عامر اور عماد کی عمدہ کارکردگی کے باوجود کراچی کو پشاور کے ہاتھوں شکست

پشاور زلمی کے 198 رنز کے ہدف کے تعاقب میں کراچی کی کنگز کی ٹیم مقررہ اوورز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر 173 رنز بنا سکی اور اسے 24 رنز  سے اپنا پانچواں میچ ہارگئی۔

پی ایس ایل 8  کے 17 ویں میچ میں محمد عامر اور کپتان عماد وسیم کی عمدہ کارکردگی کے باوجود کراچی کنگز کو  پشاور زلمی کے ہاتھوں شکست کا سامنا کرنا پڑگیا۔

پشاور زلمی کے 198 رنز کے ہدف کے تعاقب میں کراچی کی کنگز کی ٹیم مقررہ اوورز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر 173 رنز بنا سکی اور اسے 24 رنز  سے اپنا پانچواں میچ ہارگئی۔

یہ بھی پڑھیے

مریم نفیس نے اسلام آباد کی شکست پر اعظم خان کو بلے سے دھوڈالا

بسمہ معروف پاکستان ویمز کرکٹ ٹیم کی کپتانی سے مستعفی

 

کراچی کنگز کے کپتان عماد وسیم کی جانب سے  ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ فاسٹ بولر محمد عامر نے درست کردکھایا اور پہلے ہی  اوور میں محمد حارث اور کپتان بابراعظم کو صفر پر ایل بی ڈبلیو کرکےپویلین کی راہ دکھائی.

محمد عامر نے اپنے دوسرے اوور میں  صائم ایوب کو بھی آؤٹ کردیا۔یوں  پشاور زلمی کے محض 2 رنز پر تین کھلاڑی آؤٹ ہوگئے۔تاہم بعد میں آنے والے ٹام کوہلرکیڈ مور، حسیب اللہ خان اور روومین پاویل نے بالترتیب 56، 50 اور 64 رنز کی اننگز کھیل کر پشاور زلمی کو مشکل سے نکالا ۔

 یوں پشاور زلمی نے مقررہ اوورز میں 5 وکٹوں کے نقصان پر 197 رنز بنائے اور کراچی کنگز کو جیت کیلیے198رنز کا ہدف دیا۔ کراچی کی جانب سے محمد عامر نے 4 اور تبریز شمسی نے ایک وکٹ حاصل کی۔

پشاور کے 198 رنز کے ہدف کے تعاقب میں کراچی کنگز کی جانب سے اننگز کا آغاز مستحکم رہا اور پہلی وکٹ 40 کے مجموعی رنز پر گری، اس کے بعد طیب طاہر، عرفان خان اور شعیب ملک بالترتیب 6، 4 اور ایک رن بناکر پویلین لوٹ گئے۔میتھیو ویڈ 53 رنز بنا کر بولڈ ہوگئے۔  اس کے بعد کپتان عماد وسیم نے جارحانہ اننگز کھیلی لیکن ٹیم کو نہ جتوا سکے۔

کنگز کی ٹیم مقررہ 20 اوورز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر 173 رنز بنائے اور اسے 24 رنز سے شکست ہوئی۔عماد وسیم 57 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ ہوئے، پشاور کے عظمت اللہ عمر زئی اور عامر جمال نے 3، 3 وکٹیں حاصل کیں۔ پشاور زلمی کے روومین پاویل کو پلیئر آف دی میچ قرار دیا گیا۔

کراچی کی ٹیم کواب تک 7 میچز میں سے 5 میں ناکامی کا سامنا کرنا پڑا ہے۔ پی ایس ایل 8میں لاہور قلندرز 5 میچز کھیل کر پہلے جبکہ ملتان سلطانز دوسرے ، اسلام آباد تیسرے، پشاور زلمی چوتھے، کراچی کنگز پانچویں اور کوئٹہ چھٹے نمبر پر ہے۔

متعلقہ تحاریر