لوگ آج بھی مشکلات میں ہیں ٹیلی تھون کرنے والے بھاگ گئے، شیری رحمان
وفاقی وزیر برائے موسمیاتی تبدیلی کا کہنا ہے کہ پی ٹی آئی کی حکومت نے 4 سالوں میں جتنے قرضے لیے گذشتہ 70 سال کی حکومتوں نے اتنے قرضے نہیں لیے تھے۔

سکھر: وفاقی وزیر موسمیاتی تبدیلی شیری رحمان نے کہا ہےکہ ملک کے معاشی مسائل کی ذمہ دار پی ٹی آئی ہے اس نے چار سال میں اتنے قرضے لیے جتنے 70 سال کی حکومتوں نے مل کر بھی نہیں لیے تھے۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے سکھر ایئرپورٹ پر گڑھی خدا بخش روانگی سے قبل میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے مزید کہا کہ 70 سال کی حکومتوں نے 28 ہزار ارب ڈالر کے قرضے لیے مگر پی ٹی آئی نے چار سال میں 20 ہزار ارب ڈالرز کے قرضے لیے اور جاتے ہوئے ملک پر 48 ہزار ارب ڈالر کا قرض چھوڑ کر گئے۔
یہ بھی پڑھیے
اسٹیبلشمنٹ ایک حقیقت تھی عمران خان ایک حقیقت ہے، فواد چوہدری
جسٹس سسٹم کے بغیر اہم ٹاسک کا حصول ناممکن ہے، عمران خان
شیری رحمان کا کہنا تھا یہ لوگ جس ڈیفالٹ کے گڑھے کے سامنے ملک کو چھوڑ کر گئے ہم اسے بڑی مشکل سے واپس لائے ہیں۔ انہوں نے ملک کو تقسیم کیا اور جو گھاؤ لگایا ملک لگایا اس وقت اس زخم پر مرہم لگانے کی ضرورت ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ ملک میں اس وقت بارش اور سیلاب سے ساڑھے تین کروڑ لوگ متاثر ہیں ، ماحولیات کی تبدیلی سے ہونے والے نقصان کو ہم پورا کررہے ہیں ، بارش متاثرہ علاقوں میں ہم جارہے ہیں ، یہ لوگ تو دو ٹیلی تھون کرنے کے بعد غائب ہوگئے ہیں۔
وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ اس وقت سیلاب متاثرین کو سردی سمیت دیگر مسائل کا سامنا ہے ، 8 ملین لوگ اب بھی پانی کے قریب ہیں یو این او کی رپورٹ کے مطابق دو کروڑ لوگ اب بھی متاثر ہیں بارشوں سے لوگوں کا روزگار کھانا پینا ،سر کی چھت اور فصلیں تک متاثر ہوئی ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ ہم خیبرپختونخوا میں بھی کام کررہے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ پیپلزپارٹی نے کبھی خلیج پیدا کرنے کی سیاست نہیں کی بلکہ نفرتوں کے خاتمے کی سیاست کی ہے۔ پی ٹی آئی والوں نے چار سالوں میں حکومت نہیں کی بلکہ اپنی انا اور ہوس کو فروغ دیا ہے۔
عمران خان پر تنقید کرتے ہوئے شیری رحمان کا کہنا تھا کہ ان کے ذہنوں میں حکومت چلانے کا مطلب بھی کنٹینر پر کھڑے ہونا ہے۔ ہمیں عوام کی تکالیف کا احساس ہے۔ ہمیں پتہ ہے کہ مہنگائی کتنی ہے کیونکہ سب سے زیادہ ہم مزدور ، کسان اور غریب کے ساتھ کھڑے ہوتے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ 27 دسمبر کا دن جمہوریت پسند لوگوں کے لیے سیاہ ترین دن ہے اس دن سے ہم سے ہماری عالمی لیڈر چھین لی گئی محترمہ بینظیر بھٹو کا قتل انسانیت کے قتل کے مترادف تھا۔