پی ایس ایل سیزن 8 کے میچز شیڈول کے مطابق لاہور اور پنڈی میں ہوں گے، نجم سیٹھی
چیئرمین پی سی بی کا کہا ہے کہ ایچ بی ایل پی ایس ایل 8 کے لاہور اور پنڈی میں میچز شیڈول کے مطابق جاری رہیں گے۔
پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے چیئرمین نجم سیٹھی نے پاکستان سپر لیگ سیزن 8 کے میچز شیڈول کے مطابق لاہور اور راولپنڈی میں کرانے کا اعلان کردیا ہے۔ انہوں نے یہ اعلان وزیراعظم شہباز شریف کی یقین دہانی اور نگراں وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی کی جانب سے روٹ کی لائیٹنگ کے اخراجات اٹھانے کے بعد کیا ہے۔
چیئرمین پی سی بی اور مینجنگ ڈائریکٹر نجم سیٹھی نے کہا ہے کہ لاہور اور راولپنڈی کے میچز شیڈول کے مطابق ہوں گے۔
یہ بھی پڑھیے
پاکستان سپر لیگ سیزن 8: کراچی کنگز نے ملتان سلطانز کو 66 رنز سے شکست دے دی
پی ایس ایل 8: کراچی کنگز نے ملتان سلطانز کو 168 رنز کا ہدف دے دیا
سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر پیغام شیئر کرتے ہوئے چیئرمین پی سی بی نجم سیٹھی نے کہا ہے کہ "خوشخبری: وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی صاحب نے لاہور میں پی ایس ایل میچز کے دوران روٹ کی لائیٹنگ کے اخراجات شیئر کرنے پر رضا مندی دے دی ہے۔”
Good news: CM Punjab Mohsin Naqvi Saheb has been kind enough to agree to share cost of lighting routes during PSL matches in Lahore. HBl PSL8 matches in Lahore and Pindi shall continue as scheduled.
— Najam Sethi (@najamsethi) February 26, 2023
چیئرمین پی سی بی نے مزید لکھا ہے کہ "ایچ بی ایل پی ایس ایل 8 کے لاہور اور پنڈی میں میچز شیڈول کے مطابق جاری رہیں گے۔”
نجم سیٹھی نے اس موقع پر نگراں وزیر اعلیٰ پنجاب محسن نقوی کا شکریہ بھی ادا کیا اور شائقین کے لیے اس کو بڑی خوش خبری قرار دیا۔
واضح رہےکہ آج سہ پہر کو چیئرمین پی سی بی نجم سیٹھی نے وزیراعظم شہباز شریف سے ٹیلی فونک رابطہ کیا تھا ، جس میں انہوں نے لاہور اور راولپنڈی کے میچز کے حوالے سے گفتگو کی تھی ، جس پر وزیراعظم شہباز شریف نے انہیں اپنے مکمل تعاون کی یقین دہانی کرائی تھی۔
تاہم اب چیئرمین پی سی بی کے اعلان کے بعد کراچی میں اتوار کو نوواں اور آخری میچ کھیلا گیا ، جس کے بعد براڈ کاسٹرز نے اپنا سامان باندھ لیا، میچ کے لیے لگائی جانے والی ڈیجیٹل باونڈری کو بھی نکال لیا۔
واضح رہے کہ پنجاب حکومت اور پی سی بی کے درمیان فنڈز کے معاملے پر ڈیڈ لاک برقرار تھا جس پر نجم سیٹھی نے فرنچائز مالکان سے مشاورت کے بعد بقیہ میچز کراچی منتقل کرنے کا عندیہ دیا تھا۔