پی ایس ایل 8 میں بقا کی جنگ، کوئٹہ  نے پشاور کا 241رنز کاریکارڈ ہدف عبور کرلیا

بابر اور صائم کی 162 رنز کی اوپننگ شراکت کے باعث پشاور زلمی نے مقررہ اوورز میں 2وکٹوں کے نقصان پر 240 رنز بنائے، بابر اعظم کی پی ایس ایل کی پہلی سنچری، کوئٹہ نے جیسن رائے کی 63 گیندوں پر 145 رنز کی برق رفتار اننگز کی بدولت 19 ویں اوور میں ہی ہدف حاصل کرلیا

پی ایس ایل 8 میں بقا کی جنگ میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرزنے  پشاور زلمی  کیخلاف 241 رنز کا اب تک کا سب سے بڑا ہدف عبور کر کے  تاریخ رقم کر دی۔

راوالپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے گئےپی ایس ایل 8 کے 25ویں  میچ میں پشاور زلمی کے کپتان بابر اعظم نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔

یہ بھی پڑھیے

پی ایس ایل میں کھلاڑیوں کے ساتھ  ساتھ انکے والدین کا جذبہ بھی عروج پر

اعظم خان اور شاداب خان کے فوٹو سیشن نے پرستاروں کو نرگس فخری کی یاد دلادی

 

بابر اعظم اور صائم ایوب نے پشاور زلمی کو 162 رنز کا شاندار آغاز فراہم کیا۔صائم ایوب 34 گیندوں پر 5 چھکوں اور 6 چوکوں کی مدد سے 74 رنز کی دھواں دھار اننگز کھیل کر آؤٹ ہوئے۔

بابر اعظم نے 60 گیندوں پر اپنی پہلی پی ایس ایل سنچری اسکور کی اور وہ 3 چھکوں اور 15 چوکوں کی مدد سے 115 رنز بنا کر رن آؤٹ ہوئے۔ روومین پاول 35 اور ٹام کوہلر کیڈمور 7 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔

پشاور زلمی نے مقررہ 20 اوور میں 2 وکٹوں کے نقصان پر 240 رنز اسکور کیے جبکہ کوئٹہ کی جانب سے واحد وکٹ ڈیوائن پروٹوریس کے حصے میں آئی۔

پشاور زلمی کے241 رنز کے ہدف  کے تعاقب میں  کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی جانب سے اننگز کا آغاز مارٹن گپٹل اور جیسن رائے نے کیا اور اننگز کی ابتدا میں ہی جارحانہ اندازاپنایا تاہم مارٹن گپٹل8 گیندوں پر 21 رنز بناکر پویلین لوٹ گئے جس کے بعد ول اسمیڈ بھی بڑی اننگز کھیلنے میں ناکام رہے اور 26رنز بناکر آؤٹ ہوگئے۔

تاہم جیسن رائے کا بلا  مسلسل رنز اگلتا رہا اور انہوں نے چوکوں چھکوں کی برسات جاری رکھی۔جیسن رائے نے   44 گیندوں پر اپنی پی ایس ایل کی دوسری سنچری مکمل کی جبکہ وہ مجموعی طور پر 63 گیندوں پر 5 چھکوں اور 20 چوکوں کی مدد سے 145 رنز بنا کر ناقابل شکست رہے۔

محمد حفیظ نے بھی 18 گیندوں پر 41 رنز کی اننگز کھیلی اور اس طرح کوئٹہ نے 241 رنز کا ہدف 19 ویں اوور میں صرف دو وکٹوں کے نقصان پر پورا کر لیا جو پی ایس ایل کی تاریخ کا سب سے بڑا عبور کیا جانے والا ہدف ہے۔

واضح رہے کہ کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی جانب سے حاصل کیا گیا 241 رنز کا ہدف پی ایس ایل کا اب تک کا ریکارڈ ہے۔اس سے قبل گزشتہ سال ملتان سلطانز نے لاہور قلندرز کی جانب سے دیا گیا  207 رنز کا ہدف حاصل کیا تھا۔

دریں اثنا کوئٹہ گلیڈی ایٹرز اور پشاور زلمی کے میچ میں کئی ریکارڈز بھی بنےجن میں جیسن رائے کی 145رنز کی اننگز بھی شامل ہے جو اب تک پی ایس ایل کا سب سے بڑا انفرادی اسکور ہے۔اسی طرح اس میچ میں کسی بھی ٹی 20 لیگ میں سب سے زیادہ75 باؤنڈریزکا ریکارڈ بھی قائم ہوا۔

متعلقہ تحاریر