کیویز سے 5ویں ون ڈے میں شکست، پاکستان عالمی نمبر ایک نہیں رہا

پاکستان ٹیم 300 رنز کے ہدف کے تعاقب میں 252 رنز پر ڈھیر ہوگئی، افتخار احمد 92 اور آغا سلمان 57رنز بناکر نمایاں رہے، سیریز1-4 سے شاہینوں کے نام رہی، پاکستان ایک پوائنٹ کے فرق سے عالمی درجہ بندی میں تیسرے نمبر پر آگیا۔

پاکستان بمشکل 2  دن ہی  ون ڈے رینکنگ میں پہلی پوزیشن پر برقرار رکھ سکا اور  نیوزی لینڈ کیخلاف پانچویں اور آخری ون ڈے میں 47رنز سے شکست کھانے کے بعد پہلے سے تیسرے نمبر پر آگیا۔

شاہینوں نے پانچویں ون ڈے میں شکست کےباوجود سیریز 1-4 سے اپنے نام کرلی۔

یہ بھی پڑھیے

پاکستان کیویز کو چوتھاون ڈے ہراکر عالمی نمبر ایک بن گیا،بابرکے مزید 2 ریکارڈز

ورلڈکپ میں پاک بھارت ٹاکرا احمد آباد کے مودی اسٹیڈیم میں ہوگا

کراچی کے نیشنل بینک کرکٹ ایرینا میں کھیلے گئے پانچویں اور آخری ون ڈے میں نیوزی لینڈ کے 300 رنز کے ہدف کے تعاقب میں پاکستان کی ٹیم 252 رنز پر ڈھیر ہوگئی۔ افتخار احمد 94 اور آغا سلمان 57 رنز بناکر نمایاں رہے۔

آخری ون ڈے میں شکست کے ساتھ ہی پاکستان بمشکل 2 دن عالمی نمبر ایک کی پوزیشن پر براجمان رہنے کے بعد  تیسری نمبر پر آگیا۔

نیوزی لینڈ کے کپتان ٹام لیتھم نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔کیویز کی پوری ٹیم 50 ویں اوور میں 299 رنز بناکر آؤٹ ہوگئی، ول ینگ 87 اور کپتان ٹام لیتھم 59 رنز بناکر نمایاں رہے۔ پاکستان کی جانب سے شاہین آفریدی نے 3، شاداب اور اسامہ میر نے 2،2 جبکہ حارث رؤف اور محمد وسیم نے ایک ایک وکٹ لی۔

 نیوزی لینڈ کے 300 رنز کے ہدف کے تعاقب میں پاکستان کا  آغاز اتنا اچھا نہ رہا،30 کے مجموعی اسکور پر شان مسعود اور کپتان بابر اعظم پویلین لوٹ گئے تھے، شان نے 7 اور بابر نے ایک رنز پر ٹیم کا ساتھ چھوڑا۔

اس کے بعد محمد رضوان 9 اور فخر زمان 33 رنز بناکر آؤٹ ہوگئے، 4 وکٹیں گرنے کے بعد آغا سلمان اور افتخار احمد نے ٹیم کو سہارا دیا اور دونوں نے نصف سنچری اسکور کرکے پاکستان کو جیت کی امید دلائی۔

تاہم آغا سلمان 57 رنز بناکر آؤٹ ہوگئے اور اس کے بعد ایک طرف سے پاکستان کی وکٹیں گرتی چلی گئیں تو دوسری جانب افتخار احمد نے جارحانہ شاٹس کھیلنا شروع کیے لیکن وہ بھی ٹیم کو کامیابی نہ دلواسکے۔

پاکستان کی پوری ٹیم 47 ویں اوور میں 252 رنز بناکر آؤٹ ہوئی، افتخار احمد72 گیندوں پر  94 رنز بناکر ناٹ آؤٹ رہے۔نیوزی لینڈ کی جانب سے ہینری شپلے اور راچن رویندرا  نے 3،3 وکٹیں حاصل کیں۔

پاکستان نے پانچویں ون ڈے میں شکست کے باوجود سیریز 1-4سے اپنے نام کرلی۔پانچ میچز میں 363 رنز بنانے پر پاکستانی اوپنر فخرزمان سیریز کے بہترین کھلاڑی قرار پائے۔

نیوزی لینڈ کے ہاتھوں آخری ون ڈے میں شکست کے بعد پاکستان آئی سی سی رینکنگ میں پہلی سے تیسری پوزیشن پر آگیا۔ ایک روزہ میچز کی عالمی درجہ بندی میں آسٹریلیا اور بھارت 113 پوائنٹس کے ساتھ پہلے اور دوسرے جبکہ پاکستان 112 پوائنٹس کے ساتھ تیسرے نمبر پر براجمان ہے۔

متعلقہ تحاریر