پاکستان سپر لیگ کی طرز پر کشمیر پریمیئر لیگ

چیئرمین کشمیر کمیٹی شہریار آفریدی نے کہا کہ 'مستقبل میں ویمن پریمیئر لیگ بھی متعارف کروائی جائے گی'۔

پاکستان کے زیرِ انتظام کشمیر میں منعقد کیے جانے والے کرکٹ ٹورنامنٹ کشمیر پریمیئر لیگ کا اعلان کردیا گیا ہے۔ سابق پاکستانی کپتان شاہد آفریدی لیگ کے برانڈ ایمبیسیڈر ہوں گے۔

کشمیر پریمیئر لیگ (کے پی ایل) کے ایونٹ میں 6 ٹیمیں مظفرآباد ٹائیگرز، میرپور رائلز، کوٹلی پینتھرز، راولاکوٹ ہاکس، باغ اسٹیلینز اور اوورسیز واریئرز شریک ہوں گی۔

لیگ کی لانچنگ کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے شاہد آفریدی نے کہا کہ وہ پاکستان میں پی ایس ایل کے لیے خوش تھے۔ اب اسی طرح کشمیر پریمیئر لیگ کے لیے خوش ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ‘کشمیر پریمیئر لیگ کے ذریعے پوری دنیا میں کشمیر کی مثبت تصویر اجاگر ہوگی۔ امید ہے کہ اس سے پاکستانی کرکٹ کو بہترین ٹیلنٹ میسرآئے گا’۔

یہ بھی پڑھیے

کھلاڑی کھیل سے پہلے کرونا کا شکار، قصوروار کون؟

پاکستان کرکٹ ٹیم کے معروف آل راؤنڈر اور سابق باؤلنگ کوچ اظہر محمود نے کہا کہ ‘اس لیگ کا فائدہ مقامی کھلاڑیوں کو ہوگا اور انہیں بہترین کوچز کی زیرنگرانی کھیلنے کا موقع ملے گا’۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے صدر آزاد کشمیر سردار مسعود خان نے کہا کہ ‘آزاد جموں کشمیر میں کرکٹ کے فروغ سے نوجوانوں میں مثبت سرگرمیوں کا آغاز ہوگا۔ کشمیر کے لوگ پاکستان اور کرکٹ سے بے پناہ محبت کرتے ہیں۔ پہاڑی علاقہ ہونے کے باوجود کرکٹ کشمیر کا سب سے مقبول کھیل ہے۔ کشمیر پریمیئر لیگ کے انعقاد سے آزاد کشمیر سے بے پناہ ٹیلنٹ سامنے  آئے گا’۔

جبکہ چیئرمین کشمیر کمیٹی شہریار آفریدی نے کہا کہ ‘اس یونٹ سے دنیائے کرکٹ میں نئے ٹیلنٹ کو اجاگر کرنے میں مدد ملے گی۔ مستقبل میں ویمن پریمیئر لیگ بھی متعارف کروائی جائے گی’۔

واضح رہے کہ کشمیر پریمیئر لیگ کا آغاز یکم اپریل سے آزاد کشمیر میں ہوگا۔

یہ بھی پڑھیے

دورہ نیوزی لینڈپرقومی ٹیم مشکلات کا شکار کیوں؟

متعلقہ تحاریر