پاکستان سپر لیگ سیزن 8: اسلام آباد یونائیٹڈ نے پشاور زلمی کو چھ وکٹوں سے شکست دے دی
اسلام آباد یونائیٹڈ کی جانب سے رحمان اللہ گرباز نے 31 گیندوں کا سامنا کرتے ہوئے 7 چوکوں اور 4 چھکوں کی مدد سے 62 رنز اسکور کیے۔
پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) سیزن 8 بارہویں میچ میں اسلام آباد یونائیٹڈ نے رحمان اللہ گرباز کی تیز ترین ففٹی کی بدولت پشاور زلمی کو 15ویں اوور میں دھول چٹا دی۔ اسلام آباد یونائیٹڈ نے مطلوبہ ہدف 4 وکٹوں کے نقصان پر پورا کرلیا۔
کراچی کے نیشنل بینک کرکٹ ایرینا میں کھیلے گئے میچ میں پشاور زلمی نے اسلام آباد یونائیٹڈ کو جیت کے لیے 157 رنز کا ہدف دیا تھا۔
جواب میں اسلام آباد یونائیٹڈ نے اوپننگ بلے باز رحمان اللہ گرباز کے شاندار 62 رنز کی بدولت پشاور زلمی کو 5 اوورز پہلے ہی شکست سے دو چار کردیا۔
یہ بھی پڑھیے
اسلام آباد یونائیٹڈ کی جانب سے اننگز کا آغاز رحمان اللہ گرباز اور کولن منرو نے کیا ، تاہم صرف 9 رنز پر یونائیٹڈ کی پہلی وکٹ گر گئی ، کولن منرو کے نقصان کے باوجود اوپننگ بلے باز گرباز نے ٹیم کو شاندار اسٹینڈ فراہم کیا۔
انہوں نے 200 کی اوسط سے 31 گیندوں کا سامنا کرتے ہوئے 62 رنز اسکور بنائے ، جس میں 7 چوکے اور 4 چھکے بھی شامل تھے۔ عثمان قادر نے انہیں آؤٹ کیا۔
دوسرے نمایاں بلے بازوں میں ریسیو وین ڈر اور آصف علی رہے جنہوں نے بالترتیب 42 اور 29 رنز اسکور کیے۔
رحمان اللہ گرباز کی وکٹ 13ویں اوور میں گری ، تاہم اس موقع پر اسلام آباد یونائیٹڈ کو 42 گیندوں پر 17 رنز درکار تھے۔ راسی وین ڈیر ڈوسن نے شاندار بلے باز کرتے ہوئے صرف 29 گیندوں میں چھ چوکے لگاتے ہوئے 42 رنز بنائے۔
زلمی کی جانب سے عثمان قادر، ارشد اقبال اور جیمز نیشم ایک ایک وکٹ حاصل کر سکے۔
پشاور زلمی نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے اپنے کپتان بابر اعظم کی 75 رنز کی شاندار اننگز اور محمد حارث کے 41 رنز کے باوجود 20 اوورز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر صرف 156 بنائے۔
ٹیم زلمی کی اوپننگ جوڑی نے یونائیٹڈ کے خلاف تیز شروعات کی اور صرف سات اوورز میں 76 رنز جوڑے لیے۔ شاداب خان نے اپنےاوور کی آخری گیند پر حارث رؤف کو آؤٹ کیا۔ انہوں نے صرف 20 گیندوں پر 4 چوکے اور ایک چھکا کی مدد سے 41 رنز بنائے۔
اسلام آباد یونائیٹڈ کی جانب سے حسن علی نے 35 رنز دے کر 3 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا جبکہ شاداب خان ، رومان رئیس، فہیم اشرف اور مبصر نے ایک ایک کھلاڑی کو پویلین کی راہ دکھائی۔
پلیئنگ الیونز
پشاور زلمی: بابر اعظم (کپتان)، محمد حارث (وکٹ)، صائم ایوب، ٹام کوہلر کیڈمور، روومین پاول، داسن شاناکا، جیمز نیشام، وہاب ریاض، عثمان قادر، ارشد اقبال، سفیان مقیم
اسلام آباد یونائیٹڈ: کولن منرو، رحمان اللہ گرباز، رسی وین ڈیر ڈوسن، شاداب خان (کپتان)، اعظم خان (وکٹ)، آصف علی، مبصر خان، فہیم اشرف، ٹام کرن، حسن علی، رومان رئیس