فٹبال کلب ٹوٹنہم کے کوچ ہوزے مورینیو عہدے سے برطرف

برطانوی فٹبال کلب ٹوٹنہم نے یہ اقدام یورپین سپر لیگ میں شمولیت میں اعلان کے فوری بعد اٹھایا ہے۔

برطانوی فٹبال کلب ٹوٹنہم کی انتظامیہ نے پیر کے روز اپنے کوچ ہوزے مورینیو کو ان کے عہدے سے برطرف کردیا ہے۔ ہوزے مورینیو نے یہ عہدہ 17 ماہ قبل نومبر 2019 میں سنبھالا تھا۔ برطانوی فٹبال کلب ٹوٹنہم نے یہ اقدام یورپین سپر لیگ (ای ایس ایل) میں شمولیت میں اعلان کے فوری بعد اٹھایا ہے۔

برطانوی میڈیا کے مطابق ہوزے مورینیو نے ٹوٹنہم کے تربیتی سیشن میں شرکت نہیں کی تھی۔ برطانوی فٹبال کلب ٹوٹنہم کی انتظامیہ نے ہوزے مورینیو سمیت ان کے عملے کے دیگر 4 ارکان ہوئے سیکرامنٹو، نونو سنٹوس، کارلوس لیلن اور جیوونی سیرا کو بھی ٹیم سے رخصت کردیا ہے۔

یہ بھی پڑھیے

12 بڑے فٹبال کلبز نے اپنی علیحدہ لیگ بنا لی

ٹوٹنہم نے اپنے کوچ کو اس وقت عہدے سے سبکدوش کیا ہے جب ٹیم 25 اپریل کو کارابوئے کپ کے فائنل میں مانچسٹر سٹی کا مقابلہ کرنے کے لیے تیاری کررہی ہے۔ ٹیم انتظامیہ کا کہنا ہے کہ ہوزے مورینیو کو ان کی خراب کارکردگی کی بناء پر عہدے ہٹایا گیا ہے۔

ٹوٹنہم فٹبال ٹیم کے مداحوں کا کہنا ہے کہ ہوزے مورینیو کو تمام قانونی کارروائیوں کے بعد عہدے سے ہٹایا گیا ہے جبکہ کچھ لوگوں کا خیال ہے کہ تجارتی مقاصد کے لیے شروع ہونے والی یورپین سپر لیگ میں ٹیم کی شمولیت پر ہوزے مورینیو کو اختلاف تھا۔

ٹوٹنہم فٹبال ٹیم کے سابقہ کھلاڑی گیری لنکر نے سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر جاری پیغام میں لکھا ہے کہ ہوزے مورینیو کو برطرف کردیا گیا۔ وہ یورپین سپر لیگ کے پہلے مینیجر ہیں جو اپنی نوکری گنوا بیٹھے ہیں۔

دوسری جانب نئی یورپین سپر لیگ نے جہاں یورپی فٹبال کے مستقبل کو خطرے میں ڈال دیا ہے وہیں ڈیوک اینڈ ڈچز آف کیمبرج نے بھی ای ایس ایل کے بارے میں اپنے خدشات کا اظہار کیا ہے۔

ٹوئٹر پر جاری پیغام میں ڈیوک اینڈ ڈچز آف کیمبرج نے لکھا ہے کہ اب ہمیں پہلے سے زیادہ فٹبال سے جڑی برادری کی حفاظت کرنی ہے اور ان کے درمیان بنیادی مسابقت اور انصاف پسندی کے اقدار کو فروغ دینا ہے۔

ڈیوک اینڈ ڈچز آف کیمبرج نے مزید لکھا ہے کہ ہم دیگر شائقین کی طرح نئی سپر لیگ سے ہونے والے نقصان کے بارے میں اپنے خدشات کا اظہار کرتے ہیں کیونکہ ہمیں اس کھیل سے محبت ہے۔

یورپین سپر لیگ (ای ایس ایل) کے تنازعے کے حل کے لیے برطانوی وزیراعظم بورس جانسن منگل کے روز ای ایس ایل میں شمولیت کرنے والی فٹبال ٹیموں کی انتظامیہ سے ملاقات کریں گے۔

یورپین سپر لیگ کا حصہ بننے والی فٹبال ٹیموں میں آرسنل، چیلسی، لیورپول، مانچسٹر سٹی، مانچسٹر یونائیٹڈ، ٹوٹنہم، اے سی میلان، اٹلیٹیکو میڈرڈ، بارسلونا، انٹر میلان، یووینٹس اور ریئل میڈرڈ شامل ہیں۔

متعلقہ تحاریر