انڈین کرکٹ ٹیم کی کرونا کے خلاف عطیے میں عدم دلچسپی

پیٹ کمنس نے انڈیا کے اسپتالوں کے لیے 50 ہزار ڈالر کی رقم عطیہ کرنےکا کہا ہے۔

انڈیا میں کرونا کی وباء کی صورت حال کے پیش نظر آسڑیلین کرکٹ ٹیم کے فاسٹ بالر پیٹ کمنس نے انڈیا کے اسپتالوں میں آکسیجن کی فراہمی میں مدد کے لیے پرائم منسٹر کیئرس فنڈ میں عطیہ جمع کروانے کا اعلان کیا ہے۔ جبکہ انڈین کرکٹ ٹیم کے کھلاڑیوں نے اب تک انڈیا میں کرونا کے بڑھتے ہوئے کیسز کے خلاف اب تک کوئی عطیہ نہیں کیا ہے۔ 

پیٹ کمنس انڈین پریمیر لیگ (آئی پی ایل) 2021 میں کولکتہ نائٹ رائیڈرز کا حصہ ہیں۔ انڈیا میں اکسیجن  کی کمی کے پیش نظر پیٹ کمنس نے انڈیا کے اسپتالوں کے لیے 50 ہزار ڈالر کی رقم عطیہ کرنےکا وعدہ کیا ہے۔

یہ بھی پڑھیے

انڈیا کے مسلمان شہری ہندوؤں کی مدد کے لیے سب سے آگے

پیٹ کمنس نے سوشل میڈیا پر انڈیا میں بڑھتے ہوئے کرونا کی وباء کے کیسز پر تشویش کا اظہار کیا ہے۔ انہوں نے اپنے آئی پی ایل کے ساتھیوں کو بھی انڈیا کی مدد کرنے کی درخواست کی ہے۔

ان کا کہنا ہے کہ انڈیا میں اس بات پر کافی حد تک بحث ہوئی ہے کہ انڈیا میں کرونا کی وباء کے کیسز کی شرح زیادہ ہے تو کیا ان حالات میں آئ پی ایل جاری رہنا مناسب ہے؟ میرا خیال ہے کہ جب عوام لاک ڈاؤن میں ہے اور انڈیا اتنے مشکل وقت سے گزر رہا ہے اس میں آئی پی ایل لوگوں کو دن میں چند گھنٹے خوشی اور وقتی سکون فراہم کرسکتا ہے۔

پیٹ کمنس  کا کہنا ہے کہ ’بطور کھلاڑی ہمیں ایک  ایسا پلیٹ فارم ملا ہے جس کا ہم اچھے سے استعمال کرکے لاکھوں لوگوں تک رسائی حاصل کر سکتے ہیں۔ انڈیا کے حالات کو دیکھتے ہوئے میں نے انڈیا کے ہسپتالوں کے لیے آکسیجن کا سامان خریدنے کے لیے پی ایم کیئرس فنڈ میں 50 ہزار ڈالر کی رقم جمع کروائی ہے۔‘

پیٹ کمنس کی اس پوسٹ پر سوشل میڈیا کے صارفین نے انڈیا کی مدد پر ان کی تعریف کی ہے۔

انڈیا میں کرونا کی وباء کے بڑھتے ہوئے کیسز کے باوجود انڈین کرکٹ ٹیم کا کوئی بھی کھلاڑی اپنے ملک کی مدد کے لیے اب تک سامنے نہیں آیا ہے۔ جبکہ انڈین کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان سچن تندولکر اور سابق کھلاڑی عرفان پٹھان بھی کرونا کی وباء کا شکار ہو چکے ہیں۔

متعلقہ تحاریر