پاکستان خواتین کرکٹ میں تبدیلی: ندا کپتان مقرر، مارک کولز دوبارہ کوچ مقرر
پاکستان کرکٹ بورڈ نے ندا ڈار کو پاکستان ویمن ٹیم کا دوبارہ کپتان مقرر کر دیا ہے۔ مارک کولز ٹیم کے ہیڈ کوچ مقرر ہوں گے جبکہ اہم تقرری کرتے ہوئے سابق ٹیسٹ کرکٹر سلیم جعفر کو ویمن سلیکشن کمیٹی کا چیئرمین مقرر کردیا گیا ہے۔ ان تقرریوں کی منظوری چیئرمین پی سی بی مینجمنٹ کمیٹی کے سربراہ نجم سیٹھی نے دی ہے۔
یہ تقرریاں خواتین کرکٹ میں مزید سرمایہ کاری کے پی سی بی کے وژن اور حکمت عملی کی روشنی میں کی گئی ہیں۔
یہ تقرریاں آئندہ بین الاقوامی اسائنمنٹس کو مدنظر رکھتے ہوئے کی گئی ہیں، جن میں جنوبی افریقہ کی میزبانی اور آئی سی سی ویمنز چیمپئن شپ 25-2022 کے فکسچر ، بنگلہ دیش اور نیوزی لینڈ کے دورے بھی شامل ہیں۔
شیڈول کے مطابق مجموعی طور پر اگست 2023 سے جولائی 2024 تک کے 11 ماہ کے عرصے دوران پاکستان ویمنز ٹیم پانچ دو طرفہ کرکٹ سیریز کھیلے گی۔ ان میں کل 15 آئی سی سی ویمنز چیمپئن شپ 2022-25 ون ڈے میچز شامل ہیں۔ ون ڈے میچز کے علاوہ پاکستان زیادہ سے زیادہ 17 ٹی ٹوئنٹی میچز کھیلے گا۔
ندا ڈار بنگلہ دیش میں 10 ٹیموں کے ICC خواتین کے T20 ورلڈ کپ اور بھارت میں آٹھ ٹیموں کے ICC ورلڈ کپ کی قیادت کریں گی، جو بالترتیب 2024 اور 2025 میں منعقد ہوں گے۔
چیئرمین پی سی بی نجم سیٹھی نے کہا ہے کہ”میں ندا، مارک اور سلیم کو ان کی تقرری پر مبارکباد دینا چاہتا ہوں۔ ندا ایک تجربہ کار اور انتہائی قابل احترام کھلاڑی ہے، مارک کا خواتین کی کرکٹ کوچنگ میں ثابت شدہ ٹریک ریکارڈ ہے اور سلیم اپنے ساتھ بین الاقوامی تجربے اور علم کی دولت لاتے ہیں۔”
انہوں نے مزید لکھا ہے کہ “ہمیں یقین ہے کہ یہ امتزاج نہ صرف نوجوان کرکٹرز کو اپنی طرف متوجہ کرے گا اور اعلیٰ معیار کے بین الاقوامی کرکٹرز بننے کے خوابوں کو پورا کرنے میں مدد دے گا، بلکہ اس بات کو بھی یقینی بنائے گا کہ ٹیم مجموعی طور پر ان کی سابقہ کارکردگیوں اور کامیابیوں کی تقلید کرے۔”
انہوں نے اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے لکھا ہے کہ "مجھے یقین ہے کہ ندا، مارک اور سلیم کی نگرانی میں پاکستان کی خواتین کی کرکٹ ترقی کرے گی اور پھلے پھولے گی۔”
ندا ڈار
ندا نے 2021 کے لیے پی سی بی ویمنز کرکٹر آف دی ایئر جیتا اور بسمہ معروف کی جگہ لی، جنہوں نے جنوبی افریقہ میں آئی سی سی ویمنز ٹی 20 ورلڈ کپ 2023 کے بعد کپتانی سے استعفیٰ دے دیا تھا۔ ندا ملک کے سب سے تجربہ کار کھلاڑیوں میں سے ایک ہیں، جنہوں نے 130 T20I اور 99 ODI میں پاکستان کی نمائندگی کی ہے۔
وہ T20I خواتین کی کرکٹ میں 126 وکٹوں کے ساتھ سب سے زیادہ وکٹیں لینے والی بولر بھی ہیں۔









