لاہور قلندرز کی جیت پر شائقین خوش لیکن ترانے پر مایوس

اتوار کے روز لاہور قلندرز کا ترانہ ریلیز کیا گیا ہے جس میں ٹیم کے تمام کھلاڑی بے ڈھنگے انداز میں رقص کرتے ہوئے دکھائی دے رہے ہیں۔

پاکستان سپر لیگ کے چھٹے سیزن کے 11ویں میچ میں جہاں لاہور قلندرز نے کراچی کنگز کو شکست دے کر مداحوں کے دل جیت لیے ہیں وہیں ٹیم کے ترانے نے شائقین کرکٹ کو مایوس کردیا ہے۔

پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے چھٹے سیزن کے اہم میچ میں لاہور قلندرز نے فخر زمان اور بین ڈنک کی شاندار بلے بازی کی بدولت کراچی کنگز کا دیا ہوا 187 رنز کا ہدف آخری اوور میں پورا کیا۔

اس سے قبل کراچی کنگز نے لاہور قلندرز کے خلاف پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے شرجیل خان اور محمد نبی کی اچھی بیٹنگ کی بدولت مقررہ اوورز میں 9 وکٹوں پر 186 رنز بنائے تھے۔

کراچی کے نیشنل اسٹیڈیم میں کھیلے گئے پی ایس ایل 6  کے 11ویں میچ میں لاہور قلندرز کے کپتان سہیل اختر نے ٹاس جیت کر کراچی کنگز کے کپتان عماد وسیم کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی۔ فخرزمان نے 54 گیندوں پر 83 رنز اسکور کیے جبکہ بین ڈنک نے 43 گیندوں پر ناقابلِ شکست57 رنز بنائے۔ ڈیوڈ ویزے نے 9 گیندوں پر 31 رنز بنا کر قلندرز کو فتح سے ہمکنار کیا۔

کراچی کنگز کی جانب سے شرجیل خان 39 گیندوں پر 64 جبکہ محمد نبی 35 گیندوں پر57 رنز بنا کر نمایاں رہے۔ لاہور قلندرز کی جانب سے شاہین آفریدی نے زبردست بولنگ کرتے ہوئے 3وکٹیں لیں۔

یہ بھی پڑھیے

ملتان سلطانز کے ترانے نے ٹیم کی قسمت کھول دی

پی ایس ایل 6 کا آغاز ہوئے ایک ہفتے سے زیادہ ہوگیا ہے لیکن ایونٹ میں حصہ لینے والی ٹیموں کی جانب سے ترانے جاری کرنے کا سلسلہ تاحال جاری ہے۔ اتوار کے روز لاہور قلندرز کا ترانہ ریلیز کیا گیا ہے جس میں ٹیم کے تمام کھلاڑی بے ڈھنگے انداز میں رقص کرتے ہوئے دکھائی دے رہے ہیں۔

لاہور قلندر کی جیت پر جہاں مداح خوش دکھائی دے رہے وہیں اس کے ترانے پر شائقین کرکٹ مایوس ہیں۔ اسی حوالے سے سوشل میڈیا ایک شور مچا ہوا ہے جبکہ یہ بھی کہا جارہا ہے کہ یہ انداز ترانے کو وائرل کرانے کے لیے اپنایا گیا ہے۔

لاہور قلندرز کے ترانے پر معروف اداکار اور نجی ٹی وی چینل کے پروگرام ‘مذاق رات’ کے میزبان واسع چوہدری نے اپنے ٹوئٹر پیغام میں لکھا کہ کہ ‘آئی سی سی کو اس ترانے کی تحقیقات کرانی چاہیے کیونکہ یہ مداحوں اور کھلاڑیوں کے خلاف ایک سازش ہے۔

ٹوئٹر کے ایک صارف نے واسع چوہدری کو طنزیہ جواب دیتے ہوئے لکھا کہ انہوں نے اس ٹوئٹ کے لیے رقم لی ہے۔

ایک ٹوئٹر صارف نے ردعمل میں کہا کہ ‘مجھے لگتا ہے کہ یہ ایک تفریح ہے اور تفریح کرنا ہر ایک کا حق ہے۔’

ایک اور ٹوئٹر صارف نے لکھا ہے کہ ‘یہ سب امریکا کروا رہا ۔۔۔ یہ یہودی سازش ہے۔’

متعلقہ تحاریر