14 سال بعد ملتان کرکٹ اسٹیڈیم کال آندھی کی میزبانی کے تیار

پاکستان اور ویسٹ انڈیز کی کرکٹ ٹیموں کے درمیان تین میچز پر مشتمل ون ڈے سیریز کا پہلا کل کھیلا جائے گا۔

پاکستان اور ویسٹ انڈیز کے مابین 8 جون بروز بدھ سے شروع ہونے والی ون ڈے انٹرنیشنل سیریز ملتان میں 14 سال بعد بین الاقوامی کرکٹ کی واپسی کا سبب بنے گی۔ تین میچز کی یہ سیریز آئی سی سی مینز کرکٹ ورلڈکپ سپر لیگ کا حصہ ہے۔

سیریز میں دونوں ٹیموں کی جانب سے سنسنی خیز اور دلچسپ مقابلوں کی توقع ہے، تاہم یہ گراؤنڈ اس سے قبل بھی کئی یادگار کرکٹ میچز کی میزبانی کرچکا ہے۔

یہ  بھی پڑھیے

برطانوی بلے باز جوئے روٹ کی وکٹ پر جادوگری کی وڈیو وائرل

سابق فاسٹ باؤلر شعیب اختر ٹوئٹر پر ٹرینڈ کرنے پر پریشان

ملتان کرکٹ اسٹیڈیم میں پہلا بین الاقوامی کرکٹ میچ 2001 میں کھیلا گیا تھا۔ اس ٹیسٹ میچ میں پاکستان نے مہمان بنگلہ دیش کو ایک اننگز اور 264 رنز سے شکست دی تھی۔

ون ڈے انٹرنیشنل میچز میں شرکت کے لیے قومی کرکٹ ٹیم اتوار کو ملتان پہنچی جبکہ مہمان سائیڈ پیر کو اسلام آباد سے ملتان پہنچی تھی۔ یہ دوسرا موقع ہوگا کہ  جب ویسٹ انڈین اسکواڈ کوئی ون ڈے انٹرنیشنل میچ کھیلنے ملتان پہنچا ہے۔

اس سے قبل دونوں ٹیمیں 13 دسمبر 2006 کو مدمقابل آئیں تھیں، جہاں مارلن سیمیولز نے 91 گیندوں پر 100 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیل کر مہمان ٹیم کو کامیابی سے ہمکنار کرایا تھا۔

ملتان کا خوبصورت کرکٹ اسٹیڈیم اس سے قبل 7 ون ڈے انٹرنیشنل میچز کی میزبانی کرچکاہے، جن میں سے 4 میں پاکستان نے کامیابی حاصل کی ۔

یہاں پہلا ون ڈے انٹرنیشنل ستمبر 2003 میں پاکستان اور بنگلہ دیش کے مابین کھیلا گیا، جس میں میزبان سائیڈ نے بنگلہ دیش کو 137 رنز سے شکست دی۔

ملتان کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلا گیا آخری ون ڈے انٹرنیشنل بھی انہی دونوں ٹیموں کے مابین کھیلا گیا تھا، جس میں پاکستان نے فتح حاصل کی تھی۔

اس وینیو پر سب سے زیادہ ون ڈے انٹرنیشنل رنز پاکستان کے سابق اوپنر یاسر حمید نے اسکور کررکھے ہیں۔ انہوں نے یہاں کھیلی گئی 4 اننگز میں 197 رنز بنائے ۔ اس فہرست میں مقامی ہیرو اور پاکستان کے سابق کپتان انضمام الحق کا نمبر دوسرا ہے، جن کے رنز کی تعداد 178 ہے۔

مارلن سیمیولز سمیت چار بیٹرز ملتان کرکٹ اسٹیڈیم میں سنچریاں اسکور کرچکے ہیں۔ ان میں پاکستان کے یاسر حمید، عبدالرزاق اور بنگلہ دیش کےشکیب الحسن شامل ہیں۔

شعیب ملک اور شاہد آفریدی اس گراؤنڈ پر چھ چھ وکٹیں حاصل کرچکے ہیں جبکہ بھارت کے فاسٹ باؤلر آر پی سنگھ 40 رنز کے عوض چار کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھا چکے ہیں۔

وریندر سہواگ کا 309 اور برائن لارا کا 216:

اگست 2001 سے نومبر 2006 کے دوران ایم سی ایس نے پانچ ٹیسٹ میچز کی میزبانی کی۔ نتیجہ خیز رہنے والے چار میں سے تین میچز میں پاکستان نے کامیابی حاصل کی۔

پاکستان نے ملتان کرکٹ اسٹیڈیم میں انگلینڈ کو ایک اور بنگلہ دیش کو دو مرتبہ ٹیسٹ میچ میں شکست دی جبکہ بھارت نے اس وینیو پر کھیلے گئے اپنے واحد ٹیسٹ میں کامیابی حاصل کی۔ پاکستان اور ویسٹ انڈیز کے مابین کھیلا گیا ٹیسٹ ڈرا ہوا تھا۔

پاکستان کے موجودہ بیٹنگ کوچ اور سابقہ بیٹر محمد یوسف 517 ٹیسٹ رنزبناکر ایم سی ایس کے بیٹنگ چارٹ میں سرفہرست ہے۔ وہ اس وینیو پر تین سنچریاں بنانے والے واحد بیٹر بھی ہیں۔

بھارت کے وریندر سہواگ اور ویسٹ انڈیزکے برائن لارا نے ملتان کرکٹ اسٹیڈیم میں بالترتیب ٹرپل اور ڈبل سنچری اسکور کر رکھی ہیں۔

پاکستان کے دنیش کنیریا اس گراؤنڈ میں کھیلی گئی 5 ٹیسٹ اننگز میں 22 وکٹیں حاصل کرچکے ہیں۔

ملتان کرکٹ اسٹیڈیم میں 35 ہزار تماشائیوں کے بیٹھنے کی گنجائش ہے۔ یہ اسٹیڈیم وہاڑی روڈ پر واقع ہے۔ فروری 2020 میں اس وینیو نے ایچ بی ایل پی ایس ایل کے تین میچز کی میزبانی کی تھی، جہاں میزبان ملتان سلطانز نے تینوں میچز میں پشاور زلمی ، کراچی کنگز اور کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو شکست سے دوچار کیا تھا۔

متعلقہ تحاریر