واپڈا ہائیڈرو الیکڑک ورکرز یونین سکھر زون کا اپنے حقوق کیلئے احتجاجی مظاہرہ

آل پاکستان واپڈا ہائیڈرو الیکڑک ورکرز یونین سکھر زون بڑھتی مہنگائی، پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ، اسٹاف کی  کمی ،نئی بھرتیاں نہ کرنے، کانٹریکٹ ملازمین کو ریگولرنہ کرنے کے خلاف پریس کلب پر احتجاجی مظاہرہ کیا، واپڈا ورکرز نے کہا کہ یہ حکومت کا ظالمانہ اقدام ہیں جن کی جتنی مذمت کی جائے وہ  کم ہے

آل پاکستان واپڈا ہائیڈرو الیکڑک ورکرز یونین سکھر زون نے ملک میں بڑھتی مہنگائی، پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ، اسٹاف کی  کمی، نئی بھرتیاں نہ کرنے، کانٹریکٹ ملازمین کو ریگولرنہ کرنے کے خلاف احتجاجی مظاہرہ کیا ۔

واپڈا ورکرز یونین نے آپریشن ون سے سکھر پریس کلب تک احتجاجی ریلی کا انعقاد کیا جس میں یونین کے رہنماؤں سمیت دیگر عوام نے بھی شرکت کی۔ اس موقع پر ملازمین نے اپنے حقوق کیلئے  نعرے بازی بھی کی ۔

یہ بھی پڑھیے

سکھر اسمال ٹریڈرز ایسوسی ایشن نے ایف بی آر کو ٹیکس تجاویز پیش کردیں

احتجاجی مظاہرین سے خطاب کرتے ہوئے مزدور رہنماؤں نے کہا کہ ملک میں بڑھتی ہوئی مہنگائی نے عام آدمی سمیت سرکاری ملازمین کی بھی کمر توڑ رکھی ہے لیکن ان کی تنخواہ میں اضافہ نہیں کیا جارہا ہے۔

یونین رہنماؤں نے کہا کہ ملک کے منافع بخش اداروں کو پبلک پرائیوٹ پارٹنرشپ کے تحت نجکاری کرکے لاکھوں محنت کش ملازمین کو بے روزگار کرنے کی کی سازش کی جارہی ہے۔

  سیپکو میں اسٹاف کی کمی کے باوجود نئی بھرتیاں روکی ہوئی ہیں جبکہ دیگرملازمین سے 12 سے 14 گھنٹے کام کروایا جارہا ہے۔ کانٹریکٹ  ملازمین کو مستقل کرنے کا آسرا دیکر ان سے اضافی کام کروایا جارہا ہے ۔

یونین کے عہدیداروں نے کہا کہ فیلڈ ملازمین کو سیکورٹی فراہم نہیں کی جارہی ہے جبکہ ملازمین کی پروموشن اوراپ گریڈیشن نہ ہونے کی وجہ سے ملازمین میں مایوسی کی لہر دوڑ رہی ہے ۔

واپڈا ورکرز نے کہا کہ  ہمارے تمام ترمطالبات جائز ہیں مگر ان پر کوئی دھیان نہیں دیا جارہا ہے۔ یہ حکومت کے ظالمانہ اقدام ہیں جن کی جتنی مذمت کی جائے وہ  کم ہے ۔

آل پاکستان واپڈا ہائیڈرو الیکڑک ورکرز یونین سکھر زون نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ ہمارے  مسائل حل کیے جائیں اور ملازمین میں پھیلی بے چینی دور کی جائے ۔

متعلقہ تحاریر