پی ایس ایل 8: کراچی کنگز اسلام آباد یونائیٹڈ کیخلاف201 رنز کے دفاع میں بھی ناکام

اعظم خان نے 41 گیندوں پر 74 رنز بناکر اسلام آباد کی 6 وکٹوں سے کامیابی میں اہم کردار ادا کیا، کراچی کنگز کے کپتان عماد وسیم کی54 گیندوں 92 رنز کی اننگز بھی رائیگاں

پی ایس ایل 8  کے 19 ویں میچ میں اسلام آباد یونائیٹڈ نے اعظم خان کی شاندار بیٹنگ کی بدولت201رنز کا مشکل ہدف بھی حاصل کرکے کراچی کنگز  کو 6 وکٹوں سے ہرادیا۔

اعظم خان نے 41 گیندوں پر 74 رنز بناکر اسلام آباد کی 6 وکٹوں سے کامیابی میں اہم کردار ادا کیا، کراچی کنگز کے کپتان عماد وسیم کی54 گیندوں 92 رنز کی اننگز بھی رائیگاں چلی گئی۔

یہ بھی پڑھیے

کوئٹہ گلیڈی ایٹرز 50رنز پر 7وکٹیں گرانے کے بعد بھی لاہور قلندرز سے ہارگئے

عامر اور عماد کی عمدہ کارکردگی کے باوجود کراچی کو پشاور کے ہاتھوں شکست

راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں کراچی کنگز کے کپتان عماد وسیم نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔کراچی کنگز کی جانب سے شرجیل خان اور ایڈم روسنگٹن نے اننگز کا آغاز کیا لیکن شرجیل خان صرف 8 رنز بنا کر رومان رئیس کی گیند پر بولڈ ہو گئے، روسنگٹن بھی 20 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے جبکہ طیب طاہر 19 اور شعیب ملک 12 رنز بنا سکے۔

عماد وسیم نے عرفان خان نیازی کے ساتھ مل کر شاندار بیٹنگ کرتے ہوئے ٹیم کا اسکور آگے بڑھایا اور مقررہ 20 اوور میں 5 وکٹوں کے نقصان پر 201 رنز کا ٹوٹل اسکور بورڈ پر سجایا۔عماد وسیم 54 گیندوں پر 2 چھکوں اور 11 چوکوں کی مدد سے 92 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے جبکہ عرفان خان نیازی نے 30 رنز کی اننگز کھیلی۔

اسلام آباد کی جانب سے ٹام کرن نے دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا جبکہ فہیم اشرف، رومان رئیس اور حسن علی کے حصے میں ایک ایک وکٹ آئی۔

202 رنز کے ہدف کے تعاقب میں اسلام آباد کے کی پہلی وکٹ 12 رنز پر گر گئی جبکہ ایلکس ہیلز بھی 62 کے مجموعے پر بولڈ ہو گئے جبکہ رسی وین ڈر ڈوسن بھی 22 رنز بنا کر بولڈ ہو گئے۔

تین وکٹیں گرنے کے بعد اعظم خان اور فہیم اشرف نے ذمہ دارانہ انداز سے بیٹنگ کرتے ہوئے ناصرف ٹیم کا اسکور آگے بڑھایا بلکہ اپنی ٹیم کے لیے جیت کی بنیاد رکھی لیکن جیت سے چند قدم کی دوری پر فہیم اشرف 41 رنز بنا کر رن آؤٹ ہو گئے۔

دوسری جانب اعظم خان نے ایک بار پھر شاندار بلے بازی کا مظاہرہ کیا اور انہوں نے 41 گیندوں پر 74 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیل کر اپنی ٹیم کو فتح سے ہمکنار کرایا۔ اعظم خان مرد میدان قرار پائے۔

یاد رہے کہ پی ایس ایل 8 میں کراچی اور اسلام آباد دوسری مرتبہ مدمقابل آئے تھے ،پہلے میچ میں بھی  اسلام آباد یونائیٹڈ نے کراچی کنگز کو 4 وکٹوں سے شکست دی تھی۔

کراچی کنگز اب تک ٹورنامنٹ میں 6 میچ ہار چکی ہے اور صرف دو میں اسے کامیابی حاصل ہوئی ہے، عماد الیون کی پلے آف مرحلے میں رسائی اب تقریباً ناممکن ہوچکی ہےاور اسے  اگر مگر کے مرحلے کا سامنا ہے۔

متعلقہ تحاریر