لنکا پریمیئر لیگ: کولمبو اسٹرائیکرز نے بابر اعظم کی خدمات حاصل کرلیں
ایل پی ایل کا چوتھا ایڈیشن 31 جولائی سے 22 اگست تک ممکنہ طور پر ہمبنٹوٹا، کولمبو اور کینڈی میں کھیلا جائے گا
لنکا پریمیئر لیگ (ایل پی ایل) کی فرنچائز کولمبو اسٹرائیکرز نےآئندہ سیزن کیلیے پاکستان کرکٹ ٹیم کے کپتان بابر اعظم کی خدمات حاصل کرلیں۔
سری لنکن کرکٹ لیگ نے آئندہ سیزن کیلیے نیلامی سےقبل ہی بابراعظم کو سائن کرلیا ہے۔
یہ بھی پڑھیے
لنکا پریمیئر لیگ کی 11 جون کو ہونے والی نیلامی سے قبل براہ راست انتخاب کے مرحلے میں ہی فرنچائز نے بابر اعظم کو سائن کرلیا ہے۔ ایل پی ایل کا چوتھا ایڈیشن 31 جولائی سے 22 اگست تک تین مقامات پر کھیلا جائے گا جن میں ممکنہ طور پر ہمبنٹوٹا، کولمبو اور کینڈی شامل ہیں۔
ان فارم بابر اعظم جو کہ پاکستان کے کامیاب ترین کپتانوں میں سے ایک ہیں، اکتوبر میں بھارت میں ہونے والے 2023 ورلڈ کپ تک قومی ٹیم کی قیادت کریں گے۔
اگرچہ پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے ابھی تک باضابطہ اعلان نہیں کیا ہے، لیکن باخبر ذرائع سے معلوم ہوا ہے کہ بورڈ کے تھنک ٹینک بشمول چیئرمین مینجمنٹ کمیٹی نجم سیٹھی، چیف سلیکٹر ہارون رشید اور ڈائریکٹر کوچنگ مکی آرتھر نے متفقہ طور پر 2023 کے ورلڈ کپ تک بابراعظم کو بطور کپتان برقرار رکھنےکا فیصلہ کیا ہے۔
بابراعظم سری لنکا کے خلاف دو ٹیسٹ میچوں کی سیریز، افغانستان کے خلاف تین ایک روزہ میچوں کی سیریز اور ستمبر میں پاکستان کی میزبانی میں ہونے والے ایشیا کپ میں ٹیم کی قیادت کریں گے ۔