پاکستانی کرکٹرز کی ٹوئٹر پر لڑائی کیا تاثر دے گی؟

سرفراز احمد، محمد حفیظ اور محمد عامر کی غیر ذمہ داری پر کیا پی سی پی ایکشن لے گا؟

قومی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان سرفراز احمد اور فاسٹ باؤلر محمد عامر کے لاکھوں مداح ہیں لیکن انہوں نے سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر محمد حفیظ کے پیغام کے بعد جو ردعمل دیا وہ نہایت شرمناک تھا۔ کرکٹرز کی ٹوئٹر پر لڑائی کو مداح بھی ناپسند کررہے ہیں۔

پاکستانی کرکٹرز کے مداح دنیا بھر میں پھیلے ہوئے ہیں لیکن شاید انہیں اس بات کا احساس نہیں ہے۔ بعض اوقات ہمارے کھلاڑی ایسی غیرذمہ داری کا ثبوت دیتے ہیں کہ پاکستان کا نام خراب کردیتے ہیں۔

قومی کرکٹ ٹیم کے وکٹ کیپر بیٹسمین محمد رضوان نے جنوبی افریقہ کے خلاف پہلے ٹی ٹوئنٹی میچ میں سینچری بنا کر شائقین کو حیران کردیا۔ اس شاندار پرفامنس پر سوشل میڈیا صارفین انہیں خوب داد دے رہے ہیں۔ ٹوئٹر پر کرکٹر محمد حفیظ نے بھی محمد رضوان کی کھل کر تعریف کردی۔ ٹوئٹ میں لکھا کہ آپ پاکستان میں تمام فارمیٹس کی کرکٹ میں نمبر ون وکٹ کیپر بیٹسمین ہیں۔

محمد حفیظ کا پیغام جاری کرنا تھا کہ قومی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان سرفراز سے رہا نہ گیا۔ جوابی ٹوئٹ میں لکھا کہ حفیظ بھائی، جس نے بھی پاکستان کے لیے کھیلا امتیاز احمد، وسیم باری، معین خان، راشد لطیف، کامران اکمل سے لے کر محمد رضوان تک تمام کھلاڑی ملک کے لیے نمبر ون رہے ہیں اور سب قابل احترام ہیں۔

کچھ دیر بعد پاکستانی فاسٹ باؤلر محمد عامر بھی میدان میں آگئے۔ ٹوئٹر پر سرفراز کی حمایت کرتے ہوئے لکھا کہ آپ بھی پاکستان کے نمبر ون وکٹ کیپر بیٹسمین ہیں۔ عامر نے بند الفاظ میں محمد حفیظ پر تنقید کرتے ہوئے لکھا کہ لوگوں کا کام فضول بات کرنا آپ مزے میں رہیں۔

یہ بھی پڑھیے

کیا پاکستانی کرکٹ ٹیم میں محمد رضوان کی کمی تھی؟

محمد حفیظ، سرفراز اور محمد عامر کی ٹوئٹر فائٹ کو صارفین ناپسند کررہے ہیں۔ کھلاڑیوں کے ٹوئٹس کے جواب میں مداح اپنی ناراضگی کا اظہار کررہے ہیں۔

پاکستان کی کرکٹ ٹیم میں بلاشبہ ایک سے بڑھ کر ایک کھلاڑی موجود ہیں۔ دنیا بھر میں کروڑوں افراد ان کرکٹرز کو فولو کرتے ہیں لیکن کھلاڑیوں کے درمیان اس قسم کی لڑائیاں دنیا کو منفی پیغام دیتی ہیں۔ سوال یہ ہے کہ تنیوں کھلاڑی پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے ساتھ معاہدے کے پابند ہیں۔ ایسی صورت میں کیا پی سی بی کھلاڑیوں کی ٹوئٹر فائٹ کا نوٹس لے گا؟

متعلقہ تحاریر