ریئل میڈرڈ کے برازیلین اسٹرائیکر لالیگا پر نسلی پرستی کا الزام
وہ لیگ جو کبھی رونالڈینو، رونالڈو، کرسٹیانو رونالڈو اور میسی کے نام سے جانی جاتی تھی، اب نسل پرستوں سے تعلق رکھتی ہے، ونیسیئس جونیئر
ریئل میڈرڈ کے برازیلین اسٹرائیکر ونیسیئس جونیئر نےاتوارکو ویلنشیا میں منعقدہ میچ کے دوران بدسلوکی کا نشانہ بننے کے بعد الزام عائد کیا ہے کہ ہسپانوی فٹبال لیگ ’لا لیگا ‘نسل پرستوں سے تعلق رکھتی ہے ۔
22 سالہ برازیلین اسٹار نے دوسرے ہاف کے دوران بھیڑ میں نسل پرستانہ جملے کسنے والے شخص کی نشاندہی بھی کی ہے۔ واقعے کے بعد میچ کئی منٹ تک تاخیر کا شکار رہا تھا ۔
یہ بھی پڑھیے
قطر کے شیخ جاسم نے مانچیسٹر یونائیٹڈ کے لیے مزید بڑی بولی دے دی
انٹر میلان نے اے سی میلان کو ہراکر 13 برس بعد چیمپئنز لیگ کے فائنل میں جگہ بنالی
ونیسیئس جونیئر نے اتوار کو اپنی انسٹاگرام پوسٹ میں لکھاکہ”یہ پہلی ،دوسری یا تیسری بار نہیں ہوا ، لا لیگا میں نسل پرستی معمول کی بات ہے۔ منتظمین اور ہسپانوی فیڈریشن بھی اسے معمول سمجھتی ہے اورٹیمیں اس کی حوصلہ افزائی کرتی ہیں“۔
View this post on Instagram
برازیلین اسٹرائیکر نے مزید لکھا کہ”وہ لیگ جو کبھی رونالڈینو، رونالڈو، کرسٹیانو (رونالڈو) اور (لیو) میسی کے نام سے جانی جاتی تھی، اب نسل پرستوں سے تعلق رکھتی ہے“۔
انہوں نے لکھا کہ” ایک خوبصورت قوم، جس نے میرا خیرمقدم کیا اور جس سے میں پیار کرتا ہوں، لیکن یہ ایک ایسی قوم بھی ہے جو نسل پرست ملک کا تاثر دنیا کے سامنے پیش کرنے پر آمادہ ہے“۔
انہوں نے کہاکہ”میں ان ہسپانویوں سے افسوس کا اظہار ہی کرسکتا ہوں جو اس بات سے متفق نہیں لیکن آج برازیل میں اسپین کو نسل پرست ملک کے طور پرجاناجاتا ہے، بدقسمتی سے ہرہفتے پیش آنے والے ہر واقعے کے دفاع کیلیے میرے پاس کوئی طریقہ موجود نہیں ہے اور میں اس تاثر سے اتفاق کرتاہوں“۔
ہسپانوی فٹبال لیگ نے کہا کہ وہ تحقیقات کر رہے ہیں کہ کیا ہوا اور اگر ضروری ہوا تو مجرموں کے خلاف قانونی کارروائی کریں گے۔اعلیٰ حکام نے کہاکہ”لا لیگا نے پچھلے دو سیزن میں 9 مواقع پر متعلقہ حکام کو شکایات درج کروائی ہیں“ ۔
انہوں نے کہاکہ”لا لیگا برسوں سے اس قسم کے رویے کے خلاف نبردآزما ہے اورنہ صرف میدان میں بلکہ میدان کے باہر بھی کھیل کی مثبت اقدار کو فروغ دے رہا ہے“۔
ریال میڈرڈ کے کوچ کارلو اینسیلوٹی نے بھی اس افسوسناک واقعے پر مایوسی کا اظہار کیا۔انہوں نے کہاکہ”ہسپانوی لیگ میں ایک مسئلہ ہے اور ونیسیئس مسئلہ نہیں ہے، ونیسیئس اس کا شکار ہے، یہ ایک بہت سنگین مسئلہ ہے“۔