بابر اعظم ویرات کوہلی کا ایک اور ریکارڈ توڑنے کے قریب

بابر اعظم اب ٹی ٹوئنٹی میں تیز ترین2000 رنز بنانے کے عالمی ریکارڈ کے قریب ہیں۔

پاکستانی کرکٹ ٹیم کے کپتان اور آئی سی سی کی ون ڈے انٹرنیشنل کرکٹ کی رینکنگ میں نمبر ون بلے باز بابر اعظم انڈین کرکٹ ٹیم کے کپتان ویرات کوہلی کا ایک اور ریکارڈ توڑنے کے قریب ہیں۔

انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کی ایک روزہ میچز میں بلے بازی کی درجہ بندی میں پہلی پوزیشن حاصل کرنے کے بعد بابر اعظم اب ٹی ٹوئنٹی میں تیز ترین 2000 رنز بنانے کے عالمی ریکارڈ کے قریب ہیں۔ ابھی تک ٹی ٹوئنٹی میں تیز ترین 2000 رنز بنانے کا عالمی ریکارڈ انڈین کرکٹ ٹیم کے کپتان ویرات کوہلی کے پاس ہے جو انہوں نے 56 ٹی ٹوئنٹی میچز میں بنائے تھے۔

یہ بھی پڑھیے

بابر اعظم نمبر ون بلے باز کیوں؟ جنوبی افریقہ میں بتادیا

بابر اعظم کو ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میں تیز ترین 2000 رنز مکمل کرنے کے لیے مزید 60 رنز درکار ہیں۔ ویرات کوہلی نے 56 میچز میں 2 ہزار رنز بنائے ہیں اور بابر اعظم 49 میچز میں ایک ہزار 940 رنز بنا لیے ہیں۔ اس حساب سے بابر اعظم کے پاس ویرات کوہلی کا ریکارڈ توڑنے کے لیے 5 میچز موجود ہیں۔

 زمبابوے کے خلاف آج سے شروع ہونے والی ٹی ٹوئنٹی سیریز میں بابر اعظم 60 رنز بنانے کے بعد تیز ترین 2000 رنز بنانے والے بلے باز بن جائیں گے۔ بابر اعظم 2000 رنز بنانے والے دنیا کے گیارہویں بلے باز ہوں گے۔ وہ ون ڈے انٹرنیشنل کرکٹ کی عالمی درجہ بندی میں پہلے جبکہ ٹی ٹوئنٹی کی درجہ بندی میں تیسرے نمبر پر موجود ہیں۔

بابر اعظم نمبر ون بلے باز
PCB

پاکستان اور زمبابوے کے درمیان 3 ٹی ٹوئنٹی میچز کی سیریز کا آغاز بدھ سے ہرارے میں ہورہا ہے۔ پاکستان اور زمبابوے کے درمیان کھیلے گئے اب تک تمام 14 ٹی ٹوئنٹی میچز میں فتح پاکستان کے نام رہی ہے۔

ٹی ٹوئنٹی کی عالمی درجہ بندی میں پاکستانی کرکٹ ٹیم 262 پوائنٹس کے ساتھ چوتھے نمبر پر موجود ہے۔ انگلینڈ کی کرکٹ ٹیم اس فہرست میں 272 پوائنٹس کے ساتھ پہلے نمبر پر ہے۔ انڈیا 267 پوائنٹس کے ساتھ دوسرے نمبر پر اور 267 پوائنٹس کے ساتھ آسٹریلیا تیسرے نمبر موجود ہے۔

اس سے قبل پاکستان نے 2018 میں زمبابوے کا دورہ کیا تھا اور یہی آخری ٹی ٹوئنٹی میچ تھا جو ہرارے میں منعقد ہوا تھا۔ پاکستان، زمبابوے اور آسٹریلیا کی ٹیموں کے درمیان سہ فریقی ٹورنامنٹ کے فائنل میں پاکستان نے آسٹریلیا کو شکست دی تھی۔

متعلقہ تحاریر