پی ایس ایل 8: پلے آف مرحلے کیلیے ٹیموں کی صف بندی مکمل

لاہور قلندرز پہلے، ملتان سلطانز دوسرے، اسلام آبادیونائیٹڈ تیسرے اور پشاور زلمی چوتھے نمبر براجمان، بدھ کو کوالیفائر میں لاہور اور ملتان کی ٹیمیں مدمقابل آئیں گی، فاتح ٹیم فائنل میں جگہ بنالے گی

پی ایس ایل 8 میں اتوار کو کھیلے جانے والے 2 میچز  کے بعد پلے آف مرحلے کیلیے ٹیموں کی صف بندی مکمل ہوگئی۔

لاہور قلندرز 10 میں سے 7 میچز جیت کر 14 پوائنٹس کے ساتھ پہلے،ملتان سلطانز 10 میں سے 6 میچز جیت کر 12 پوائنٹ کے ساتھ دوسرے، اسلام آباد یونائیٹڈ بھی 10 میں 6 میچز جیتنے کے بعد رن ریٹ کی بنیاد پر تیسرے جبکہ پشاور زلمی10 میں سے 5 میچز جیتنے کےبعد 10 پوائنٹس کے ساتھ چوتھے نمبرپر براجمان ہے۔

یہ بھی پڑھیے

پی ایس ایل سیزن 8: پشاور نے اسلام آباد کو ایک آسان میچ میں شکست دے دی

5 غیر ملکی کھلاڑی پی ایس ایل 8 کا آخری مرحلہ کھیلنے سے محروم رہیں گے

پلے آف مرحلے میں لاہور قلندرز اور ملتان سلطانز کے درمیان بدھ 15 مارچ کو کوالیفائر میچ کھیلا جائے گا جس کی فاتح ٹیم براہ راست فائنل میں رسائی حاصل کرلی گی۔

جمعرات کو 16 مارچ کو پہلے ایلیمنیٹر میں اسلام آباد یونائیٹڈ اور پشاور زلمی کی ٹیمیں مدمقابل آئیں گی، ہارنے والی ٹیم ایونٹ سے باہر ہوجائے گی جبکہ فاتح ٹیم 17 مارچ کو دوسرے ایلیمنیٹر میں کوالیفائر ہارنے والی ٹیم سے  میچ کھیلے گی۔ اس میچ کی فاتح ٹیم فائنل میں رسائی حاصل کرلے گی۔

ایچ بی ایل پی ایس  ایل سیزن 8 کا فائنل 19 مارچ کو قذافی اسٹیڈیم لاہور میں کھیلا جائے گا ۔  پی ایس ایل 8 کے پلے آف مرحلے سے قبل آخری میچ میں  کراچی کنگز نے لاہور قلندرز کو با آسانی 86 رنز سے شکست دے دی۔

لاہور کے قذافی اسٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں کراچی کنگز نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ  کا فیصلہ کیا۔ کراچی کنگز کے محمد اخلاق  نے پی ایس ایل 8 میں اپنے ڈیبیو میچ میں 51 رنز کی شاندار اننگز کھیلی۔

کپتان عماد وسیم 45 اور طیب طاہر 40 رنز بناکر نمایاں رہے۔ کراچی کی ٹیم نے مقررہ 20 اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 196  رنز  بنائے۔لاہور قلندرز کی جانب سے حارث رؤف، زمان خان اور حسین طلعت نے دو دو جبکہ دلبر حسین نے ایک وکٹ حاصل کی۔

197 رنز کے ہدف کے تعاقب میں لاہور قلندرز کی ٹیم 19 ویں اوور میں 110 رنز بنا کر ڈھیر ہو گئی۔لاہور قلندرز کی جانب سے حسین طلعت نے25، حارث رؤف نے 18 جبکہ فخر زمان نے 13 رنز بنائے۔کراچی کنگز کے عماد وسیم، عاکف جاوید، محمد عمر اور عمران طاہر نے دو دو وکٹیں حاصل کیں جبکہ جیمز فلر کے حصے میں ایک وکٹ آئی۔ کراچی کنگز کے محمد اخلاق میچ کے بہترین کھلاڑی قرار پائے۔

متعلقہ تحاریر