اے سی سی کا ایشیا کپ کے شیڈول کو حتمی شکل دینے کے لیے ہنگامی اجلاس طلب

پاکستان اور سری لنکا ایشیا کپ کی مشترکہ میزبانی کریں گے، ابتدائی چار میچز پاکستان میں جب کہ فائنل سمیت باقی میچز سری لنکا میں ہوں گے۔

ایشین کرکٹ کونسل (اے سی سی) نے آئندہ ایشیا کپ 2023 کے شیڈول پر تبادلہ خیال اور حتمی شکل دینے کے لیے اتوار کو دبئی میں اہم ہنگامی اجلاس طلب کیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کا وفد دیگر کونسل ممبر ممالک کے نمائندوں کے ہمراہ جنوبی افریقہ سے واپسی کے بعد اجلاس میں شرکت کرے گا۔

ایشیائی کرکٹ کونسل (اے سی سی) کے صدر جے شاہ اس اہم اجلاس کی صدارت کریں گے، جس کا مقصد ہائبرڈ ماڈل کے تحت ایشیا کپ کے فائنل شیڈول کا تعین کرنا ہے۔

یہ بھی پڑھیے

بھارت میں کرکٹ ورلڈ کپ: پاکستان کی شرکت کا فیصلہ کمیٹی کرے گی

بھارت میں کسی بھی جگہ کسی کے ساتھ بھی کھیلنے کو تیار ہیں،  بابر اعظم

بات چیت کے دوران ٹیلی ویژن کے حقوق اور میزبان ممالک سمیت مختلف عوامل کو مدنظر رکھا جائے گا۔

پاکستان اور سری لنکا ایشیا کپ کی میزبانی کرنے والے ہیں، اور دونوں ممالک کی ٹورنامنٹ کو ایڈجسٹ کرنے کی صلاحیت کے لحاظ سے جانچ کی جائے گی۔

اجلاس میں ٹورنامنٹ کے نشریاتی حقوق کو حتمی شکل دینے کے مقصد سے پاکستان اور سری لنکا میں ٹیلی ویژن نیٹ ورکس کی جانب سے پیش کی جانے والی تجاویز کا جائزہ لینے پر توجہ مرکوز کی جائے گی۔

یاد رہےکہ انڈیا کی ہٹ دھرمی کی وجہ سے ایشیا کپ کے ابتدائی چار میچز میزبان ملک پاکستان میں کھیلے جائیں گے، جبکہ فائنل سمیت باقی میچز سری لنکا میں ہوں گے۔

متعلقہ تحاریر