پی ایس ایل 6 کی قلندرز ، کنگز اور زلمی کا مختصر جائزہ
لاہور قلندرز ٹائٹل جیتنے کے لیے بے قرار، کراچی کنگز ٹائٹل کے دفاع کے لیے تیار جبکہ پشاور زلمی کی نظریں ٹائٹل پر مرکوز ہیں۔
پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) سیزن 6 کے مقابلوں کا آج یعنی سنیچر سے باقاعدہ آغاز ہونے جا رہا ہے اور نیوز 360 اس خبر کے ذریعے لاہور قلندرز، کراچی کنگز اور پشاور زلمی کی ٹیموں کا جائزہ پیش کر رہا ہے۔
لاہور قلندرز اس مرتبہ ٹائٹل کو حاصل کرنے کے لیے بہت زیادہ پرجوش ہے۔ کراچی کنگز کو اپنے ٹائٹل کے دفاع کے لیے بھرپور تیاری کے ساتھ میدان میں اترنا پڑے گا جبکہ پشاور زلمی کے پاس ایک مرتبہ پھر سے میدان مارنے کا موقع ہے۔
لاہور قلندرز
لاہور قلندرز کو پی ایس ایل سیزن 5 میں ابتدائی طور پر ناکامی کا سامنا کرنا پڑا تھا تاہم ٹیم نے کھیل میں واپس آنے کے لیے بھرپور محنت کی اور آخر کار فائنل میں پہنچ گئی۔ لیکن کراچی کنگز نے لاہور قلندرز کو فائنل میں شکست سے دوچار کردیا۔
اس مرتبہ سہیل اختر کی قیادت میں میدان میں اترنے والی ٹیم اپنا ادھورا خواب پورا کرنے کے لیے پرعزم دکھائی دے رہی ہے۔
لاہور قلندرز کی طاقت
حارث رؤف، راشد خان اور شاہین آفریدی کے بہترین باؤلنگ اٹیک کے ساتھ لاہور قلندرز کی ٹیم میدان میں اترے گی۔
لاہور قلندرز کے کپتان سہیل اختر نے ابوظہبی میں ہونے والے ٹی 10 لیگ میں 187.87 کے اسٹرائیک ریٹ کے ساتھ 248 رنز بنائے تھے۔
یہ بھی پڑھیے
پی ایس ایل 6 کی تین ٹیموں کا مختصر جائزہ
مڈل آرڈر کی پوزیشن پر کھیلنے والے پروفیسر محمد حفیظ کسی بھی وقت میچ کا پانسہ پلٹنے کی اہلیت رکھتے ہیں۔ جبکہ سینئر کھلاڑی کی موجودگی سے نئے آنے والوں کو بھی حوصلہ ملتا ہے۔
لاہور قلندرز کی ٹیم کی کمزوری
لاہور قلندرز کے ابھرتے ہوئے باؤلر راشد خان ابتدائی دو میچز کے بعد افغانستان کرکٹ ٹیم کی جانب سے زمبابوے کے خلاف ٹیسٹ سیریز کھیلنے کے لیے روانہ ہو جائیں گے۔ دوسری جانب بلے باز فخر زمان (جو آج کل فارم میں نہیں ہیں) لاہور قلندرز کے لیے نقصان کا باعث بن سکتے ہیں۔
کراچی کنگز
گزشتہ سیزن کی فاتح ٹیم کراچی کنگز بابراعظم، کولن انگرام اور محمد عامر کے ساتھ اپنے اعزاز کا بھرپور دفاع کرنے کے لیے پرعزم ہے۔ کراچی کنگز آج ہوم گراؤنڈ میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے خلاف میدان میں اترے گی۔
کراچی کنگز کی طاقت
کراچی کنگز کے پاس شرجیل خان، بابر اعظم اور کولن انگرام کی شکل میں بہترین بلے باز موجود ہیں۔
کراچی کنگز کی کمزوری
کراچی کنگز کے پاس فاسٹ باؤلر محمد عامر کے علاوہ کوئی دوسرا بڑا نام نہیں ہے اس لیے ٹیم کو محمد عامر پر زیادہ انحصار کرنا پڑے گا۔
بیٹنگ لائن میں بہترین بلے بازوں کی کمی کی وجہ سے کراچی کنگز کو محمد نبی اور کپتان عماد وسیم پر انحصار کرنا پڑے گا۔
پشاور زلمی
گزشتہ سیزن میں پشاور زلمی کا حصہ رہنے والے حسن علی اس مرتبہ زلمی کا حصہ نہیں ہیں۔ جنوبی افریقہ کے خلاف بہترین کارکردگی دکھانے والے حسن علی اس مرتبہ اسلام آباد یونائیٹڈ کا حصہ ہوں گے۔ پشاور زلمی کراچی کنگز کے علاوہ واحد ٹیم ہے جو ہر پی ایس ایل سیزن میں پلے آف کھیل چکی ہے۔
پشاور زلمی اب تک تین مرتبہ فائنل کھیل چکی ہے جبکہ ٹائٹل صرف ایک مرتبہ اپنے نام کر پائی ہے۔
پشاور زلمی کی طاقت
تجربہ کار شعیب ملک اور روی بوپارہ پشاور زلمی کا حصہ ہیں جبکہ ٹی ٹوئنٹی میں سب سے زیادہ وکٹیں لینے والے وہاب ریاض ٹیم کی قیادت کریں گے۔
اسی طرح آسٹریلیائی بگ بیش لیگ (بی بی ایل) میں 14 وکٹیں حاصل کرنے والے افغانستان کے ممتاز اسپنر مجیب الرحمٰن کی شمولیت سے پشاور زلمی باؤلنگ سائڈ مزید مضبوط ہو گئی ہے۔
PSL 6: Wahab Riaz, Daren Sammy breach bio-secure protocols
The three-day quarantine will mean that Riaz will miss Zalmi’s first match of the tournament against Lahore Qalandarshttps://t.co/Y1Z36fpIyW— Saleem Khaliq (@saleemkhaliq) February 20, 2021
پشاور زلمی کی کمزوری
پشاور زلمی کے اوپنر بلے باز کامران اکمل بھی فارم میں نہیں ہیں جس کی وجہ سے ٹیم مینجمنٹ کو کافی خدشات لاحق ہیں۔ دوسری جانب لیام لیونگ اسٹون کے جانے سے پشاور زلمی کی بیٹنگ لائن میں ایک بڑا خلا پیدا ہوگیا ہے۔
دریں اثناء پشاور زلمی کے کپتان وہاب ریاض اور کوچ ڈیرن سیمی کو کرونا وائرس کے ایس او پیز کی خلاف ورزی پھر سے ‘بائیو سکیور بلبل’ میں جانے کے لیے دو مرتبہ کرونا ٹیسٹ کرانے پڑیں گے۔