پشاور زلمی پھر 242 رنز کے دفاع میں ناکام، ملتان سلطانز نے کوالیفائر میں جگہ بنالی

بابر اعظم اور صائم ایوب کی نصف سنچریز کی بدولت پشاور نے 243رنز کا مشکل ہدف دیا، رائیلی روسو کی پی ایس ایل کی تاریخ کی تیز ترین سنچری کی بدولت ملتان سلطانز نے آخری اوور میں ہدف پورا کرلیا، 51 گیندوں پر 121 رنز بنانے والے رائیلی روسو میچ کے بہترین کھلاڑی قرار

پی ایس ایل 8 کے 27 ویں میچ میں ملتان سلطانز نے رائیلی روسو کی شاندار سنچری کی بدولت 243 رنز کا مشکل ہدف حاصل کرکے پشاور زلمی کو4وکٹوں سے شکست دےدی۔

زلمی کے صائم ایوب پی ایس ایل 8 میں اسٹار بن کر سامنے آئے ہیں جو اب تک 5 نصف سنچریز اسکور کرچکے ہیں۔

پشاور زلمی کو شکست دینے کے بعد ملتان سلطانز نے کوالیفائر میں جگہ بنالی ہے جبکہ پشاور زلمی اور کوئٹہ گلیڈی ایٹرز میں سے کسی ایک ٹیم کی کوالیفائر میں رسائی کا فیصلہ کل دونوں ٹیموں کے درمیان ہونے والے میچ میں ہوگا۔

یہ بھی پڑھیے

فخر زمان کی شاندار سنچری، قلندرز نے یونائیٹڈ کو آؤٹ کلاس کردیا

سائمن ڈول کو حسن علی کی اہلیہ پر لاعلمی میں کیا گیا تبصرہ مہنگا پڑگیا

راولپنڈی کرکٹ گراؤنڈ میں کھیلے گئے میچ میں پشاور کے کپتان بابر اعظم نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔زلمی کی جانب سے اننگز کا آغاز صائم ایوب اور بابر اعظم نے کیا اور دونوں کھلاڑیوں نے اپنی ٹیم کو 134 رنز کا شاندار آغاز فراہم کیا، صائم ایوب4چھکوں اور 5 چوکوں کی مدد سے33 گیندوں پر 58 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے جبکہ بابر اعظم بھی2چھکوں اور 9 چوکوں کی مدد سے39گیندوں پر  73 رنز کی شاندار اننگز کھیل کر کیچ آؤٹ ہو گئے۔

محمد حارث نے4چھکوں اور ایک چوکے کی مددسے  11 گیندوں پر 35 رنز کی برق رفتار اننگز کھیلی جبکہ ٹام کوہلر کیڈمور 38 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے، عظمت اللہ عمر زئی 16 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔

ملتان سلطانز کی جانب سے عباس آفریدی نے 4 اوورز میں 39 رنز دیکر 4 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا جبکہ انور علی مہنگے ترین بولر ثابت ہوئے اور انہوں نے 4 اوورز میں 66 رنز دیکر ایک وکٹ حاصل کی۔

ملتان سلطانز کا آغاز اچھا نہ رہا اور صرف 28 رنز  پر دونوں اوپنرز شان مسعود اور محمد رضوان پویلین لوٹ گئے، شان مسعود نے 5 اور محمد رضوان نے 7 رنز بنائے۔

دو وکٹیں جلد گرنے کے بعد  رائیلی روسو اور کیرون پولارڈ نے چھکوں چوکوں کی بارش کرتے ہوئے  اپنی ٹیم کا اسکور تیزی کے ساتھ آگے بڑھایا۔ روسو نے پہلے صرف 17 گیندوں پر نصف سنچری اسکور کی اور پھر 41 گیندوں پر پی ایس ایل کی تیز ترین سنچری بنا ڈالی، وہ 8 چھکوں اور 12 چوکوں کی مدد سے 121 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔

کیرون پولارڈ نے بھی 25 گیندوں پر 5 چھکوں اور 3 چوکوں کی مدد سے 52 رنز کی اچھی اننگز کھیلی جبکہ انور علی 24 اور اسامہ میر 11 رنز بنا کر ناقابل شکست رہے۔

ملتان سلطانز نے 243 رنز کا ہدف 20 ویں اوور کی پہلی گیند پر 6 وکٹوں کے نقصان پر پورا کر کے پلے آف مرحلے کے لیے کوالیفائی کر لیا۔

یاد رہے کہ ٹورنامنٹ میں یہ دوسرا موقع ہے کہ پشاور زلمی کی ٹیم 240 سے زائد رنز کادفاع کرنے میں ناکام رہی ہے۔اس سے قبل کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے بھی جیسن رائے کی برق رفتار اننگز کی بدولت 241 رنز کا ہدف حاصل کرلیا تھا۔

متعلقہ تحاریر