کیا فیفا پاکستان فٹبال فیڈریشن پر پابندی لگا دے گی؟

فیفا کی سیکریٹری جنرل فاطمہ سمورا نے پاکستان میں نارملائزیشن کمیٹی کے چیئرمین ہارون ملک کے نام خط لکھا ہے جس میں کہا گیا ہے کہ پاکستان فٹبال کے معاملات ہارون ملک کی سربراہی میں نارملائزیشن کمیٹی چلانے کی مجاز ہے۔

فٹبال کے عالمی ادارے فیڈریشن آف انٹرنیشنل فٹبال ایسوسی ایشنز (فیفا) نے پاکستان فٹبال فیڈریشن (پی ایف ایف) کو آج یعنی بدھ تک معطلی کی آخری وارننگ جاری کر دی ہے اور کہا ہے کہ پی ایف ایف کے دفتر کا قبضہ ختم کیا جائے اور نارملائزیشن کمیٹی کو کام کرنے دیا جائے بصورت دیگر پاکستان پر پابندی عائد کی جائے گی۔

فیفا کی سیکریٹری جنرل فاطمہ سمورا نے پاکستان میں نارملائزیشن کمیٹی کے چیئرمین ہارون ملک کے نام خط لکھا ہے جس میں کہا گیا ہے کہ پاکستان فٹبال کے معاملات ہارون ملک کی سربراہی میں نارملائزیشن کمیٹی چلانے کی مجاز ہے۔

فیفا کے خط کے مطابق بدھ 31 مارچ کی رات تک فیڈریشن کا چارج  نارملائزیشن کمیٹی کے چیئرمین ہارون ملک کے حوالے نہ کیا گیا تو پاکستان فٹبال کے خلاف کارروائی کی جائے گی۔

خط میں کہا گیا ہے کہ پاکستان فٹبال فیڈریشن کے فٹبال ہاؤس میں در اندازی کا معاملہ کانگریس کے اجلاس میں لے جایا جائے گا۔

یہ بھی پڑھیے

کرسٹیانو رونالڈو کے اسٹاپش ٹائم میں گول پر تنازعہ

پی ایف ایف کے ایک گروپ نے فیفا فٹبال ہاؤس لاہور پہنچ کر دفتر پر قبضہ کرلیا اور اُس کے انتظامات اپنے ہاتھ میں لینے کی کوشش کی جبکہ دوسرا گروپ اپنے آپ کو فیفا کا نامزد کردہ گروپ کہتا ہے اور فیفا بھی اُسے ہی مانتی ہے اور نارملائزیشن کمیٹی کہتی ہے۔

پی ایف ایف کے سابق عہدیداروں کی آمد پر فیفا نارملائزیشن کمیٹی کے سربراہ ہارون ملک فیفا ہاؤس سے چلے گئے تھے۔

قبضہ کرنے والے گروپ کے سربراہ اور پی ایف ایف کے سابق صدر انجینئر اشفاق نے میڈیا کو بتایا ہے کہ اُنہوں نے اِس لیے انتظامات سنبھالے ہیں کہ فیفا نارملائزیشن کمیٹی ہدف کو حاصل نہیں کر پائی ہے اور 19 ماہ گزرنے کے باوجود فیڈریشن کے انتخابات منعقد نہیں کرا پائی ہے لہٰذا وہ کمیٹی کو پاکستان میں فٹبال کا معیار مذید گرانے کی اجازت نہیں دیں گے۔

قبضہ کرنے والے گروپ کا موقف ہے کہ نارملائزیشن کمیٹی کے ممبران لاکھوں روپے تنخواہ لینے کے باوجود طویل عرصے سے فٹبال کی بہتری کے لیے کوئی کام نہیں کر رہے ہیں جس پر فیفا کو خط لکھ کر صورتحال سے آگاہ کیا جائے گا۔

دوسری جانب چیئرمین فیفا نارملائزیشن کمیٹی ہارون ملک نے کہا کہ فٹبال ہاؤس پر زبردستی قبضہ کیا گیا ہے اور وہ تمام معاملات فیفا کے علم میں لا چکے ہیں۔

تاہم فیفا کی آخری وارننگ آج رات ختم ہوجائے گی اور پاکستان کو فیفا کی پابندیوں کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔ لیکن ملک میں کھیلوں کے قابل اعتبار نامہ نگاروں کا کہنا ہے کہ آج کسی وقت معاملات طے پا جائیں گے اور دونوں گروپ مل کر کام کریں گے۔ البتہ نارملائزیشن کمیٹی کو بھی سخت اہداف دیئے جائیں گے۔

دوسری جانب ملک میں فٹبال کے کھلاڑی حالیہ انتظامیہ سے مطمئن نظر آتی ہے۔

پاکستان کی خواتین ٹیم کی کپتان حاجرہ خان نے اِس صورتحال پر تشویش کا اظہار کیا ہے اور چند ٹیم ممبران کے دستخط سے خط ٹوئٹر پر شیئر کیا ہے جس میں خواتین کے ٹورنامنٹس کی منسوخی پر ناراضگی ظاہر کی گئی ہے۔

متعلقہ تحاریر