کیا اعظم خان پرچی ہیں؟

اسپورٹس جرنلسٹ یحییٰ حسینی کا کہنا ہے کہ وہ اعظم خان کی ٹیم میں شمولیت پر حیران ہیں۔

اعظم خان کو قومی کرکٹ ٹیم کے ٹی ٹوئنٹی اسکواڈ میں شامل کرنے پر ملک کے معروف اسپورٹس جرنلسٹس دو دھڑوں میں تقسیم ہوگئے۔ یحییٰ حسینی اعظم خان کی سلیکشن کے خلاف اور عالیہ رشید اعظم خان کے حق میں نکل آئیں۔

قومی کرکٹ ٹیم کے سابق کھلاڑی معین خان کے صاحبزادے اعظم خان کو دورۂ انگلینڈ اور ویسٹ انڈیز کے ٹی ٹوئنٹی اسکواڈ میں شامل کرنے پر سوالات اٹھنے لگے ہیں۔ ملک کے معروف اسپورٹس جرنلسٹ کی رائے میں اس حوالے سے تضاد پایا جاتا ہے۔

اعظم خان نے اپریل میں سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر پیغام میں لکھا تھا کہ وہ قومی کرکٹ ٹیم کا حصہ بننے کے لیے بے چین ہیں اور اپنی فٹنس پر کام کررہے ہیں۔ معروف اسپورٹس جرنلسٹ یحییٰ حسینی نے گزشتہ روز ٹوئٹر پر اعظم خان کی اس پرانی ٹوئٹ کو شیئر کرتے ہوئے لکھا کہ وہ پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے چیف سلیکٹر محمد وسیم کے فیصلے پر حیران ہیں۔ انہوں نے کس پرفارمنس کی بنیاد پر اعظم خان کو ٹیم کے لیے منتخب کیا؟

یہ بھی پڑھیے

ٹوکیو اولمپکس کے ہزاروں رضاکار دستبردار

دوسری طرف معروف اسپورٹس جرنلسٹ اور تجزیہ کار عالیہ رشید نے اپنی ٹوئٹ میں اعظم خان کی ٹیم میں شمولیت پر حوصلہ افزائی کی۔

اسپورٹس جرنلسٹ سہیل عمران نے ٹوئٹ کیا کہ نوجوان کرکٹر خواہ کسی کا بھی رشتہ دار ہو اسے تنقید کا نشانہ نہیں بنانا چاہیے۔ اگر وہ ٹیلنٹڈ ہے تو ثابت کرے، یہ اصول سب کے لیے یکساں ہونا چاہیے۔ اس میں نوجوان کرکٹر کا کوئی قصور نہیں کہ وہ نقصان اٹھائے۔ اس ٹوئٹ کے جواب میں عالیہ رشید نے لکھا کہ اس میں کسی رشتہ دار کا بھی قصور نہیں اگر اس کا بھانجا یا بھتیجا ٹیلنٹڈ نکل آئے۔

اعظم خان نے پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے حالیہ میچز میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی نمائندگی کرتے ہوئے میچ وننگ پرفارمنس دی تھی۔

واضح رہے کہ قومی کرکٹ ٹیم انگلینڈ میں 3 ون ڈے اور 3 ٹی ٹوئنٹی میچز کھیلے گی۔ پہلا ون ڈے انٹرنیشنل 8 جولائی کو کھیلا جائے گا۔ ویسٹ انڈیز میں پاکستان کی کرکٹ ٹیم 5 ٹی ٹوئنٹی اور 2 ٹیسٹ میچز کھیلے گی۔ دونوں ٹیمز کے درمیان سیریز کا پہلا ٹی ٹوئنٹی 27 جولائی کو شیڈول ہے۔

متعلقہ تحاریر