بابر اعظم کی کارکردگی سکندر بخت پر تنقید کی وجہ کیوں بنی؟
2020 میں دورہ انگلینڈ کے موقع پر کرکٹر محمد رضوان کے انتخاب پر سابق کرکٹر سکندر بخت اور صحافی عالیہ رشید کے درمیان بحث ہوئی تھی۔

کرکٹر بابر اعظم کی شاندار کارکردگی پر پاکستان کے معروف صحافی منصور علی خان نے سابق پاکستانی کرکٹر سکندر بخت کو سوشل میڈیا پر تنقید کا نشانہ بنایا ہے۔ انہوں نے کرکٹر سکندر بخت کی اگست 2020 میں نجی ٹی وی چینل پر کھیلوں کے پروگرام میں براہ راست نشریات کے دوران صحافی عالیہ رشید کے ساتھ بحث کی پرانی ویڈیو شیئر کی تھی۔
واضح رہے کہ 2020 میں پاکستان کرکٹ ٹیم کے دورہ انگلینڈ کے دوران وکٹ کیپر محمد رضوان کے انتخاب پر سابق کرکٹر سکندر بخت اور کھیلوں کی صحافی عالیہ رشید کے درمیان لائیو شو میں بحث ہو گئی تھی۔
جنوبی افریقہ کے خلاف پاکستانی کرکٹ ٹیم کے کپتان بابر اعظم اور وکٹ کیپر محمد رضوان نے اپنی دھواں دار بیٹنگ سے جہاں پاکستانی شائقین کرکٹ کے دل جیت لیے ہیں وہیں کچھ لوگ اعتراض کا دامن چھوڑنے کو تیار نہیں ہیں۔
یہ بھی پڑھیے
پاکستان کے پاس ٹی ٹوئنٹی سیریز جیتنے کا سنہری موقع
سابق کرکٹر سکندر بخت اُس پروگرام کے دوران پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان سرفراز احمد کی کارکردگی کی تعریف کرتے رہے جن کی جگہ محمد رضوان کو دورہ انگلینڈ کے لیے منتخب کیا گیا تھا۔
پروگرام کے دوران ٹیلیفون لائن پر خاتون صحافی عالیہ رشید کا کہنا تھا کہ سرفراز احمد کی بجائے ان کھلاڑیوں کے بارے میں بات کی جائے جو دورہ انگلینڈ کا حصہ ہیں۔
کرکٹر سکندر بخت نے عالیہ رشید سے پوچھا کہ ’محمد رضوان نے کیا کیا ہے؟ کیا اس نے کوئی میچ جتوایا ہے؟‘
سکندر بخت نے بحث کے دوران کرکٹر بابر اعظم کو بھی نہیں بخشا جو اپنی کارکردگی سے کرکٹ کے مبصرین کو متاثر کر رہے تھے۔
Everytime @babarazam258 and @iMRizwanPak score in a match, I always watch this clip 😃 pic.twitter.com/aYNk6ft3m8 @aaliaaaliya
— Mansoor Ali Khan (@_Mansoor_Ali) April 14, 2021
سکندر بخت کا کہنا تھا کہ ’میں صرف اس وقت بابر اعظم کو ایک بڑے کھلاڑی کے طور پر قبول کروں گا جب وہ 50 رنز کو 100 رنز میں اور 100 رنز کو 150 رنز میں تبدیل کرنا شروع کردیں گے۔‘
اس پر کھیلوں کی صحافی عالیہ رشید کا کہنا تھا کہ ’برطانوی مبصرین محمد رضوان کی تعریفیں کررہے ہیں اس لیے میں پروگرام کے میزبان سے درخواست کرتی ہوں کہ وہ بھی ایمانداری سے اپنا تجزیہ دیں۔‘
اس پر سکندر بخت مشتعل ہو گئے اور انہوں نے عالیہ رشید سے فوری معافی کا مطالبہ کردیا تھا۔
جنوبی افریقہ کے حالیہ دورہ کے دوران کرکٹر بابر اعظم اور محمد رضوان کی شاندار کارکردگی کو صحافی منصور علی خان نے موقع غنیمت جانتے ہوئے ایک سال پرانی ویڈیو شیئر کرکے سکندر بخت کو ہدف تنقید بنایا ہے۔ منصور علی خان نے عالیہ رشید اور دونوں کرکٹرز کو بھی ویڈیو میں ٹیگ کیا ہے۔