فواد احمد کا کرونا ٹیسٹ مثبت آنے پر بائیو سکیور ببل پر خدشات

پی ایس ایل 6 کے سیزن کے دوران کسی کھلاڑی میں کرونا وائرس مثبت آنے سے متعلق دوسرا واقعہ ہے۔

پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے چھٹے ایڈیشن کے میچز زوروشور سے جاری ہیں اور ایسے میں اسلام آباد یونائیٹڈ کے کھلاڑی فواد احمد میں کرونا وائرس کی تصدیق ہوئی ہے جس کے بعد پیر کو ہونے والا میچ ملتوی کردیا گیا ہے۔ ملتوی کیا جانے والا میچ منگل کی شام کھیلا جائے گا۔

اسلام آباد یونائیٹڈ پی ایس ایل 6 میں اب تک دیگر ٹیموں کے ساتھ 3 میچز کھیل چکی ہے اور فواد احمد ہر میچ ہی میں شریک تھے۔ کرونا وائرس سے متاثرہ کھلاڑی میچز کے دوران میدان میں اترتے رہے اور اس دوران دیگر کھلاڑیوں سے میل ملاپ بھی چلتا رہا۔

اسلام آباد یونائیٹڈ اور کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے درمیان ملتوی ہونے والے میچ کو دیکھنے کے خواہشمند شائقین پیر کے روز ہونے والے میچ کے ٹکٹس منگل کو بھی استعمال کر سکتے ہیں۔

فواد احمد کو 3 روز قبل کرونا وائرس کی علامات ظاہر ہوئی تھیں جس کے بعد انہیں فوری طور پر قرنطینہ میں بھیج دیا گیا تھا۔ پیر کے روز فواد احمد نے سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر جاری پیغام میں ان کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کرنے پر مداحوں کا شکریہ ادا کیا ہے۔

اسلام آباد یونائیٹڈ نے اپنے اعلامیے میں کہا ہے کہ فواد احمد کرونا وائرس کا شکار ہوگئے ہیں تاہم ٹیم کے دیگر کھلاڑیوں کو کلیئر قرار دیا گیا ہے۔

ادھر پی سی بی کا کہنا ہے کہ کرونا وائرس کا ٹیسٹ مثبت آنے والے کھلاڑی کی ٹیم (اسلام آباد یونائیٹڈ) کے دیگر کھلاڑیوں کا بھی ٹیسٹ کیا گیا ہے جو منفی آیا ہے۔ جبکہ دیگر ٹیموں میں شامل اسکواڈ کے ٹیسٹ کیے جارہے ہیں۔ موجودہ صورتحال کے پیش نظر پی سی بی نے کھلاڑیوں کے کرونا وائرس کے ٹیسٹ ہر ہفتہ وار بنیاد پر کرانے کا فیصلہ کیا ہے۔

یہ بھی پڑھیے

لاہور قلندرز کی جیت پر شائقین خوش لیکن ترانے پر مایوس

گذشتہ ماہ نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر (این سی او سی) نے پابندیوں میں نرمی کرتے ہوئے پی ایس ایل میچز میں 50 فیصد شائقین کو اسٹیڈیم آنے کی اجازت دی تھی۔

واضح رہے کہ پی ایس ایل 6 کے سیزن کے دوران کسی کھلاڑی میں کرونا وائرس مثبت آنے سے متعلق دوسرا واقعہ ہے۔ 21 فروری کو پشاور زلمی کے کپتان وہاب ریاض اور کوچ ڈیرن سیمی کو ٹیم کے بائیوسکیور ببل سے باہر ایک شخص سے ملاقات کے بعد 3 دن کے لیے قرنطینہ میں رہنا پڑا تھا۔

متعلقہ تحاریر