہ اسپیکر قومی اسمبلی پی ٹی آئی کے ایم این ایز کو ایک ایک کر کے دوبارہ اپنے چیمبر میں طلب کریں گے۔

پی ٹی آئی کے اراکین قومی اسمبلی کو ان کے استعفوں کی توثیق کے لیے ایک ایک کر بلایا جائے گا۔

پی ٹی آئی ایم این ایز کو "رولز آف پروسیجر اینڈ کنڈکٹ آف بزنس ان این اے 2007 کے رول 43 کے ذیلی اصول (2) کے پیراگراف (b)” کے تحت بلایا جائے گا۔

قومی اسمبلی سیکرٹریٹ نے اپنے جاری ہونے والے بیان میں اس بات کی بھی تصدیق کی ہے کہ سیکرٹریٹ نے پی ٹی آئی کے وائس چیئرمین شاہ محمود قریشی کے خط کا بھی جواب دیا، جو انہوں نے 15 دسمبر کو لکھا تھا۔

متعلقہ تحاریر