فواد عالم 4 ففٹیز کو سنچریز میں بدلنے والے پہلے ایشیائی بلے باز

55 سالوں میں فواد عالم وہ ‏واحد بلے باز ہیں جنہوں نے ٹیسٹ کیریئر کی ابتدائی 4 ففٹیز کو سنچریز میں بدلا ہے۔

پاکستانی کرکٹ ٹیم کے مایہ ناز بلے باز فواد عالم ٹیسٹ کیریئر میں ابتدائی 4 نصف ‏سنچریز کو سنچریز میں بدلنے والے پہلے ایشیائی اور چھٹے عالمی بلے باز بن گئے ہیں۔

زمبابوے کے شہر ہرارے میں کھیلے جارہے ٹیسٹ میچ میں فواد عالم نے زمبابوے کے خلاف سنچری اسکور کی ہے جو ان کے کیریئر کی چوتھی ‏سنچری ہے۔ زمبابوے کے خلاف سنچری بنانے کے ساتھ ہی فواد عالم نے کئی ریکارڈز بھی اپنے نام کر لیے ہیں۔ 55 سال کے عرصے میں فواد عالم وہ ‏واحد ایشیائی بلے باز ہیں جنہوں نے ٹیسٹ کیریئر کی ابتدائی 4 ففٹیز کو سنچریز میں بدلا ہے۔

یہ بھی پڑھیے

شاہین شاہ آفریدی نے وسیم اکرم کا ریکارڈ برابر کر دیا

رواں برس فواد عالم کی یہ دوسری سنچری ہے جبکہ گذشتہ 5 ٹیسٹ میچز میں انہوں نے ‏‏3 بار 100 کا ہندسہ عبور کیا ہے۔

پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے مطابق دنیائے کرکٹ میں اس سے قبل 6 کھلاڑی یہ کارنامہ سرانجام دے چکے ہیں تاہم فواد پہلے پاکستانی اور پہلے ایشیائی بلے باز ہیں جنہوں نے یہ کارنام سرانجام دیا ہے۔

کھیلوں کے معروف تجزیہ کار عبدالماجد بھٹی نے سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر فواد عالم کو ان کی چوتھی سنچری پر خراج تحسین پیش کرتے ہوئے شاباش دی ہے۔

کھیلوں کے ایک اور نامہ نگار مرزا اقبال بیگ نے سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر فواد عالم کو ٹیگ کرتے ہوئے لکھا ہے کہ جیسے آپ ٹی وی سیریل خودکش محبتمیں ہیرو دکھائی دے رہے ہیں ویسے ہی ساڑھے 10 سال کے وقفے کے بعد کرکٹ میں بھی آپ کی واپسی ایک ہیرو جیسی ہے۔

کھیلوں کے معروف صحافی ڈاکٹر نعمان نیاز نے فواد عالم کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے لکھا ہے کہ میں طارق عالم، رفعت عالم، منصور اختر اور وحید مرزا کی جانب سے فواد عالم سے معذرت کرتا ہوں جن کی وجہ سے ان کے 11 سال ضائع ہوئے ہیں۔ ہمارے لیے یہ شرمندگی کا باعث ہے کہ ایک جرم ہمارے سامنے ہورہا ہو اور ہم ایک طرف کھڑے ہوجائیں۔

فواد عالم نے اپنے ڈیبیو ٹیسٹ میچ میں سری لنکا کے خلاف سنچری اسکور کی تھی لیکن اس کے بعد انہیں ٹیم سے ڈراپ کردیا گیا تھا۔ اب 10 سال کے بعد انہیں پاکستانی کرکٹ ٹیم کے لیے دوبارہ منتخب کیا گیا ہے۔ فواد عالم اب تک سری لنکا، نیوزی لینڈ، جنوبی افریقہ اور زمبابوے کے خلاف ٹیسٹ سنچری اسکور کرچکے ہیں۔

متعلقہ تحاریر